کتابوں📚 کے عاشق
کتابوں📚 کے عاشق
کتابیں وہ دوست ہیں جو کبھی بھی خیانت نہیں کرتیں، کتاب وہ واحد ساتھی بغیر طمع و لالچ کے ساتھ دیتا ہے ،فی زمانہ انحطاط علمی عروج پر ہے، نوجوان نسل کتب بینی سے کوسوں دور چلی گئی
ہمارے اسلاف کو کتابوں سے کتنا پیار تھا
آئیے چند واقعات پڑھتے ہیں
1: امام ابوالفضل عبدالرحمن بن احمد عجلی فرماتے ہیں یہ اوراق (کتابیں) میری اولاد کے برابر ہیں۔
(عشاق الکتاب،ص٥٨)
2: خلیفہ مستنصر باللہ کو کتابیں جمع کرنے کا بہت شوق تھا ،اس نے اتنی کتب جمع کیں کہ ان سے پہلے اور بعد کسی نے جمع نہ کی ہوں گی دور دراز کے ملکوں سے کتب منگواتے یہاں تک کہ اس کے خزانے میں کمی آنے لگی۔
(عشاق الکتاب،ص٦٤)
3: امام ابن جوزی علیہ الرحمہ کے پاس دو گھر تھے ایک میں رہائش پذیر تھے اور دوسرا کرایہ پر دیا ہوا تھا پھر آپ نے دونوں کو بیچ کر کتب خرید لیں۔
4: شیخ احمد بن قاسم حجار نے بازار میں کتاب بکتے دیکھی تو اپنے کپڑے بیچ کر کتاب خرید لی۔
(عشاق الکتاب)
5: حضرت عبداللہ بن مبارک رحمۃ اللہ علیہ کو والد ماجد نے تجارت کے لئے پچاس ہزار دینار دئیے آپ نے علم دین کی تحصیل میں خرچ کر دئیے جب واپس آئے والد نے تجارت کے بارے پوچھا تو آپ نے وہ رجسٹر نکال کر دیکھائے جس میں اپنے علم کو لکھا ہوا تھا اور عرض کی یہ میری تجارت کا سامان ہے آپ کے والد نے آپ کو مزید تیس ہزار دئیے اور فرمایا اس رقم کے ساتھ تیری تجارت مکمل ہوگی اسے بھی خرچ کر ۔
(عشاق الکتاب،ص٩٠)
6: امام ابو بکر محمد بن ابراہیم حنفی علیہ الرحمہ اپنے گھر میں قبلہ رو بیٹھے اردگرد کتب جمع کیے مطالعہ کرتے رہتے تھے اور آپ کو مطالعہ کے علاوہ کسی چیز میں لذت نہیں ملتی تھی۔
(عشاق الکتاب،ص٩٥)
7: حضرت ابو جعفر احمد بن عبداللہ المھدی کثرت سے مطالعہ کرتے تھے آپ کے ہاتھ میں کھانے کے وقت کے علاوہ ہر وقت کتاب رہتی تھی۔
(عشاق الکتاب)
8: حضرت امام مالک بن انس رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ مجھ سے کتابوں کی صندوقیں ضائع ہو گئی ہیں جو مجھے اہل و اموال سے زیادہ عزیز تھیں۔
(عشاق الکتاب،ص٩٧)
9: محمد بن احمد السفارینی کتب جمع کرنے کے حریص تھے اور اکثر فرمایا کرتے کہ میں کتابوں کا فقیر ہوں۔
10: امام ثعلب کو کوئی دعوت پر بلاتا تو آپ اس شرط پر جاتےتھے اتنا جگہ دیں گے کہ کتابیں ساتھ رکھ سکوں۔
(عشاق الکتاب)
کتابوں کے مطالعے پر ابھارنے والی چند بہترین کتب:
1: عشاق الکتب(عربی)
عبدالرحمن یوسف الفرحان
2: صفحات من صبر العلماء(عربی)
شیخ عبد الفتاح ابو غدہ
3: وقت ہزار نعمت (اردو)
مولانامحمدافروز چریا کوٹی
تحریر:
محمد ساجد مدنی
21.9.2021ء