یہ ایک خالص اسلامی بلاگ ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر مختلف اسلامی موضوعات پر وقتاً فوقتاً مواد شائع کیا جاتا ہے۔ اس بلاگ ویب سائٹ کا واحد مقصد اس پُر فتن دور میں دین کی صحیح معلومات کو پھیلانا اور اسلامی شعار کو محفوظ رکھنا ہے نوٹ: ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے مضامین میں حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے ویب سائٹ اس بارے میں ذمہ دار نہیں۔ شُکریہ

تلاشِ موضوع

نَماز کے 33 مکروہاتِ تَنزِیہَہ




نَماز کے 33 مکروہاتِ تَنزِیہَہ

از:غلام نبی انجـــم رضا عطاری



{1} دوسرے کپڑے مُیَسَّر ہونے کے باوُجُود کام کاج کے لباس میں نماز پڑھنا۔ (شَرْحُ الْوِقایَۃ ، ج۱ ص۱۹۸)

مُنہ میں کوئی چیز لئے ہوئے ہونا ۔ اگر اس کی وجہ سے قراءت ہی نہ ہو سکے یا ایسے اَلفاظ نکلیں کہ جو قرآنِ پاک کے نہ ہوں تو نَماز ہی فاسِد ہو جائے گی
(دُرِّمُختار ، رَدُّالْمُحتارج۲ص۴۹۱)
 
{2} سستی سے ننگے سر نماز پڑھنا ( عالمگیری ج 1) 

نماز میں ٹوپی یا عمامہ شریف گر پڑا تو اٹھا لینا افضل ہے جبکہ عملِ کثیر کی حاجت نہ پڑے ورنہ نماز فاسد ہو جائے گی ۔ اور بار بار اٹھانا پڑھے تو چھوڑ دیں اور نہ اٹھانے سے خُشوع و خُضوع مقصود ہو تو نہ اُٹھانا افضل ہے ۔ ( در مختار معه رد المحتار ج 2) اگر کوئی ننگے سر نماز پڑھ رہا ہو یا اس کی ٹوپی گر پڑی ہو تو اس کو دوسرا شخص ٹوپی نہ پہنائے

{3} رُکوع یا سَجدہ میں بِلا ضَرورت تین بار سے کم تسبیح کہنا ( اگر وقت تنگ ہو یا ٹرین چل پڑنے کے خوف سے ہو تو حرج نہیں ) (اگر مقتدی تین تسبیحات نہ کہنے پایا تھا کہ امام نے سر اٹھا لیا تو امام کا ساتھ دے)

 {4} نَماز میں پیشانی سے خاک یا گھاس چُھڑانا ۔ ہاں اگر ان کی وجہ سے نَماز میں دھیان بٹتا ہوتو چُھڑانے میں حَرَج نہیں (عالمگیری ج ۱ ص۱۰۵) 

{5} سجدہ وغیرہ میں اُنگلیاں قبلہ سے پھیر دینا (فتاوی قاضی خان)

{6} مرد کا سجدہ میں ران کو پیٹ سے چپکا دینا (عالمگیری ج 1)

{7} نَماز میں ہاتھ یا سر کے اشارے سے سلام کا جواب دینا ( دُرِّمُختار ج ۲ ص۴۹۷)
زَبان سے جواب دینا مُفسدِ نَماز ہے (عالمگیری،ج۱ص۹۸)

{8} نَماز میں بِلا عُذر چار زانُو یعنی چوکڑی مار کر بیٹھنا (دُرِّمُختار ج۲ص۴۹۸)

{9} انگڑائی لینا اور 

{10} اِرادتاً کھانسنا ، کَھنکارنا اگر طبیعت چاہتی ہو تو حَرَج نہیں (بہارِ شریعت ،حصّہ ۳ ص ۲۰۱) 

{11} سَجدے میں جاتے ہوئے گُھٹنے سے پہلے بِلا عُذر ہاتھ زمین پر رکھنا  (مُنْیَۃُ الْمُصَلِّی ص۳۴۰)

{12} اُٹھتے وقت بِلا عُذر ہاتھ سے قبل گُھٹنے زمین سے اُٹھانا  (اَیضاً) 

{13} رُکوع میں سر کو پیٹھ سے اونچا نیچا کرنا

{14} نَماز میں ثنا ، تعوُّذ ، تَسمِیَہ اور اٰمین زور سے کہنا  (عالمگیری ج ۱ ص۱۰۷)

{15} بِغیر عُذْر دیوار وغیرہ پر ٹیک لگانا (غُنْیہ ص۳۵۳) 

{16} رُکوع میں گُھٹنوں پر اور  {17} سَجدوں میں زمین پر ہاتھ نہ رکھنا (عالمگیری ج۱ ص۱۰۹)

{18} دائیں بائیں جُھومنا ۔
اور تَراوُح یعنی کبھی دائیں پاؤں پر اور کبھی بائیں پاؤں پر زور دینا یہ سنَّت ہے۔ ( فتاوٰی رضویہ مُخَرَّجہ ج ۷ ص ۳۸۹)
 
 اور سَجدے کیلئے جاتے ہوئے سیدھی طرف زور دینا اور اُٹھتے وقت اُلٹی طرف زور دینا مُستَحَب ہے

{19} نَماز میں آنکھیں بند رکھنا ۔ہاں اگر خُشُوع آتا ہو تو آنکھیں بند رکھنا افضل ہے
( رَدُّالْمُحتار ج ۲ ص ۴۹۹ )

{20} جلتی آگ کے سامنے نَماز پڑھنا ۔ شَمْع یا چَراغ سامنے ہو تو حَرَج نہیں (عالمگیری ج۱ص۱۰۸)

{21} ایسی چیز کے سامنے نماز پڑھنا جس سے دھیان بٹے مثلاً زینت اور لہو و لعب وغیرہ ( رد المحتار ج 1)

{22} نماز کے لیے دوڑنا {23} عام راستہ {24} کُوڑا ڈالنے کی جگہ {25} مَزْبَح یعنی جہاں جانور ذَبح کئے جاتے ہوں وہاں {26} اصْطبل یعنی گھوڑے باندھنے کی جگہ {27} غسل خانہ {28} مویشی خانہ خصوصاً جہاں اونٹ باندھے جاتے ہوں {29} استنجاء خانہ کی چھت اور {30} صحرا میں بلا سُترہ کے جبکہ آگے سے لوگوں کے گزرنے کا امِکان ہو ۔ ان جگہوں پر نماز پڑھنا (غنیۃ المستملی ص 339)
 
{31} بغیر عذر ہاتھ سے مکھی مچھر اُڑانا (عالمگیری) 
( نماز میں جُوں یا مچھر ایذا دیتے ہوں تو پکڑ کر مار ڈالنے میں کوئی حرج نہیں جبکہ عمل کثیر سے نہ ہو ) (بہار شریعت)

{32} ہر وہ عملِ قلیل جو نماز کیلئے مفید ہو جائز ہے اور جو مفید نہ ہو وہ مکروہ (عالمگیری)

{33} الٹا کپڑا پہننا یا اوڑھنا۔

ہاف آستین میں نماز پڑھنا؟

آدھی آستین والا کُرتا یا قمیص پہن کر نماز پڑھنا مکروہ تنزیہی ہے جبکہ اس کے پاس دوسرے کپڑے موجود ہوں۔