خوابوں کی دنیا
*خوابوں کی دنیا*
از قلم مفتی علی اصغر
یکم ربیع الآخر 1442
17نومبر 2020
خوابوں کی دنیا بھی بہت عجیب ہوتی ہے. نظر کیا آتا ہے اور تعبیر کیا ہوتی ہے. کل ایک محب نے پوچھا کہ اس نے اپنے بہت ہی قریبی دوست کو دیکھا کہ اس کا انتقال ہو گیا ہے. کتب دیکھیں تو بہت ساری تعبیرات تھیں میں نے پوچھا کہ جس دوست کا انتقال خواب میں دیکھا ہے وہ بیمار تو نہیں یا جیل میں ہو یا پھر مقدمات ہوں
جواب ملا کہ بہت سخت بیمار ہیں
اس تناظر میں تعبیر یہ تھی کہ وہ شفاء یاب ہوگا.
اب خواب کیا اور تعبیر کیا؟ زمین و آسمان کا فرق
بعض خواب تو ایسے ہوتے ہیں کہ 20 سے 30 الگ الگ قسم کی تعبیرات ہوتی ہیں
یہی علم الرویاء ہے جس میں قیاس کا کوئی عمل دخل نہیں ٹوٹل علم منقولی ہے.
یہ الگ بات ہے کہ خواب کے نام پر نا جانے کیا کیا انداز چل رہے ہیں. حقیقت یہ ہے کہ خواب نامہ پورا ایک جامع علم ہے اس کے اصولوں پر علماء نے مستقل کتب لکھی ہیں پچھلے سال ایک معتبر بزرگ کی ایک کتاب پڑھنے کا اتفاق ہوا جو کہ میں نے شارجہ بک فئیر سے خریدی تھی یہ کتاب اصول تعبییر پر تھی پڑھ کر چودہ طبق روشن ہو گئے مثلا ایک اصول یہ لکھا تھا کہ خواب دیکھنے والے کی زبان میں اس لفظ کو کیا کہا جاتا ہے اس کے مطابق تعییر ہوگی
ہمارے یہاں کوئی تکہ لگانے سے اجتناب بھی کرتا ہو تو تو امام نابلسی اور امام ابن سیرین کی کتب ہی دیکھ لیتا ہوگا لیکن اصولوں سے واقفیت پھر بھی ضروری ہے
سب سے اہم چیز یہ ہے کہ خواب کی درست تعبییر کے لئے ضروری ہے کہ ڈاکٹر کی طرح متعلقہ شخص ہسٹری معلوم کی جائے کہ خواب دیکھنے والا کس پوزیشن میں ہے مرد ہے یا عورت، شادی شدہ ہے یا کنوارہ، عورت اگر ہے تو حاملہ تو نہیں پھر وہ اس وقت کن حالات میں ہے. بہت سارے خواب محض نفسیاتی ہوتے ہیں یعنی ان کی کوئی تعبییر نہیں ہوتی انسان روز و شب جن حالات سے گزر رہا ہوتا ہے وہی نظر آجاتا ہے. پھر خواب دیکھنے کا وقت کیا ہے تعبییر کے لئے سب سے اہم چیز ہے.
یہ سب باتیں معلومات عامہ کے لئے لکھی ہیں یہ نا ہو کہ ان بکس میں خواب بیان ہونا شروع ہو جائیں کہ تعبییر بتا دیں. ایسے کسی بھی میسیج کا جواب نہیں دیا جائے گا.