یہ ایک خالص اسلامی بلاگ ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر مختلف اسلامی موضوعات پر وقتاً فوقتاً مواد شائع کیا جاتا ہے۔ اس بلاگ ویب سائٹ کا واحد مقصد اس پُر فتن دور میں دین کی صحیح معلومات کو پھیلانا اور اسلامی شعار کو محفوظ رکھنا ہے نوٹ: ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے مضامین میں حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے ویب سائٹ اس بارے میں ذمہ دار نہیں۔ شُکریہ

تلاشِ موضوع

اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ اور خود داری




*اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ اور خود داری!*


حضرت مولانا سَیّد ایّوب علی صاحب رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کا بیان ہے: ایک صاحب نے (اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کی بارگاہ میں) بدایونی پیڑوں (یعنی مٹھائی) کی ہانڈی پیش کی، آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے ( ان سے ) فرمایا: کیسے تکلیف فرمائی؟ انہوں نے کہا: سلام کرنے کے لیے حاضر ہوا ہوں، اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ سلام کا جواب دے کر کچھ دیر خاموش رہے اور پھر پوچھا: کوئی کام ہے؟ انہوں نے عرض کی کچھ نہیں، حضور! صِرْف مزاج پوچھنے کے لیے آیا تھا۔ارشاد فرمایا: عنایت و نوازش۔اور کافی دیر خاموش رہنے کے بعد پھر آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے مخاطب ہو کر فرمایا، کچھ فرمائیے گا؟ انہوں نے پھر نَفی میں جواب دیا۔ اس کے بعد  اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے  وہ شیرینی مکان میں بھجوادی۔ اب وہ صاحب تھوڑی دیر بعد ایک تعویذ کی درخواست کرتے ہیں۔ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے ارشاد فرمایا: میں نے تو آپ سے 3 بار پوچھا تھا مگر آپ نے کچھ نہیں بتایا، اچھا تشریف رکھئے اور اپنے بھانجے علی احمد خان صاحب (جو تعویذ دیا کرتے تھے ) کے پاس سے تعویذ منگوا کر ان صاحب کو عطا فرمایا اور ساتھ ہی حاجی کفایتُ اللہ صاحب رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کا اشارہ پاتے ہی مکان سے وہ مٹھائی کی ہانڈی منگوا کر سامنے رکھ دی۔ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے وہ مٹھائی ان الفاظ کے ساتھ واپس فرما دی کہ اس ہانڈی کو ساتھ لیتے جائیے، میرے یہاں تعویذ بکتا نہیں ہے انہوں نے بہت کچھ معذرت کی، مگر قبول نہ فرمایا، بالآخر بے چارے اپنی مٹھائی واپس لیتے گئے۔

(📗حیاتِ اعلی حضرت،ص۹۲ملخصاً)

از۔۔۔ *غلام نبی انجم رضا عطاری