جمعۃ المبارک کے چند فضائل
❤️ **جمعۃ المبارک کے چند فضائل ** ❤️
از قلم :✒️ابو امجد غلام محمد عطاری مدنی
5/3/2021
03163627911
🌻 **جمعہ غریبوں کا حج ہے* 🌻
سرکارِ نامدارصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمنے ارشاد فرمایا: اَلْجُمُعَۃُ حَجُّ الْمَسَاکِیْن یعنی جُمُعہ مساکین کا حج ہے اور دوسری روایت میں ہے کہ اَلْجُمُعَۃُحَجُّ الْفُقَرَاء یعنی جُمُعہ غریبوں کا حج ہے۔
(کنزالعمال، جز:7 ،ج4،ص290، حدیث: 21027،21028)
حضرتِ علّامہ عبدالرءوف مناوی علیہ رحمۃ اللہ الکافی فرماتے ہیں: جو شخص حج کے لئے جانے سے عاجِز ہو اُس کا جمعہ کے دن مسجد کی طرف جانا حج کی طرح ہے۔
(فیض القدیر،ج3،ص474، تحت الحدیث:3636)
🌻 **ستّر گُنا ثواب**🌻
حکیمُ الْاُمَّت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ اللہ المنان کے فرمان کے مطابق، جُمُعہ کو حج ہو تو اس کا ثواب ستَّر حج کے برابر ہے، جُمُعہ کی ایک نیکی کا ثواب ستّرگنا ہے۔ (چونکہ جمعہ کا شرف بہت زیادہ ہے لہٰذا) جُمُعہ کے روز گناہ کاعذاب بھی ستّرگناہے۔
(مراٰۃالمناجیح،ج2،ص 325،323، 336)
🌻 **جمعہ کے قُبُورِ والدین کی زیارت کی فضیلت** 🌻
سرکارِ نامدار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ مشکبار ہے: جوشخص ہر جُمُعَہ کو اپنے والدین یا ان میں سے ایک کی قبرکی زیارت کرے، اُس کی مغفرت کردی جائے گی اور اُسے ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرنے والا لکھ دیا جائےگا۔
(شعب الایمان،ج6، ص201، حدیث:7901)
یہاں جُمُعَہ سے مرادیا تو جُمُعَہ کا دن ہے یا پورا ہفتہ، بہتر ہے کہ ہر جُمُعَہ کے دن والدین کی قُبُورکی زیارت کیا کرے،اگر وہاں حاضری میسر نہ ہوتوہرجُمُعَہ کوان کے لئےایصالِ ثواب کیا کرے۔
(مراٰۃ المناجیح،ج2،ص526)
اللہ کریم ہمیں جمعۃ المبارک کا ادب کرنے اور ان نیکیوں کو بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ