کمنٹ کرنے کا درست طریقہ
👈 *کمنٹ کرنے کا درست طریقہ* 👉
کیا آپ کو کمنٹ کرنے کا درست طریقہ معلوم ہے؟ اگر نہیں معلوم تو اب سیکھ لیں!!!
آپ کسی تحریر، کسی بات، یا کسی کی پوسٹ کے متن سے متفق نہیں تو یہ آپ کا حق ہے۔ لیکن ضروری نہیں اس شخص کا منہ توڑ دیا جائے. سخت ترین الفاظ میں طنزیہ یا تضحیک آمیز تبصرہ ہی کیا جائے۔ کوشش کریں اکیڈیمک انداز میں اختلاف کا اظہار کر دیں۔ اکیڈیمک انداز کیا ہے؟ یعنی علمی انداز اور اس میں دو چیزیں ہیں:
اوّل: یک لفظی یا دو لفظی سویپنگ ریمارک دینے کی بجائے جس نکتہ سے اختلاف ہے، اس کے مخالف کوئی دلیل یا مثال پیش کی جائے۔
دوئم: تمیزداری، تہذیب، شائستگی۔ نہ کہ اُڑا کر رکھ دینے والا انداز۔
نادرست طریقہ:
غیر متفق۔
بالکل بوگس۔
آپ نے ہمارا وقت برباد کیا۔
کسی اچھے نفسیاتی معالج سے علاج کروائیں۔۔۔
شخص پر ذاتی حملہ
یا اس کے مکتبہ فکر پر حملہ۔
مکتبہ فکر کے لیڈر پر حملہ۔
یا تحریر کے معیار کا تمسخر اڑانا۔۔۔۔ وغیرہ۔
درست طریقہ:
1- میری رائے میں فلاں نکتہ کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ۔۔۔
2- آپ نے اچھا لکھا۔ تاہم، آپ اس موضوع پر مزید ریسرچ کریں تو آپ جان لیں گے کہ یہ موضوع کچھ تشنہ رہ گیا۔ مثلاً ۔۔۔
3- خوب۔ مگر اس ساری صورت حال کو یوں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔۔۔
4- پہلے دو پیراگرافز کے متن سے متفق ہوں۔
5- میں اس ساری صورتحال کو ذرا مختلف دیکھتا ہوں۔۔۔
6- بہت خوب۔ اگر میں اس میں تھوڑا اضافہ کرنے کی جسارت کروں تو یہ کہوں گا کہ۔۔۔
🔘 ایسا کرنے سے آپ دیکھیں گے کہ آپ کی بات کمیونیکیٹ بھی ہوگئی، اختلاف کا اظہار بھی ہو گیا، اور اچھا تعلق بھی استوار رہا۔ آپ کی تمیزداری کچھ عرصہ بعد اس تعلق کو دوستی میں بدل دیا کرتی ہے۔
رہی بات مزاحیہ تبصروں کی، تو بے تکلف دوستوں میں وہ خوب چلا کرتے ہیں, اور دونوں اطراف میں برداشت بھی کئے جاتے ہیں۔ تاہم، اس میں بھی ایک بات نوٹ کر لیں۔ واصف علی واصف مرحوم کا جملہ ہے؛
"بے باکی تعلق بڑھا دیتی ہے۔ جبکہ گستاخی تعلق توڑ دیتی ہے۔"
یعنی اپنے لئے ایک لائن آف کنٹرول ضرور رکھیں تاکہ پچھتاوے نہ ہوں۔
🌹 اگر پوسٹ اچھی لگے تو دوسروں کی بھلائی کے لیے شیئر ضرور کریں۔ شکریہ
منقول