*🌹فکرِ اعلیٰ حضرت اور دعوتِ اسلامی🌹*
*🌹فکرِ اعلیٰ حضرت اور دعوتِ اسلامی🌹*
از۔۔ *المدینہ العلمیہ (دعوت اسلامی)*
مرتب۔۔ *غلام نبی انجم رضا عطاری*
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی،عِلْمِ دین کو پھیلانے اور دِینِ متین کی خدمت کرنے میں اعلیٰ حضرت،امامِ اَہلسنّت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے تحریر کردہ 10 روشن اُصولوں پرعمل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔آئیے! وہ 10 اُصول اور ان کی روشنی میں عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی کی مختصراً دِینی خدمات ملاحظہ کیجئے:
(1) *فرمانِ اعلیٰ حضرت*:ذ عظیمُ الشَّان مدارِس کھولے جائیں جن میں تعلیم کا باقاعدہ سلسلہ ہو۔
اَلْحَمْدُلِلّٰہ اس مقصد کے تحت عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی نے ملک و بیرونِ ملک 602 جامعات المدینہ(للبنین وللبنات) ، 2980 مدارس المدینہ(للبنین وللبنات) اور 53 دارُالمدینہ (للبنین وللبنات) قائم کئے ہیں۔
(یہ تعداد 2019 کی ہے 2020 میں اور اضافہ ہوا ہے)
(2) *فرمانِ اعلیٰ حضرت*: طلبہ کو وظائف ملیں کہ کسی بھی طرح اُن میں شوقِ عِلْمِ دِین پیدا ہو۔
اَلْحَمْدُلِلّٰہ عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی مدارس و جامعات کے رہائشی طلبہ کو بہترین تعلیمی نظام کے ساتھ ساتھ اُنہیں کھانے پینے، رہائش اور مجلس طِبِّی علاج کے تحت مفت میڈیکل کی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے،جبکہ تَخَصُّصْ فِی الْفِقْہ یعنی شرعی مسائل میں مہارت کا کورس اور تَخَصُّصْ فِی الْحدیث یعنی عِلْمِ حدیث میں مہارت کا کورس کرنے والے طلبہ کی خدمت میں ان سہولیات کے علاوہ تعلیمی اخراجات کے لئے مناسب رقم بھی پیش کرتی ہے۔
(3) *فرمانِ اعلیٰ حضرت*: عمدہ کار کردگی پر مُدَرِّسوں (یعنی اساتذۂ کرام) کو بھاری تنخواہیں دی جائیں تاکہ جان توڑ کر کوشش کریں۔
اَلْحَمْدُلِلّٰہ اس اُصول پر عمل کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی جامعات المدینہ اور مدارس المدینہ کے اساتذۂ کرام اور مُعَلِّمَات کو ماہانہ بہترین تنخواہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بونس اور مقررہ چھٹیاں نہ کرنے کی صورت میں ہر چھ مہینے بعد ان چھٹیوں کی رقم بھی پیش کرتی ہے۔صرف یہی نہیں بلکہ ممتاز،بہتر اور مناسب دَرَجہ بندی کے اعتبار سے سالانہ اضافہ بھی کیا جاتا اور طے شدہ مدّت کے حساب سے گریڈ اور تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ مجلس طِبِّی علاج کے تحت اساتذۂ کرام اور مُعَلِّمَات کو فری میڈیکل کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
(4) *فرمانِ اعلیٰ حضرت*: طلبہ کی طبیعتوں کو پَرکھا (آزمایا) جائے،جو جس کام کے زیادہ مُناسب دیکھا جائے،اُسے بہترین وظیفہ(یعنی تعلیمی اخراجات کے لئے رقم)دے کر اُس کام میں لگایا جائے۔یوں اُن میں کچھ مُدرّسین (اساتذۂ کرام)، کچھ مُبَلِّغِیْن (دَرْس و بیان کرنے والے) ،کچھ مُصَنِّفِیْن (کتابیں تحریر کرنے والے) بنائے جائیں پھر تصنیف (کتابیں تحریر کرنے) میں بھی تقسیم کاری ہو، کوئی کسی فن پر کوئی کسی فن پر (مہارت حاصل کرے)۔اور
(5)اُن میں جو تیار ہوتے جائیں تنخواہیں دے کر ملک میں پھیلائے جائیں کہ تحریر، تقریر اور وعظ(دَرْس و بیان)کے ذریعے دین اور مذہب کو پھیلائیں ۔
بیان کردہ اُصول کے تحت اگر طلبہ کو صلاحیت کے اعتبار سے کام میں لگانے کے حوالے سے دیکھیں تو عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت قائم جامعۃ المدینہ سے فارغ ہونے کے بعد اگر کوئی مَدَنی پڑھانے کا اَہل و خواہش مند ہو تو اُسے تدریسی کورس کروایا جاتا اور پھر جامعۃ المدینہ میں اُستاد مقرر کیا جاتا ہے۔مفتی بننے کی صلاحیت و خواہش رکھنے والے مَدَنی کو شرعی مسائل اور اس کے بعد فتویٰ لکھنے کی مشق کروائی جاتی ہے۔ان تمام مراحل میں کامیابی کے بعد دارُالاِفتا اَہلِ سُنّت میں اپنی خدمات فراہم کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔کتابیں لکھنے اور تحقیق کرنے کی اَہلیت رکھنے والے مَدَنی عُلَما کو علمی و تحقیقی شعبہ”المدینۃ العلمیہ“ میں موقع فراہم کیا جاتا ہے۔مَدَنی عُلَما کو انگلش،عَرَبی اور چائنیز وغیرہ زبانیں سکھا کر مختلف ملکوں میں جامعات، مدارِس، مساجد اور دَارُالسُّنَّۃ میں بھیجا جاتا ہے۔الحمد اللہ کثیر تعداد میں مَدَنی عُلَما بیرونِ ملک مختلف خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
(6) *فرمانِ اعلیٰ حضرت*: تصنیف (یعنی کتاب لکھنے) کی قابلیت رکھنے والوں کو نذرانے دے کر اُن سے مذہب کی حمایت اور بدمذہبوں کے رَدّ میں مفید کتب و رسائل تصنیف کرائے (یعنی لکھوائے) جائیں۔اور
(7) تصنیف شُدہ(لکھے گئے) رسائل عمدہ اور خوش خط چھاپ کر ملک میں مُفت شائع کئے جائیں۔
اَلْحَمْدُلِلّٰہ عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے اِن دونوں اُصولوں پر عمل کرتے ہوئے اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَہ کی صورت میں کم وبیش 11 سال سے تحریری کام سر انجام دینے کی سعادت حاصل کر رہی ہے، اس مختصر سے عرصے میں 500 کے قریب کتب و رسائل مکتبۃ المدینہ کے تعاون سے شائع ہوکر منظرِعام پر آچکے ہیں اور 320 سے زائد کتب و رسائل کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا جاچکا ہے جبکہ درجنوں کتابوں کا ترجمہ جاری ہے۔اَلْحَمْدُلِلّٰہ”مجلس تقسیمِ رسائل“کے تحت کثیر عاشقانِ رسول تک مفت کتب و رسائل اور ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“پہنچائے جاتے ہیں، جبکہ کثیر عُلَمائے اَہلِ سُنّت اور دیگر شخصیّات کو ماہانہ بنیاد پر بھی کتب و رسائل تحفے کے طور پر پیش کئے جاتے ہیں۔
(8) *فرمانِ اعلیٰ حضرت*:شہروں شہروں آپ کے سفیر نگران رہیں،جہاں جس قسم کے مُبَلِّغ یا تصنیف (کتاب لکھنے) کی حاجت ہو آپ کو اِطلاع دیں۔آپ دُشمنِ اسلام کے مقابلے میں اپنے عُلَماء،میگزین اور رسالے بھیجتے رہیں۔
اَلْحَمْدُلِلّٰہ! خدمتِ دین اور فروغِ عِلْم دِین کے سلسلے میں اس اُصول پر بھی عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی کافی حد تک عمل پیرا ہے جس کی ایک کڑی دعوتِ اسلامی کے مُلک و بیرونِ مُلک سُنّتوں کی خدمت کے لئے سفر کرنے والے مَدَنی قافلے اور دعوتِ اسلامی کے مُبَلِّغِیْن اور اراکینِ شوریٰ کے وقتاً فوقتاً نیکی کی دعوت کی خاطر دورے بھی ہیں۔اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کی بھی مختلف مجالس قائم کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ مُلک و بیرونِ مُلک پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے بڑے پیمانے پر کتب و رسائل بھی پہنچائے جارہے ہیں۔
(9) *فرمانِ اعلیٰ حضرت*: جو ہم میں(دینی)کام کے قابل موجود ہوں مگر اپنی معاش (رزقِ حلال کمانے) میں مشغول ہیں،وظائف (تنخوا ہیں) مُقَرَّر کرکے اُنہیں معاشی (روزی روٹی کی) فکروں سے آزاد کیا جائے اور جس(دینی) کام میں اُنہیں مہارت ہو وہ کام کروایا جائے۔
اَلْحَمْدُلِلّٰہ! عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ایک شعبہ بنام”مَدَنی کا تقرر“ قائم کیا گیا،اس شعبے کے تحت فکرِ معاش میں مشغول قابل اور باصلاحت مَدَنی عُلَما سے رابطہ کرکے ان کی صلاحیتوں کے اِعتبار سے دعوتِ اسلامی کے کم و بیش 108 شعبہ جات میں سے کسی شعبے میں اچھی تنخواہ پر ان کا تقرر کیا جاتا ہے،صرف 4 سال میں اس شعبے کے تحت2000 سے زائد مَدَنی عُلَما کا مختلف شعبہ جات میں تقرر ہوچکا ہے۔
(10) مذہبی اخبار شائع ہوں اور وقتاً فوقتاً ہر قسم کے حمایتِ مذہب میں مضامین تمام ملک میں بہ قیمت و بِلا قیمت روزانہ یا کم از کم ہفتہ وار پہنچاتے رہیں۔
(فتاویٰ رضویہ ،۲۹/۵۹۹ملخصاً)
اَلْحَمْدُلِلّٰہ دعوتِ اسلامی”مَدَنی چینل“ اور”آئی ٹی“کے ذریعے الیکٹرانک میڈیا جبکہ دیگر کتب و رسائل چھاپنے کے ساتھ ساتھ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کی اِشاعت کی صورت میں پرنٹ میڈیا کے ذریعے فکرِ رضا کو عام کرنے میں مصروف ہے۔
اللہ کریم اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے طفیل عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی کو مزید ترقیاں عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ