یہ ایک خالص اسلامی بلاگ ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر مختلف اسلامی موضوعات پر وقتاً فوقتاً مواد شائع کیا جاتا ہے۔ اس بلاگ ویب سائٹ کا واحد مقصد اس پُر فتن دور میں دین کی صحیح معلومات کو پھیلانا اور اسلامی شعار کو محفوظ رکھنا ہے نوٹ: ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے مضامین میں حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے ویب سائٹ اس بارے میں ذمہ دار نہیں۔ شُکریہ

تلاشِ موضوع

مزدوروں سے درود پاک پڑھوانے والے بزرگ




مزدوروں سے درود پاک پڑھوانے والے بزرگ

گزشتہ روز ختم شمائل ترمذی کا سلسلہ ہوا جس میں مفتی اہل سنت مفتی قاسم صاحب زید مجدہ نے بیان کے دوران ایک دلچسپ اور عشق رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے معمور واقعہ سنایا :
🌺ایک بزرگ تھے جو روزانہ شہر کے چوک پر جاتے اور جو لوگ مزدوری کے انتظار میں بیٹھے ہوتے انہیں لے آتے اور انہیں کہتے کہ تمھارے ذمہ جو کام ہے وہ حبیب پروردگار حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات پر درود پاک پڑھنا ہے اور مقررہ وقت کے بعد کہتے کچھ اور پڑھ لیں تمھیں اجرت کچھ زیادہ دوں گا
تو اس درود پاک کی برکت اور آقا نامدار صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ عشق  کی وجہ سے اللہ تعالی نے انہیں یہ صلہ عطا فرمایا کہ بیداری میں سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت سے مشرف ہوتے تھے

🌺امام محمد بن یوسف نبھانی علیہ الرحمہ  اپنی کتاب سعادت الدارین میں  فرماتے ہیں نبی کریم روف رحیم صلی اللہ علیہ وسلم پر کثرت کے ساتھ درودپاک پڑھنے سے آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی خواب میں زیارت ہوتی ہے اور بندہ کا شوق زیادہ بڑھتا ہے تو درود پاک زیادہ پڑھنے لگتا ہے تو پھر رسول اکرم رسول محتشم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیداری میں جاگتی آنکھوں سے زیارت سے شرف یاب ہوتا ہے


🌺سرکارصلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیت

اللہ تعالی اور اسکے فرشتوں کا نبی اکرم رسول محتشم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پاک پڑھنا دائمی اور غیر منقطع ہے اور یہ بلند و بالا رتبہ تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ کسی کو حاصل نہیں
اسی وجہ سے مومنوں کو حکم دیا گیا کہ وہ اللہ تعالی اور اسکے فرشتوں کی پیروی کرتے ہوئے آقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پاک پڑھنے میں مداومت اختیار کریں ۔درود

پاک کے انمول موتی ص 49)

آئیے آج جمعہ مبارک کی بابرکات گھڑیاں ہیں اور اس دن درود پاک پڑھنے کے بہت زیادہ فضائل ہیں تو کچھ فضائل پڑھتے ہیں

1️⃣: دُرُودِ پاک کی کثرت کیجئے

نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا  جمعہ کے دن مجھ پر درودِ پاک کی لکثرت کرو کیونکہ یہ یومِ مَشْہود ہے اس دن فرشتے حاضر  ہوتے ہیں اور جو مجھ پر دُرُودِ پاک پڑھتا ہے اس کے دُرُودِ پاک سے فارغ ہونے سے پہلے اس کا درودِ پاک مجھ تک پہنچ جاتا ہے۔
(ابن ماجہ،ج2،ص291،حدیث:1637)

2️⃣: قُربِ مصطفےٰپانے کا وظیفہ:

شفیع امت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا   جمعہ کے دن مجھ پر درودِ پاک کی کثرت کرو کہ میری اُمّت کا دُرُود ہر جمعہ کو مجھ پرپیش کیا جاتا ہے،ان میں سے جو سب سے زیادہ درودِ پاک پڑھنے والا ہوگا وہ میرے زیادہ قریب ہوگا۔
(سننِ کبریٰ للبیہقی،ج 3،ص353،حدیث: 5995)

3️⃣: سو بار دُرُودپاک پڑھنے والے پر انعام:

  خواجہ بطحاء صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
جو مجھ پر شبِِ جمعہ اور روزِ جمعہ ایک سو مرتبہ دُرُودِ پاک پڑھے اللہ تعالیٰ اُس کی 100 حاجتیں پوری فرمائے گا، 70 آخِرت کی اور 30 دُنیا کی۔
(شعب الایمان،ج3،ص111، حدیث: 3035)

4️⃣:نُور عطا کئے جانے کی بشارت:

امت کے غمخوار آقا صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے  جوشخص بروزِ جمعہ ایک سو بار دُرُود ِ پاک پڑھے، جب وہ قِیامت کے دن آئے گا تو اُس کے ساتھ ایک ایسا نور ہوگا کہ اگر وہ ساری مخلوق میں تقسیم کردیا جائے تو سب کو کفایت کرے۔
(حلیۃ الاولیاء،ج8،ص49)

5️⃣:بخشش و مغفرت والا عمل:

خاتم النبیین و امام المرسلین  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
جو شخص جمعہ کے دن مجھ پر اسّی (80) بار درودِ پاک پڑھےگا اس کے اسّی سال کے گُناہ بخش دیئے جائیں گے۔
(جامع صغیر، ص320، حدیث: 5191)

نیز ایک روایت میں سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے جمعہ کے روز دوسو بار درودِ پاک پڑھنے والے کے لئے دوسو سال کے گناہوں کی بخشش کی بشارت دی ہے
(جمع الجوامع،ج 7،ص199، حدیث:22353)

6️⃣: شفاعت کی خوشخبری:

جو مجھ پر جمعہ کے روز درودِ پاک پڑھے گا میں قِیِامت کے دن اُس کی شفاعت کروں گا
(جمع الجوامع،ج 7،ص199،حدیث:22352)


*تحریر:*
محمد ساجد مدنی
٢٠رجب ١٤٤٢ھ بمطابق ٥مارچ ٢٠٢١ ،جمعہ

📲+923013823742