رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو عام کرنے کا طریقہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو عام کرنے کا طریقہ
الحمد للہ رب العالمین ہم مسلمانوں کی خوش نصیبی کہ اللہ رب العزت نے ہمیں اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی بنایا اور ہمیں میلاد مصطفی صلی الله علیہ وسلم کرنے والے خوش نصیب لوگوں میں چنا کہ جس کے فضائل کثیرہ کا بیان کرتے ہوئے علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جہاں آقا علیہ السلام کا ذکر کیا جاتا ہے ملائکہ اس جگہ کو اپنے پروں سے ڈھانپ لیتے ہیں اللہ رب العزت ان پر اپنی رحمت کو عام فرما دیتا ہے جس گھر میں میلاد پڑھا جائے اللہ رب العزت اس گھر کو قحط وباء نظر بد و چوروں سے محفوظ فرمادیتا ہے
مگر یاد رکھیں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے بہت سے طریقے رائج ہیں مگر ان میں فی زمانہ مشہور طریقہ محفل میلاد کا انعقاد کرنا ہے
جس جس کو اللہ رب العزت نے اپنی بے بہا نعمتوں سے نوازا ہے ان مخیر حضرات کی بارگاہ میں ایک مخلصانہ گزارش ہے کہ آپ محفل میلاد کے اختتام پر ایک اسٹال لگائیں اگر ممکن ہو تو فی سبیل اللہ وگرنہ کم قیمت میں کتب سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم و دیگر کتب فروخت کریں تاکہ وہ لوگ جو سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے نا آشنا ہے وہ سیرت مصطفی صلی الله علیہ وسلم کا پڑھیں اور آپ علیہ السلام کے اسوہ حسنہ کو اپنی زندگی میں عملی جامہ پہنائیں
ہو سکے تو شادی بیاہ عقیقہ و دیگر تقریبات میں بھی ایک اسٹال کتب کا ضرور لگائیں تاکہ وہ لوگ جو مہنگی کتب نہیں خرید سکتے آپ ان کو مفت یا کم قیمت میں فروخت کریں ان شاء اللہ عزوجل اس سے مسلک اہلسنت کا سربلند ہوگا اور عوام اہلسنت اور انکی نسلوں میں سیرت رسول عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا
اسی طرح مخیر حضرات سے یہ بھی گزارش ہے کہ جو طلباء کرام مطالعہ کا شوق رکھتے ہیں مگر کتب خریدنے کے اہل نہیں تو آپ انکے ساتھ تعاون فرمائیں انہیں کتب لے کر دیں
اسی طرح اپنے مرحومین کے ایصال ثواب کی نیت سے کتب سیرت و دیگر کتب اہلسنت کو تقسیم کریں
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ ہمیں دین متین کی نشر و اشاعت کی توفیق عطا فرمائے
🖋️دانیال رضا مدنی