ترقی اور مقصد میں کامیابی کیسے حاصل ہو۔abdullah madni 1991
( %*ترقی اور مقصد میں کامیابی کیسے حاصل ہو*% )
آنسوؤں آہیں اور نالہ وشیوں، تقدیر کو بدلا نہیں کرتے ۔
تقدیر کو بدلنے کےلیے عزم محکم جہد مسلسل کے ساتھ ساتھ اپنے مقصد کی حقانیت پر پختہ یقین ہونا ضروری ہے جو قومیں ان صفات سے محروم ہوتی ہیں وہ ترقی بھی نہیں کر پاتیں ،ان کے سامنے ان کے گھر لوٹ لیے جاتے ہیں ،ان کے بچوں کو ان کی آنکھوں کے سامنے ذبح کر دیا جاتا ہے ،ان کی عزت و آبرو خاک میں ملا دی جاتی ہے ۔اور وہ اپنی اس تباہی کو وسائل و اسباب اور دفاعی آلات ہونے کے باوجود بے بسی اور تماشائیوں کی طرح دیکھنے اور دیکھتے رہنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔
عین اس وقت جب انہیں اپنی زندگی کا ثبوت دینا ہوتا ہے تو اس وقت انکے ذہن ماؤف اور دل افسردہ اور حوصلے پست ہوئے پڑے ہوتے ہیں اور دیکھنے والا یہ کہنے پر مجبور ہوتا ہے
*وہ نادان گر گئے سجدے میں جب وقت قیام آیا* ۔
پھر وہ اپنے گراں بہا متاع کے دفاع کے لیے تلورا و اسلحہ اٹھا نہیں سکتے اگر اٹھا لیں تو ان کا وار کارگر نہیں ہوتا ۔
کسی قوم کا مقدر اسی وقت بیدار ہوتا ہے جب ان کی صفوں میں اتحاد ہو اور انکے اذہان میں یکسانیت ہو ۔اور یہ اتحاد و یکسانیت لمبی لمبی تقریروں سے نہیں بلکہ قومی زندگی کے واضح نصب العین اور اس نصب العین کے ساتھ واضح عقیدت کا پایا ضروری ہے
قرآن پاک ہمارے لیے واضح نصب العین ہے مگر ضرورت اس کے بتائے ہوئے طریقے اور احکامات سے واضح محبت کرنے کی ہے اس نصب العین سے محبت کے لیے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دہن مبارک سے نکلی ہوئی احادیث مبارکہ کو ماننا ضروری ہے ،
لہذا اپنی تقدیر کو بدلنے ، ترقی اور مقصد کے حصول کے لیے کے لیے عزم محکم ،جہد مسلسل، مقصد کی حقانیت پر یقین اور اتحاد و یکسانیت جیسی صفات کو پیدا کرنےکے ساتھ ساتھ قرآن اور احادیث مبارکہ کو تھام لیجئے ان کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی بسر کیجئے ضرور ترقی بھی ملے گی اور دنیا و آخرت کی کامیابی و کامرانی بھی نصیب ہوگی ۔