جنابِ حضرتِ ابراھیم علیہ السلام کی بے مثال دعا
جنابِ حضرتِ ابراھیم علیہ السلام کی بے مثال دعا
✍️ غلام نبی انجم رضا عطاری
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے الله کے حضور یہ بھی دعا کی کہ الٰہ العالمین ہماری اولاد میں ایک رسول جو اِن کی جنس اور اِن کی زبان رکھتا ہو یعنی فصاحت و بلاغت اور خیر خواہی میں بے مثال ہو تاکہ ان پر دنیوی اور اخروی نعمتیں اور سعادتیں مکمل ہو سکیں۔ اللہ عزوجل نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا قبول فرماتے ہوئے خاتم الانبیاء و المرسلین حضور سرورِ کائنات صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم کو مبعوث فرمایا اور آپ کو وہ کامل دین عطا فرمایا جو آپ سے پہلے کسی نبی کو عطا نہیں کیا گیا تھا اور آپ کی دعوت روئے زمین پر بسنے والے مختلف الاجناس اور جداگانه زبان و كلام والے لوگوں کیلئے قیامت تک عام فرمادی چاہے اُن کا تعلق کسی بھی شہر ، کسی بھی ملک اور کسی بھی زمانے سے ہو۔
جملہ انبیاء کرام علیہم السّلام کے درمیان آپ کی خصوصیت تھی کہ آپ کو کمالِ شرف عطا ہوا اور جو کتاب و ھدایت آپ پر نازل فرمائی گئی وہ بھی باکمال و لا جواب ، جہاں تشریف لائے وہ جگہ قابل تعظیم ، زبان فصیح و بلیغ ، امت پر کمال شفقت اور رحمت و مہربانی میں بے مثال ، نصب کریم و شریف ، جاۓ پیدائش بھی عظیم اور والدین بھی طیبين و طاہرین ۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام روئے زمین پر کعبة اللہ معظمہ کے بانی ہیں اس لیے آپ آسان کی منازل میں بھی منصب جلیله اور مقام و مرتبہ بلند رکھتے ہیں اور بیت المعمور کے پاس بھی آپ کے عظیم الشان درجات کی دھوم ہے۔ بیت المعمور آسمان والوں کا قبلہ ہے بڑی برکتوں والا اور مقبول و محبوب ہے۔
ہر روز اس میں ستر ہزار ملائکہ عبادت الہی عزوجل کی غرض سے اس میں داخل ہوتے ہیں اور جو فرشتے ایک مرتبہ بیت المعمور میں داخل ہو کر عبادت الٰہی عزوجل کی سعادت سے بہرہ ور ہو گئے قیامت تک دوبارہ انہیں موقع میسر نہیں آۓ گا۔
(مقامِ ابراھیم ، ص 32)
ہوتے کہاں خلیل و بِنا کعبہ و منیٰ
لولاک والے صَاحبی سب تیرے گھر کی ہے