علماء کے قدر دان
⭐ *علماء کے قدر دان*⭐
🌹 حضرت سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کی والدہ کا جب انتقال ہوا تو آپ رضی اللہ عنہ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور تدفین کے بعد خَچَّر پر سوار ہو کر روانہ ہونے لگے تو سیدنا عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے خچّر کی رسی پکڑ لی اور چلنے لگے،سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا: یہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: ہمیں علماء کا ایسا ادب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔زید بن ثابت رضی اللہ عنہ خچر سے نیچے تشریف لائے اور ابن عباس رضی اللہ عنھما کا ہاتھ چوم کر فرمایا: ہمیں اہل بیت کی ایسی تعظیم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
📍غور کریں! ابن عباس رضی اللہ عنہما خود اہل بیت اطہار میں سے ہیں،عظیم صحابی،بے مثال مجتہد اور کمال کے مفسر قرآن ہیں،لیکن زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کے شاگرد بھی تھے،لہذا اپنے استاد محترم کے ساتھ اس عقیدت کا مظاہرہ فرماتے رہتے تھے۔
🩸 آج عالم اسلام کا عظیم نقصان علامہ خادم حسین رضوی رحمۃ اللہ علیہ کے وصال کی صورت میں ہوا کیونکہ علماء کا اس دنیا سے چلے جانا لوگوں کے لئے عظیم نقصان کا باعث ہے، آج فضا بھی سوگ وار محسوس ہوئی،چہرے افسردہ دکھائی دیے،واٹس ایپ کے اسٹیٹس آنکھوں کو نم کرنے والے تھے۔مگر ایک بات سب کے لئے قابل غور ہے،وہ یہ کہ ہم علمائے اہلسنت کی قدر ان کی حیات میں کتنی کرتے ہیں؟ ان کے فرامین پر کتنا عمل کرتے ہیں؟ ان کی نصیحتوں کو کتنا مانتے ہیں؟ ان کی صحبت کتنی اختیار کرتے ہیں؟ کیا ساری عقیدتیں،محبتیں جانے کے بعد کے لئے ہیں؟ انتقال پر تو بسا اوقات دشمن بھی کہ اٹھتا ہے کہ بڑے اچھے عالم تھے،بہت اچھی بات کرتے تھے۔
📝 پیارے بھائیوں! آج علماء اہلسنت ہمیں اپنے بیانات کے ذریعے جنت کی طرف بلا رہے ہیں،کتابیں لکھ کر ہمارے عقائد و اعمال کی اصلاح کر رہے ہیں،شرعی مسائل بتا کر ہماری عبادات درست کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔مگر ہم ان کی حیات میں ان کی قدر نہیں کرپاتے۔
🤝🏻 آئیے یہ عہد کریں کہ علمائے اہلسنت کی صحبت اختیار کریں گے،ان کی نصیحتوں پر چل کر جنت کا راستہ آسان کریں گے۔
اللہ پاک ہمیں علمائے اہلسنت کا ادب اور ان کی قدر نصیب فرمائے۔تمام علمائے اہلسنت بالخصوص علامہ خادم حسین رضوی رحمۃ اللہ علیہ کے درجات بلند سے بلند تر فرمائے۔
✍🏻 *ابو بنتین محمد فراز عطاری مدنی عفی عنہ*
📲 *+92-321-2094919*