یہ ایک خالص اسلامی بلاگ ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر مختلف اسلامی موضوعات پر وقتاً فوقتاً مواد شائع کیا جاتا ہے۔ اس بلاگ ویب سائٹ کا واحد مقصد اس پُر فتن دور میں دین کی صحیح معلومات کو پھیلانا اور اسلامی شعار کو محفوظ رکھنا ہے نوٹ: ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے مضامین میں حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے ویب سائٹ اس بارے میں ذمہ دار نہیں۔ شُکریہ

تلاشِ موضوع

دوستی


"دوستی" 

محرر:عبداللہ ہاشم عطاری مدنی
03313654057

انسان کی فطرت ہے کہ وہ دوسرے انسانوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے، پیار اور محبت کے اس رشتے کو "دوستی" کہتے ہیں۔ کسی بھی انسان کی شخصیت پر دوست کی صحبت کا بہت گہرا اثر ہوتا ہے کیوں کہ ہر صحبت اپنا  اثر رکھتی ہے، چنانچہ حدیث مبارکہ میں ہے:
"اَلْمَرْءُ عَلٰی دِیْنِ خَلِیْلِہٖ فَلْیَنْظُرْاَحَدُکُمْ مَّنْ یُّخَالِلُ یعنی" آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے، لہٰذا تم میں سے ہر ایک کو چاہئے کہ وہ دیکھے کس سے دوستی کررہا ہے۔ (مستدرک ،ج5،ص237،حدیث:7399)
ایک اور حدیث مصطفےٰ ﷺ ہے: اچھے برے ساتھی کی مثال مُشک کے اٹھانے اور بھٹی بھڑکانے ( یعنیآگ بھڑکانے)والے کی طرح ہے، مُشک اٹھانے والا یا تجھے ویسے ہی دے گا یا تُو اس سے کچھ خرید لے گا یا اس سے اچھی خوشبو پائے گا اور بھٹی بھڑکانے والا یا تیرے کپڑے جلادے گا یا تُو اس سے بدبو پائے گا۔(مسلم، ص1084،حدیث 6692)

حدیث کی روشنی میں دوستوں کی اقسام:

فرمانِ مصطفےٰ ﷺ ہے: دوست تین قسم کے ہیں :
٭ ایک وہ دوست جو کہے: تیرا وہ ہے جو تو نے خرچ کیا اور جو تو نے روکا وہ تیرا نہیں، یہ تیرا مال ہے۔
 ٭ ایک وہ دوست جو کہتا ہے: میں تیرے مرنے تک تیرے ساتھ ہوں پھر میں لَوٹ جاؤں گا اور تجھے چھوڑ دوں گا، یہ تیرے اہل وعیال اور خاندان والے ہیں جو تیرے ساتھ زندگی گزارتے ہیں یہاں تک کہ تو اپنی قبر میں پہنچ جاتا ہے اور وہ تجھے چھوڑ جاتے ہیں۔
٭ ایک دوست وہ ہے جو کہے گا: میں تیرے آنے میں بھی تیرے ساتھ ہوں اور جانے میں بھی، وہ تیرا عمل ہے، تَو انسان حسرت سے کہے گا: اللہ کی قسم! (دنیا میں) تُو میرے لئے ان تینوں سے زیادہ آسان تھا۔ (مستدرک،ج1،ص254، حدیث:256)
اچھے دوست کی پہچان:
 اچھا دوست اور ہم نشیں کیسا ہوتا ہے اس کے بارے میں دو فرامینِ مصطفےٰ ﷺملاحظہ کیجئے: 
(1)اچھا ہم نشیں وہ ہے کہ اس کے دیکھنے سے تمہیں خدا یاد آئے اور اس کی گفتگو سے تمہارے عمل میں اضافہ ہو اور اس کا عمل تمہیں آخرت کی یاد دلائے۔جامع صغیر، ص247،حدیث:4063)
(2)اچھا ساتھی وہ ہے کہ جب تو خدا کو یاد کرے وہ تیری مدد کرے اور جب تو بُھولے تو یاد دلا دے۔ (جامع صغیر، ص244،حدیث:3999)