یہ ایک خالص اسلامی بلاگ ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر مختلف اسلامی موضوعات پر وقتاً فوقتاً مواد شائع کیا جاتا ہے۔ اس بلاگ ویب سائٹ کا واحد مقصد اس پُر فتن دور میں دین کی صحیح معلومات کو پھیلانا اور اسلامی شعار کو محفوظ رکھنا ہے نوٹ: ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے مضامین میں حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے ویب سائٹ اس بارے میں ذمہ دار نہیں۔ شُکریہ

تلاشِ موضوع

روزے کے مسائل اور ان کا حل



*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل🌹*

سوال نمبر 1 تا 180


*سوال1:*
کیا قے (الٹی) سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
قے (الٹی) کی صرف دو صورتیں ایسی ہیں، جن میں روزہ ٹوٹ جاتا ہے باقی تمام صورتوں میں روزہ نہیں ٹوٹتا۔
قے کی جن صورتوں میں روزہ ٹوٹ جاتا ہے وہ یہ ہیں :
1- روزہ یاد ہونے کے باوجود جان بوجھ کر قے کی مثلاً انگلی وغیرہ حلق میں ڈال کر قے کی اور وہ قے منہ بهر ہوئی تو روزہ ٹوٹ جائےگا بشرطیکہ قے کھانے، پانی یا بہتے خون وغیرہ کی ہو۔
2- بغیر اختیار کے منہ بھر قے آئی اور ایک چنے یا اس سے زیادہ مقدار میں واپس حلق سے نیچے واپس لوٹا دی تو روزہ ٹوٹ جائے گا. 
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 450، 451، 452، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*فائدہ :* 
جس قَے کو بغیر تَکَلُّف کے نہ روکا جا سکے اُسے "مُنہ بھَر قَے" کہتے ہیں. 
*(فتاوی عالمگیری، جلد 1، صفحہ 11، دارالفکر بیروت)*
*سوال2:*
کیا روزے میں احتلام ہوجانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
 روزے میں احتلام ہوجانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال3:*
اگر روزے کی حالت میں فرض غسل کرنا ہو تو کیا کلی کرنا اور ناک میں پانی چڑھانا منع ہے ؟ 
*جواب :*
روزہ شروع ہونے سے پہلے غسل فرض ہو یا روزہ میں احتلام ہو جانے کی وجہ سے غسل فرض ہو تو روزہ کی حالت میں غسل کے تمام فرائض ادا کیے جائیں گے. 
غسل میں کلی کرنا اور ناک میں نرم حصہ تک پانی پہنچانا اور تمام ظاہری بدن پر ایک مرتبہ پانی بہانا فرض ہے، ان فرائض کے بغیر نہ غسل اترے گا اور نہ نمازیں ہوں گی.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الطھارۃ، جلد 1، صفحہ 311، 312، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ وغیرہ)*
*سوال4:*
روزے میں فرض غسل کرنا ہو تو کیا غرغرہ کرسکتے ہیں ؟
*جواب:*
 روزہ ہو تو غرغرہ نہیں کریں گے اور عام دنوں میں بهی غرغرہ غسل کا فرض یا کلی کا حصہ نہیں بلکہ ایک جداگانہ سنت ہے وہ بهی اس وقت سنت ہے جب روزہ نہ ہو، کیونکہ روزے کی حالت میں غرغرہ مکروہ ہے. 
*(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح، جلد 1، صفحہ 152، المکتبۃ الغوثیہ، الجوھرۃ النیرۃ شرح مختصر القدوری، جلد 1، صفحہ 30، مکتبہ رحمانیہ، نماز کے احکام، صفحہ 102، مکتبۃ المدینہ کراچی )*
*سوال5:*
کیا روزے کی حالت میں مسواک کرسکتے ہیں ؟
*جواب :*
روزے کی حالت میں دن کے کسی بھی وقت مسواک کر سکتے ہے اور اس سے اور دنوں کی طرح سنت کا ثواب بھی حاصل ہو گا البتہ اگر مسواک چبانے سے اس کے ریشے چھوٹتے ہوں یا مزہ محسوس ہو تو ایسی مسواک روزے کی حالت میں نہیں کرنی چاہیے. 
*(البحرالرائق، کتاب الصوم، باب مایفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 2، صفحہ 411، مطبوعہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 511، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 6:*
کیا روزے کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ اور منجن کرسکتے ہیں ؟
*جواب:* 
روزے کی حالت میں ضرورتِ صحیحہ کے بغیر ٹوٹھ پیسٹ اور منجن وغیرہ کرنا مکروہِ تنزیہی ہے اور اگر اس کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ہی ٹوٹ جائے گا، اس لیے روزے کی حالت میں ان کو استعمال کرنے سے بچنا چاہیے۔
*(ماخوذ از فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 551، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال7:*
روزے کی حالت میں تیل لگانا اور زیرِ موئے ناف بنانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں تیل لگانا اور موئے زیر ناف بنانا جائز ہے, ان سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ وغیرہ)*
*سوال8:*
کیا سرمہ لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب :*
سرمہ لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 9:*
کیا روزے کی حالت میں سرمے کی طرح کاجل بھی لگا سکتے ہیں ؟ 
*جواب:*
جی نہیں! 
کاجل کا حکم سرمہ والا نہیں لہذا روزے کی حالت میں کاجل نہیں لگا سکتے.
*(دارالافتاء اہلسنت، دعوتِ اسلامی)*
*سوال 10:*
کیا روزے کے لئے سحری شرط ہے ؟
*جواب:*
روزے کے لئے سحری شرط نہیں ہے، سحری کے بغیر بھی روزہ ہوسکتا ہے مگر جان بوجھ کر سحری نہ کرنا اپنے آپ کو عظیم سنت سے محروم کرنا ہے۔
لہذا اگر سحری نہ کی اور رات میں روزے کی نیت کرلی تھی یا پهر زوال سے پہلے پہلے نیت کرلی تو روزہ ہوجائے گا لیکن سحری کا وقت ختم ہونے کے بعد اور زوال سے پہلے نیت اُس وقت کرسکتے ہیں جب دو چیزیں پائی جائیں : 
1- پہلی چیز یہ کہ روزہ بند ہونے کے بعد سے کوئی منافی روزہ کام مثلا کهانا پینا وغیرہ نہ کیا ہو. 
2- دوسری چیز یہ کہ یوں نیت کرے کہ میں روزہ بند ہونے کے وقت سے روزے سے ہوں۔
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 393، 394، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ :*
سحری میں خوب ڈٹ کر کھانا ہی ضروری نہیں، چند کھجوریں اور پانی ہی اگر بہ نیتِ سحری استعمال کرلیں جب بھی کافی ہے (یعنی سحری ہوجائے گی۔)
*(فیضان رمضان مُرَمَّم، صفحہ 108، مکتبۃ المدینہ کراچی)*

*سوال11:*
کیا خون نکلنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب :*
روزہ کسی چیز کے مَنْفَذْ (واضح سوراخ) کے ذریعے معدے کے راستہ میں یا دماغ میں جانے سے ٹوٹتا ہے، جسم سے کوئی چیز باہر آنے پر نہیں ٹوٹتا، لہٰذا خون زخمی ہونے پر نکلے یا پھر ٹیسٹ کروانے کے لئے نکلوایا جائے یا کسی کو دینے کے لیے نکلوایا جائے، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا. 
چنانچہ حدیث مبارکہ میں ہے : 
*"انما الافطار مما دخل و لیس مما خرج"*
یعنی روزہ تو صرف اس چیز سے ٹوٹتا ہے جو اندر جائے، جو چیز باہر نکلے اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(مسندِ ابو یعلی، مسندِ عائشہ، جلد 8، صفحہ 75، دارالمامون للتراث دمشق، فتاویٰ عالمگیری، جلد 1، صفحہ 199، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ :*
اگر بلڈ بنک کو خون کا عطیہ کرنے کے لئے خون دینا ہو اور خون دینے سے اتنا کمزور ہونے کا اندیشہ ہے کہ روزہ پورا نہ کر سکے گا تو خون دینا مکروہ ہے، اسی طرح اگر مریض کی جان بچانے کیلئے خون دے اور یہی اندیشہ ہو اور کوئی دوسرا غیر روزہ دار خون دینے کے لئے موجود ہو تو تب بھی روزے کی حالت میں اس کا خون دینا مکروہ ہے، البتہ اگر کوئی اور خون دینے والا موجود نہ ہو تو پھر جان بچانے کیلئے خون دینا بغیر کسی کراہت کے جائز ہے چاہیے مذکورہ کمزوری کا خدشہ ہی کیوں نا ہو۔
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 445، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فیضانِ فرض علوم، جلد 2، صفحہ 112، مکتبہ امام اہلسنت)*
*سوال 12:*
کیا انجیکشن اور ڈرپ لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
قوی اور مضبوط دلائل کی روشنی میں انجکشن اور ڈرپ لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، لہٰذا ضرورت ہو تو انجیکشن یا ڈرپ لگوا سکتے ہیں۔ 
*(فتاوی نوریہ، جلد 2، صفحہ 217 تا 235، دارالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیرپور اوکاڑہ، فتاویٰ شارح بخاری، جلد 1، صفحہ 41، 42، مکتبہ برکات المدینہ کراچی، فتاوی فیض رسول، جلد 1، صفحہ 516 ،517، 518، شبیر برادرز لاہور، فتاوی یورپ، صفحہ 305، 306، 307، 308، شبیر برادرز لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 362، 363، شبیر برادرز لاہور، فتاویٰ فقیہ ملت، جلد 1، صفحہ 344، 345، شبیر برادرز لاہور، فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف صفحہ 10، 11، 12، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ جلد 1، صفحہ 341، 342، 343، 344، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان وغیرہ)*
*سوال 13:*
کیا اذانِ فجر تک سحری کر سکتے ہیں ؟
*جواب:*
جب سحری کا وقت ختم ہو جاتا ہے تو اذانِ فجر اور نمازِ فجر کا وقت شروع ہوجاتا ہے، لہٰذا جو سحری بند ہونے کے باوجود اذان ختم ہونے تک سحری کرتے رہتے ہیں (یعنی کھاتے پیتے رہتے ہیں) تو وہ اپنا روزہ برباد کر دیتے ہیں کیونکہ اس طرح ان کا روزہ ہوتا ہی نہیں اور سارا دن بھوک پیاس کے سوا انہیں کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
*(ماخوذ از فیضانِ رمضان مُرَمَّم، صفحہ 110، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 14:*
کیا تھوک اور بلغم کو نگلنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
تھوک اور بلغم جب تک منہ میں ہوں، ان کو نگلنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ منہ سے باہر مثلاً ہتھیلی پر تھوک کر پھر منہ میں دوبارہ ڈالا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور ایسا عام طور پر کوئی نہیں کرتاـ
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 428، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 15:*
کیا روزے کی حالت میں خوشبو سونگھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
*جواب :*
خوشبو مائع (یعنی لیکوڈ) حالت میں ہو یا ٹھوس حالت میں، اس کو سونگھنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم ،باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 455، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 139، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 16:*
اگربتی کا دھواں منہ یا ناک کے ذریعے اندر گیا تو روزے کا کیا حکم ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کسی جگہ یا کمرے میں اگربتی سُلَگْ رہی ہو اور اس کا دھواں منہ یا ناک کے ذریعے اندر گیا تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا البتہ اگر منہ یا ناک کو اگربتی کے قریب جاکر اس کے دھواں کو کھینچھا اور روزہ بھی یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*نوٹ:* یونہی کسی بھی خوشبو دار یا غیر خوشبو دار دھوئیں کی دھونی اس طرح لی کہ اس کے دھوئیں کو ناک یا منہ سے حلق میں داخل کیا حالانکہ روزہ بھی یاد ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گاـ
*(ردالمحتار علی درمختار کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ،جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 982، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 17:*
کیا روزے کی حالت میں پان، تمباکو اور نسوار منہ میں رکھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں منہ میں پان، تمباکو اور نسوار رکھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے. 
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 492، رضا فاؤنڈیشن لاہور، بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 18:* 
کیا سگریٹ اور حقہ وغیرہ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:* 
سگریٹ اور حقہ وغیرہ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے.
*(بہارِشریعت، جلد 2ل1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 19:*
کیا حقنہ (یعنی پاخانے کے مقام میں دوا داخل کرنے سے) روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:* 
روزہ یاد رہنے کے باوجود حقنہ لینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے.
*(فتاوی عالمگیری، جلد 1، صفحہ 304، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 20:*
کیا مشت زنی (یعنی اپنے ہاتھوں سے منی نکالنے، غسل فرض کرنے) سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر مشت زنی سے انزال ہو جائے (یعنی منی نکل آئے) تو روزہ ٹوٹ جاتا ہے. 
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، بسب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 426، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 21:*
اگر دمے کا مریض سانس کو بحال کرنے کیلئے روزے کی حالت میں انہیلر استعمال کرے تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
انہلیر کے استعمال سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے گیس اور باریک بوندوں کی شکل میں پانی اور دوا کے اجزاء مریض کے پھیپھڑوں تک پہنچتے ہیں. 
*(فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 19، 20، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 22:*
کیا روزے کی حالت میں آکسیجن ماسک لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں آکسیجن ماسک لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس میں باہر سے ایسی مصنوعی آکسیجن کو پیٹ کے اندر داخل کیا جاتا ہے جس سے بچنا ممکن ہے. 
*(فیضان فرض علوم، جلد 2، صفحہ 116، مکتبہ امام اہلسنت)*
*سوال 23:*
روزے کی حالت میں ناک میں سپرے کرنے یا دوا چڑھانے کا کیا حکم ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں ناک میں سپرے کرنے یا دوا چڑھانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے. 
*(بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 989، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ اہلسنت احکام روزہ و اعتکاف، صفحہ 18، 19، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 24:*
کیا کسی کو خون دینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
کسی کی جان بچانے کے لئے خون دینا بلاکراہت جائز ہے اور اس سے روزہ بھی نہیں ٹوٹتا. 
*(فیضان فرض علوم، جلد 2، صفحہ 112، مکتبہ امام اہلسنت)*
*سوال 25:*
کیا غیبت، چغلی، گالی گلوچ دینے اور جھوٹ بولنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
غیبت، چغلی، گالی گلوچ دینے اور جھوٹ بولنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا مگر یہ سب کام گناہ کے ہیں اور ان سے روزے کی نوارانیت ختم ہوجاتی ہے اور ان کی وجہ سے روزے میں کراہت آتی ہے. 
*(بہار شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 984، 996، مکتبۃ المدینہ کراچی وغیرہ)*
*سوال 26:*
اگر دانتوں سے خون نکل آئے تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
دانتوں سے خون نکل آئے تو اس کی تین صورتیں بنتی ہیں :
1- اگر دانتوں سے خون نکل کر حلق سے نیچے اتر جائے اور اس خون کا ذائقہ حلق میں محسوس ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا، خواہ خون تھوک سے زیادہ ہو یا برابر ہو یا کم ہو۔
2- اگر خون حلق سے نیچے نہ اترے تو روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
3- اور اگر خون حلق سے نیچے اتر جائے لیکن خون تھوک سے کم ہو اور اس کا ذائقہ حلق میں محسوس نہ ہو تو اس سے بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 422، 423، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال27:*
کیا حجامہ یعنی پچھنے لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
حجامہ یعنی پچھنے لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال28:*
کیا آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
جی ہاں! روزے کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے. 
*(تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 192، ضیاء القرآن پبلیکیشنز، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 336، 337، 338، 339، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان، دارالافتاء اہلسنت وغیرہ)*
*سوال29:*
کیا کان میں دوا اور تیل وغیرہ ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کان کا پردہ سلامت ہوتو کان میں دوا یا تیل وغیرہ ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا اور اگر کان کا پردہ پھٹا ہوا ہو تو کان میں دوا اور تیل وغیرہ ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے. 
*(تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 194، ضیاء القرآن پبلیکیشنز، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 136، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 339، 340، 341، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان، دارالافتاء اہلسنت وغیرہ)*
*سوال30:*
کیا بیوی کا بوسہ لینے اور گلے لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر بیوی کا بوسہ لینے اور گلے لگانے سے منی خارج ہو جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اگر منی خارج نہ ہو تو روزہ نہیں ٹوٹتا. 
*نوٹ:* اگر کسی کو منی خارج ہونے یا جماع میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو تو اس کے لئے یہ سب روزے کی حالت میں کرنا مکروہ ہے اور اگر اس کا اندیشہ نہ ہو تو بلاکراہت جائز ہے. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 454، 455، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 31:*
اگر غبارہ (کنڈم) چڑھا کر جماع کیا اور انزال نہ ہوا تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر کسی نے غبارہ (یعنی کنڈم) چڑھا کر اگلی یا پچھلی شرمگاہ میں روزہ یاد ہونے کے باوجود جماع کیا تو چاہے انزال ہو یا نہ ہو، بہرصورت روزہ ٹوٹ جائے گا اور قضاء کیساتھ ساتھ کفارہ بھی لازم ہو جائے گا.
*(بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 989، مکتبۃ المدینہ کراچی، روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 36، ناشر طوبیٰ ویلفیر ٹرسٹ انٹرنیشنل)*
*سوال 32:*
اگر شوہر نے روزے کی حالت میں غیر سبیلین (اگلی اور پچھلی شرمگاہ کے علاوہ) میں جماع کیا تو کیا ہے ؟
*جواب:* 
شوہر نے روزے کی حالت میں روزہ یاد ہونے کے باوجود غیر سبیلین میں جماع کیا مثلاً ران یا پیٹ پر شرمگاہ کو رگڑا تو اگر اس سے انزال ہوگیا یعنی منی خارج ہو گئی تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اس کی قضاء فرض ہو جائے گی اور اگر انزال نہ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 434، 435، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 989، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 33:*
اگر کسی نے روزے کی حالت میں ہمبستری کرلی تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
اگر رمضان المبارک کے روزے کی حالت میں کسی نے ہمبستری کرلی تو اس کی تین صورتیں ہیں جوکہ درج ذیل ہیں :
1-اگر بھول کر ہمبستری کی تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
2-اگر کسی عاقِل، بالِغ، مُقِیْم (یعنی غیرمسافر) نے ادائے رمضان کے روزے کی نیت سے روزہ رکھا اور نیت بھی رات میں کی اور بغیر کسی صحیح مجبوری کے جان بوجھ کر روزہ یاد رہنے کے باوجود ہمبستری کی تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور قضاء کیساتھ ساتھ کفارہ بھی لازم ہو جائے گا. 
2-اگر روزہ یاد رہنے کے باوجود کسی شرعی مسافر نے ہمبستری کی یا ایسے مقیم نے ہمبستری کی جس نے دن میں روزے کی نیت کی تھی یا کسی صحیح مجبوری مثلا قتل وغیرہ کی صحیح دھمکی کیوجہ سے ہمبستری کی یا ایسے شخص نے ہمبستری کی جس نے ادائے رمضان کے علاوہ کوئی اور روزہ رکھا ہوا تھا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور صرف قضا لازم آئے گی، کفارہ لازم نہ ہوگا.
*(الھدایۃ، کتاب الصوم، باب ما یوجب القضاء و الکفارۃ، جلد 1، صفحہ 120، دار احیاء التراث العربی بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 419، 442، 443، 444، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 981، 985، 991، 992، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 34:*
اگر روزے کی حالت میں حیض یا نفاس شروع ہوجائے تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں حیض یا نفاس شروع ہوجائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور وہ بعد میں قضارکھے گی. 
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 207، مطبوعہ دارالفکر بیروت، الجوھرۃ النیرۃ شرح مختصر قدوری، جلد 1، صفحہ 348، مکتبہ رحمانیہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1004، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 35:*
اگر حیض یا نفاس شروع ہونے کی وجہ سے کسی عورت کا  روزہ ٹوٹ جائے تو کیا دن کا بقیہ حصہ کھا پی سکتی ہے ؟
*جواب:*
اگر حیض یا نفاس شروع ہونے کی وجہ سے کسی عورت کا  روزہ ٹوٹ جائے تو وہ دن کا بقیہ حصہ کھا پی سکتی ہے اور اس پر روزہ دار کی طرح بھوکا پیاسا رہنا واجب نہیں ہے.
*(الجوھرۃ النیرۃ شرح مختصر قدوری، جلد 1، صفحہ 348، مکتبہ رحمانیہ لاہور، بہارِ شریعت جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1004، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 36:*
روزے کی حالت میں عورت کا فَرج (یعنی اگلی شرمگاہ) میں دوا رکھنا کیسا ہے؟
*جواب:* 
اگر روزے کی حالت میں عورت نے فرج میں دوا رکھی تو اس کی درج ذیل تین صورتیں ہیں جن میں پہلی دوصورتوں میں روزہ ٹوٹ جاتا ہے جبکہ تیسری صورت میں روزہ نہیں ٹوٹتا اور وہ تین صورتیں یہ ہیں :
1- فرجِ داخل (اندرونی اگلی شرمگاہ) میں دوا اس طرح رکھی کہ دوا اندر غائب کردی اور دوا کا کوئی سرا باہر نہ رہا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
2- فرج میں اس طرح  دوا رکھی کہ جس کا کچھ حصہ چھوٹ کر اندر چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
3-فرج میں اس طرح دوا رکھی کہ اس کا ایک سرا باہر رہا اور فرجِ داخل میں بالکل غائب نہ ہوئی اور دوا کا کوئی جز اندر باقی بھی نہ رہا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا.
*(فتاوی مصطفویہ، صفحہ 299، 300، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 37:*
روزے کی حالت میں بواسیر یا قبض کے مریض کیلیے  اینما (Enema) کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں بواسیر یا قبض کے مریض کیلیے  اینما (Enema) سے روزہ ٹوٹ جائے گا کیونکہ اینما میں مقعد (یعنی پاخانے کے مقام) میں دوا چڑھائی جاتی ہے جو حقنہ کی جدید صورت ہے.
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016، فیضانِ فرض علوم، جلد 2، صفحہ 105، مکتبہ امام اہلسنت)*
*سوال 38:*
روزے کی حالت میں دل کے مریض کا زبان کے نیچے ٹکیہ (یعنی گولی) رکھنا کیسا ہے؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں دل کے مریض کا زبان کے نیچے ٹکیہ (یعنی گولی) رکھنا روزے کو توڑ دے گا کیونکہ تحقیق یہی ہے کہ عموماً وہ گولی تھوک میں شامل ہوکر حلق سے نیچے اتر جاتی ہے. 
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)* 
*سوال 39:*
اگر روزے کی حالت میں وضو یا غسل کرتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک چلا جائے تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں وضو یا غسل کرتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچ جائے تو اس کی دوصورتیں بنتی ہیں کہ : 
1- اگراس وقت  روزہ  یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضاء کرنی ہوگی. 
2- اگر اس وقت روزہ یاد نہ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 987، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 40:*
اگر روزے کی حالت میں نہر میں غوطہ لگاتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک چلا جائے تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں نہر میں غوطہ لگاتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچ جائے تو اس کی دوصورتیں بنتی ہیں کہ : 
1- اگر اس وقت  روزہ  یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضاء کرنی ہوگی. 
2- اگر اس وقت روزہ یاد نہ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
*(ماخوذ از فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 987، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 41 :*
اگر شوگر کا مریض روزے کی حالت میں انسولین لے تو کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
عموماً شوگر کا مریض انجیکشن کے ذریعے انسولین گوشت میں لیتا ہے، لہذا روزے کی حالت میں انجیکشن کے ذریعے انسولین لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(فتاوی نوریہ، جلد 2، صفحہ 217 تا 235، دارالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیرپور اوکاڑہ، فتاویٰ شارح بخاری، جلد 1، صفحہ 41، 42، مکتبہ برکات المدینہ کراچی، فتاوی فیض رسول، جلد 1، صفحہ 516 ،517، 518، شبیر برادرز لاہور، فتاوی یورپ، صفحہ 305، 306، 307، 308، شبیر برادرز لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 362، 363، شبیر برادرز لاہور، فتاویٰ فقیہ ملت، جلد 1، صفحہ 344، 345، شبیر برادرز لاہور، فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 10، 11، 12، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 341، 342، 343، 344، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان وغیرہ)*
*سوال 42:*
مسافر کو روزہ چھوڑنے کی اجازت کب ہوتی ہے ؟ 
*جواب:*
جو مسافر بانوے (92) کلومیڑ یا اس سے زیادہ سفر کے مُتَّصِلْ ارادے سے صبحِ صادِق (یعنی وقتِ سحری ختم ہونے) سے پہلے اپنے شہر یا گاؤں کی آبادی سے باہر نکل گیا ہو تو وہ روزہ چھوڑ سکتا ہے اور بعد میں اس روزے کی قضا رکھے گا اور اگر صبحِ صادق کے طلوع ہونے کے بعد (یعنی سحری کا وقت ختم ہونے کے بعد) مثلاً دن 8 بجے سفر کیلئے نکلنا ہو تو اس دن کا روزہ نہیں چھوڑ سکتا، اگر چھوڑے گا تو گناہگار ہوگا. 
*نوٹ:*
جس صورت میں مسافر کو روزہ چھوڑنے کی اجازت ہے، اس صورت میں اگر خود مسافر کو یا اس کے ساتھیوں کو اس کے روزہ رکھنے میں نقصان نہ پہنچے تو اس مسافر کے لئے روزہ رکھنا بہتر ہے اور اگر اس کو یا اس کے ساتھیوں کو نقصان پہنچے تو روزہ نہ رکھنا بہتر ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 462، 463، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 206، 207، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1002، 1003، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 43:*
مریض کو کب روزہ چھوڑنے کی اجازت ہے ؟
*جواب :*
مریض کو روزہ رکھنے سے بیماری کے بڑھ جانے یا دیر سے تندرست ہونے کا ظنِ غالب ہو  (یعنی غالب گمان ہو جو کہ 50 فیصد سے زائد ہوتا ہے) تو اس کو اجازت ہے کہ روزہ نہ رکھے اور بعد میں اس روزے کی قضا رکھے.
*نوٹ:* یہی حکم اس تندرست آدمی کا بھی ہے جس کو روزہ رکھنے کی وجہ سے بیمار پڑجانے کا ظنِ غالب ہو.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 463، 464، 465، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 44:*
مریض کو ظنِ غالب کتنی چیزوں سے حاصل ہوگا ؟
*جواب:*
مریض کو ظنِ غالب تین چیزوں میں سے کسی ایک چیز سے حاصل ہوگا، وہ تین چیزیں درج ذیل ہیں :
1- ظاہری نشانی سے
2- اپنے ذاتی تجربہ سے 
3- ماہر و تجربہ کار ڈاکٹر سے۔
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 464، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1003، 1004، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*نوٹ :* 
فتاوی شامی اور بہار شریعت وغیرہ میں اگرچہ ماہر ڈاکٹر کے ساتھ مسلمان اور غیرفاسق کی قید ہے لیکن فی زمانہ اس قید کی پابندی مشکل ہے، اس لیے اس میں علماے کرام نے نرمی اختیار کی ہے تو ہم نے بھی یہاں اس قید کو ذکر نہیں کیا، جس کی وضاحت اگلے سوال نمبر 45 کے جواب میں موجود ہے۔
*سوال 45:*
کیا مریض کافر یا فاسق ڈاکٹر کے کہنے سے روزہ چھوڑ سکتا ہے ؟
*جواب:*
چونکہ فی زمانہ مسلمان غیرِ فاسق ماہر ڈاکٹر کا ملنا بہت ہی مشکل ہے، لہٰذا قابلِ اعتماد ماہر ڈاکٹر کافر ہو یا فاسق، اگر وہ روزہ نہ رکھنے کا کہے اور مریض کا دل بھی اچھی طرح مطمئن ہو کہ ڈاکٹر درست کہہ رہا ہے تو مریض ایسے کافر یا فاسق ماہر ڈاکٹر کے کہنے پر روزہ چھوڑ سکتا ہے، البتہ بہتر یہی ہے کہ ایک سے زائد ڈاکٹرز سے مشورہ کرلے.
*(فیضان رمضان مرمم، صفحہ 146، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 46:*
حاملہ عورت کے لیے روزے رکھنے کا کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
حاملہ عورت کو اگر اپنی جان یا بچے کی جان جانے کا صحیح اندیشہ ہو تو اس کو اجازت ہے کہ روزے نہ رکھے اور بعد میں ان روزوں کی قضا رکھے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 463، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1003، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 47:*
دودھ پلانے والی عورت کے لیے روزے رکھنے کا کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
دودھ پلانے والی عورت کو اگر اپنی جان یا بچے کی جان جانے کا صحیح اندیشہ ہو تو اس کو اجازت ہے کہ روزے نہ رکھے اور بعد میں ان روزوں کی قضا رکھے، خواہ اپنے بچے کو دودھ پلا رہی ہو یا کسی اور کے بچے کو اجرت پر دودھ پلا رہی ہو . 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 463، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1003، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال48:* 
کیا بے ہوشی سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ 
*جواب:* 
بے ہوشی سے روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے خود بخود بے ہوش ہو جائے یا اس کو انجیکشن کے ذریعے بےہوش کیا جائے البتہ اگر ناک میں گیس سونگھانے یا منہ کے راستے سے گیس داخل کرکے بے ہوش کیا جائے تو اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضا لازم ہوگی .
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال49:* 
روزے کی حالت میں انڈو سکوپی (Endoscopy) کا کیا حکم ہے ؟
*جواب:* 
روزے کی حالت میں اندوسکوپی کروانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس میں ایک پائپ پر زایلوکین (Xylocien) وغیرہ لکوڈ (مائع) لگا کر منہ کے راستے سے اس کو معدے میں داخل کیا جاتا ہے، لہٰذا اس وجہ سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے.
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال 50:* 
روزے کی حالت میں مرد کی پیشاب کی نالی میں کیتھیڑ (علاج کا آلہ) داخل کرنے کا کیا حکم ہے ؟ 
*جواب :*
روزے کی حالت میں مرد کی پیشاب کی نالی میں کیتھیڑ داخل کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ پیشاب کی نالی کے ذریعے جو دوا اندر داخل ہوتی ہے، وہ زیادہ سے زیادہ مثانہ تک پہنچے گی اور مثانے اور معدے کے درمیان کوئی منفذ (یعنی واضح سوراخ) نہیں ہے. 
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال 51:* 
روزے کی حالت میں دانتوں کے مریض کیلئے آر سی ٹی کروانا یا دانت اکھڑوانا یا دانتوں کی کوئی اور اصلاح کروانا کیسا ہے ؟ 
*جواب :*
دانتوں کے مریض کو چاہیے کہ وہ رات ہی میں آر سی ٹی کروائے یا دانت اکھڑوائے یا دانتوں کی کوئی اور اصلاح کروائے اور اگر روزے کی حالت میں ایسا کروایا اور روزہ یاد رہنے کے باوجود خون یا دوا کا کوئی حصہ حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں قضا لازم ہوگی اور اگر حلق سے نیچے کچھ نہ اترا تو روزہ نہ ٹوٹا لیکن روزے کی حالت میں یہ سب کروانا مکروہ ہے کیونکہ اس میں روزہ ٹوٹنے کا اندیشہ ہوتا ہے. 
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال52:* 
اگر مؤذن کی اذان پر روزہ افطار کرلیا اور افطاری کا وقت نہیں ہوا تھا تو کیا حکم ہے؟
*جواب:*
اگر مؤذن کی اذان پر روزہ افطار کرلیا اور افطاری کا وقت نہیں ہوا تھا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس روزے کی قضا کرنی ہوگی لیکن کفارہ لازم نہیں ہوگا اور نہ ہی گناہگار ہوگا. 
*(ماخوذ از الجوھرۃالنیرۃ شرح مختصر القدوری، جلد 1، صفحہ 349، مکتبہ رحمانیہ، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 439، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 53:* 
روزے کی حالت میں ہیمو ڈائلے سِس کروانا کیسا ہے؟ 
*جواب:* 
روزے کی حالت میں ہیمو ڈالے سِس کروانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ اس طریقہ کار میں خون سے فاسد مادوں، اضافی نمک اور زائد پانی کو مشین کے ذریعے باہر نکال لیا جاتا ہے پھر مادوں اور کیمیاوی و غذائی مواد کے اضافے کے ساتھ رگوں کے ذریعے خون کو جسم میں دوبارہ چڑھا دیا جاتا ہے، کیونکہ یہ سب چیزیں مساموں کے ذریعے بدن میں جاتی ہیں، لہٰذا اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا. 
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال 54:* 
روزے کی حالت میں پیری ٹونیل ڈائلے سِس کروانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:* 
روزے کی حالت میں پیری ٹونیل ڈائلے سس کروانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس طریقہ کار میں مریض کے پیٹ میں موٹی تہہ تک سوراخ کرکے اندر معدے سے متصل بیرونی جھلی تک ایک پائپ ڈالا جاتا ہے اور پھر اس کے ذریعے ایک خاص قسم کا پانی اور پیری ٹونیل فلوڈ پیٹ کی جھلی میں ڈالا اور پھر باہر نکالا جاتا ہے، لہذا اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضا لازم ہوگی. 
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال 55:*
اگر غلطی سے روزہ ٹوٹ گیا تو کیا بقیہ دن بھر کھا پی سکتے ہیں یا روزہ دار کی طرح بھوکا پیاسا رہنا ہوگا ؟ 
*جواب:* 
اگر غلطی سے روزہ ٹوٹ گیا مثلاً روزہ یاد ہوتے ہوئے کلی کی اور پانی حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اس کی قضا کرنی ہوگی اور باقی دن روزہ دار کی طرف بھوکا پیاسا رہنا اس پر واجب ہوگا.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 440، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 990، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 56:* 
اگر روزے کی حالت میں بار بار منہ خشک ہو جائے تو کیا ٹھنڈے پانی سے کلیاں کرسکتے ہیں؟ *جواب:* 
اگر روزے کی حالت میں بار بار منہ خشک ہو جائے تو ٹھنڈے پانی کی کلیاں کرنا بغیر کسی کراہت کے جائز ہے، اور اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، جبکہ پریشانی ظاہر کرنے کے لیے ایسا نہ کیا جائے اور اگر پریشانی ظاہر کرنے کے لیے کوئی بار بار کلیاں کرے تو یہ مکروہ و ناپسندیدہ ہے.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الثالث، فیما یکرہ للصائم و ما لا یکرہ، جلد 1، صفحہ 199، دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لا یفسدہ، مطلب في حدیث التوسعۃ۔۔۔الخ، جلد 3، صفحہ 459، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 998، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 57:* 
روزے کی حالت میں ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے بار بار نہانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں ٹھنڈک حاصل کرنے کیلئے بار بار نہانا بالکل جائز ہے اور اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور نہ ہی روزہ ٹوٹتا ہے البتہ اگر پریشانی ظاہر کرنے کے لیے ایسا کیا جائے تو یہ مکروہ و ناپسندیدہ ہے. 
چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم روزے کی حالت میں پیاس کی وجہ سے یا گرمی کی وجہ سے سر پر پانی ڈالتے تھے. 
*(سنن ابوداود، کتاب الصوم، فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الثالث، فیما یکرہ للصائم و ما لا یکرہ، جلد 1، صفحہ 199، دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم وما لا یفسدہ، مطلب في حدیث التوسعۃ۔۔۔الخ، جلد 3، صفحہ 459، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 998، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال58:*
کیا روزہ نمازِ تراویح کے لئے شرط ہے ؟ 
*جواب:*
روزہ الگ عبادت ہے اور نماز تراویح الگ عبادت ہے، ہر عاقل بالغ مقیم (یعنی غیر مسافر) مسلمان پر روزہ فرض ہے اور نمازِ تراویح سنتِ مؤکدہ ہے، تو اگر کوئی بلا عذر روزہ نہ رکھے گا تو روزہ چھوڑنے کی وجہ سے گناہگار ہو گا لیکن تراویح پڑھنے سے تراویح ہو جائے گی اور اگر روزہ رکھے اور تراویح نہ پڑھے تو روزہ ہو جائے گا لیکن بلا عذر مسلسل تراویح نہ پڑھنے کی وجہ سے گناہگار ہوگا، لہٰذا روزہ اور نمازِ تراویح ایک دوسرے کے لئے شرط نہیں ہیں. 
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدرمختار، جلد 2، صفحہ 596، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 688، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 59:*
روزہ رکھنے کی نیت کیسے کریں گے؟ 
*جواب:*
نیت دل کے پختہ ارادے کا نام ہے، زبان سے نیت کرنا شرط نہیں، مگر زبان سے نیت کرنا مستحب ضرور ہے لہذا جب رات میں روزے کی نیت کریں تو یوں کہیں :
*"نَوَیْتُ اَنْ اَصُوْمَ غَدًا لِلّٰہِ تَعَالیٰ مِنْ فَرْضِ رَمَضَانَ "* 
(یعنی میں نے نیت کی کہ میں کل رمضان کا فرض روزہ اللہ تعالٰی کے لئے رکھوں گا).
اور اگر دن میں روزے کی نیت کریں تو یوں کہیں:
*"نَوَیْتُ اَنْ اَصُوْمَ ھٰذَا الْیَوْمَ لِلّٰہِ تَعَالیٰ مِنْ فَرْضِ رَمَضَانَ "*
(یعنی میں نے نیت کی کہ میں آج کے دن رمضان کا فرض روزہ رکھوں گا).
*(الجوھرۃ النیرۃ شرح مختصر القدوری، جلد 1، صفحہ 329، مکتبہ رحمانیہ لاہور)*
*نوٹ:*
اپنی مادری زبان میں بھی نیت کر سکتے ہیں، نیت چاہیے کسی بھی زبان میں کریں، نیت کرتے وقت دل میں ارادہ موجود ہونا شرط ہے، ورنہ بےخیالی میں صرف زبان سے رَٹے رَٹائے نیت کے جملے ادا کرلینے سے روزے کی نیت نہ ہوگی۔
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، جلد 3، صفحہ 398، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 102، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 60:*
کس چیز سے افطار کرنا سنت ہے  نیز افطار کی دعا کونسی ہے اور کب پڑھنی چاہیے ؟
*جواب:*
تر کھجور یا خشک کھجور (چھوہارے) یا پانی کے ساتھ افطار کرنا سنت ہے. 
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 628، 629، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
افطار کرلینے کے بعد سنت پر عمل کرنے کی نیت سے یہ دعا پڑھ لینی چاہیے :
*"اَللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَ عَلٰی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ"*
یعنی اے اللہ پاک! میں نے تیرے لئے روزہ رکھا اور تیرے ہی عطا کردہ رزق سے روزہ افطار کیا۔
*(سنن ابو داؤد، جلد 2، صفحہ 447، رقم الحدیث : 2358، دار احیاء التراث العربی بیروت، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 114، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
ایک حدیث پاک میں اس طرح کے الفاظ آئے ہیں :
*"اَللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلَیْکَ تَوَکَّلْتُ وَ عَلٰی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ"*
*(بغیۃ الباحث عن زوائد مسند الحارث، جلد 1، صفحہ 527، رقم الحدیث : 469، مطبوعہ المدینہ المنورۃ)*
*نوٹ:* چونکہ افطار کا وقت دعاؤں کی مقبولیت کا وقت ہوتا ہے لہذا ان دعاؤں کے بعد دیگر دعائیں بھی کرنی چاہیں.
*(فیضان رمضان مرمم، صفحہ 114، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*فائدہ:* افطار سے پہلے دعا کرنا سنت نہیں ہے، لہٰذا افطار کرنے کے بعد مثلاً کھجور کھا لینے یا تھوڑا سا پانی پی لینے کے بعد ہی دعا کیجیے.
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ631، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 61:*
کیا کنٹیکٹ لینز لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
کنٹیکٹ لینز لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ ان کو لیکوڈ (تری) میں رکھا جاتا ہے اور جب آنکھوں میں لگایا جاتا ہے تو وہ لیکوڈ آنکھوں کے منفذ (سوراخ) کے ذریعے حلق سے نیچے اتر جاتا ہے .
*(ماخوذ از تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 192، ضیاء القرآن پبلی کیشنز، فتاوی خانیہ، فتاوی بزازیہ، فتاوی رضویہ)*
*سوال 62:*
روزے کی حالت میں عورتوں کا لپ اسٹک (lipstick) 💄 یعنی سرخی لگانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں عورتیں لپ اسٹک لگا سکتی ہیں، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا البتہ جن عورتوں کو ہونٹوں پر زبان پھیرنے کی عادت ہو تو وہ روزے کی حالت میں لپسٹک لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس طرح کرنے سے اگر لپسٹک کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(تفہیم المسائل، جلد 2، صفحہ 191، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 63:*
اگر روزے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے تھوک سے ہونٹ تر ہوجائیں اور روزہ دار اس کو نگل لے تو روزے کا کیا حکم ہوگا؟
*جواب:*
اگر روزے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ہونٹ تھوک سے تر ہوجائیں تو اس کو نگلنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا اگرچہ روزہ یاد ہو مگر بہتر یہی ہے کہ اس کو نہ نگلا جائے.  
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و مالا یفسد، جلد 1، صفحہ 203، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 428، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 64:* 
اگر روزے کی حالت میں کسی کو کھٹی ڈکار آئے (جس کو سرائیکی میں غَڑُچِّیْ کہتے ہیں) اور اس کی وجہ سے حلق کے اندر کرواہٹ اور پانی محسوس ہو اور پھر وہ پانی وغیرہ حلق سے نیچے اتر جائے تو اس صورت میں روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب :*
کھٹی ڈکار (یعنی غَڑُچِّیْ) آنے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا اگرچہ ڈکار آنے سے پانی حلق تک آجائے اور واپس بھی لوٹ جائے جیسا کہ روزے کی حالت میں منہ بھر سے کم قے آنے اور واپس چلی جانے کی صورت میں روزہ نہیں ٹوٹتا۔
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدرالمختار، جلد 3، صفحہ 450، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاویٰ رضویہ، جلد 10، صفحہ 486، رضا فاؤنڈیشن لاہور، بہارِشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 988، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 65 :*
اگر کوئی شخص روزہ کی حالت میں بیوی سے صحبت کرکے کہے کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے تو آیا اس پر کفارہ بھی ہوگا ؟
*جواب :*
پوچھی گئی صورت میں درج ذیل شرائط پائی جائیں تو کفارہ لازم ہوجائے گا :
1- وہ شخص عاقل ہو۔
2- بالغ ہو۔ 
3- مقیم ہو (شرعی مسافر نہ ہو۔)
4- رمضان المبارک کا روزہ ہو۔
5- ادائے رمضان کی نیت سے روزہ رکھا ہو۔
6- روزے کی نیت رات میں کی ہو۔
7- جماع کے ساتھ روزہ توڑنے کے بعد بغیر اختیار ایسا امر نہ پایا جائے جس کی بنا پر روزہ توڑنے کی اجازت ہو جیسے روزہ توڑنے کے بعد ایسا بیمار ہوا جس سے روزہ توڑنا جائز ہو جائے تو پھر کفارہ لازم نہیں ہوگا۔
8- کسی صحیح مجبوری کے بغیر جان بوجھ کر جماع کیا ہو۔ 
9- روزہ یاد ہو.
*نوٹ :* اس کی بیوی کے لئے بھی مذکورہ نو (9) شرائط پائے جانے پر یہی حکم ہوگا اور مزید ایک شرط یہ بھی پائی جائے کہ :
10- جماع کے بعد روزے کے منافی کوئی امر نہ پایا جائے جیسے حیض و نفاس کا شروع ہو جانا تو اگر جماع کے بعد حیض و نفاس شروع ہو گیا تو کفارہ لازم نہیں ہوگا. 
*(بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 991، 992، مکتبۃ المدینہ کراچی، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 154، 156، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 66:* 
کیا عورت روزے کی حالت میں بچے کو دودھ پلا سکتی ہے ؟
*جواب :*
عورت روزے کی حالت میں بچے کو دودھ پلا سکتی ہے، اِس سے اُس کے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا.
*(ماخوذ از مسند ابو یعلیٰ، مسند عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا، جلد 8، صفحہ 75، دار المامون للتراث دمشق، تفہیم المسائل، جلد 6، صفحہ 204، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 67:*
رمضان المبارک میں اعلانیہ کھانا پینا کیسا ہے؟ 
*جواب :* 
جو لوگ شرعی عذر کے بغیر رمضان المبارک کے دنوں میں روزے نہیں رکھتے اور علانیہ کھاتے پیتے ہیں تو حکومتِ اسلامیہ پر فرض ہے کہ وہ انہیں قتل کر دے یا عمر قید کی سزا دیدے، اور جہاں اسلامی حکومت نہ ہو تو وہاں کے مسلمان ایسے لوگوں سے معاشرتی بائیکاٹ کریں.
*(فتاوی یورپ، صفحہ 320، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 68:*
روزے کی حالت میں عورتوں کا میک اَپْ کرنا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں عورتوں کا میک اپ کرنا جائز ہے بشرطیکہ غیر محرم مردوں کے سامنے بےپردگی اور نمائش مقصود نہ ہو.
*(تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 190، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 69:*
اگر روزے کی حالت میں کسی کے زخم سے پیپ نکلتی رہتی ہو تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں کسی کے زخم سے پیپ نکلتی رہتی ہو تو اِس سے اُس کے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نہ ہی اس کا روزہ ٹوٹے گا. 
*(ماخوذ از مسندِ ابو یعلیٰ، مسند عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا، جلد 8، صفحہ 75، دار المامون للتراث دمشق)*
*سوال 70:* 
شوال المکرم کے چھ روزے رکھنے کے بارے میں کیا حکم ہے ؟ 
*جواب :* 
شوال المکرم کے چھ روزے رکھنا سنت ہے، چاہے یکم شوال کے بعد مسلسل چھ دن رکھے جائیں یا بیچ میں چھوڑ چھوڑ کر رکھے جائیں، مگر بہتر یہی ہے کہ یہ روزے لگاتار رکھنے کے بجائے جدا جدا کر کے رکھے جائیں. 
*(بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1010، مکتبۃ المدینہ کراچی، سنی بہشتی زیور، صفحہ 347)*
چنانچہ حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے ارشاد فرمایا :
"جس نے رمضان کے روزے رکھے پھر اس کے بعد چھ دن شوال میں رکھے تو ایسا ہے جیسے عمر بھر کیلیے روزہ رکھا." 
*(صحیح مسلم، کتاب الصیام، باب استحباب صوم ستۃ ایام من شوال اتباعا لرمضان، صفحہ 592، رقم الحدیث : 1164، دار ابن حزم بیروت)*
*سوال 71:*
سحری کے وقت مسلمانوں کو سحری کے واسطے اٹھانے کے لیے ڈھول بجانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
سحری کے وقت مسلمانوں کو سحری کے واسطے اٹھانے کے لئے ڈھول بجانا ناجائز و گناہ ہے. 
*(حبیب الفتاویٰ، جلد 2، صفحہ 57، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 72:*
روزے کی حالت میں عورتوں کیلیے دَنْدَاسَہ (مِسِّیْ) استعمال کرنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر دنداسے کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا اور حلق میں اس کا مزہ محسوس ہوا اور روزہ دار ہونا بھی یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اس صورت میں صرف قضا واجب ہوگی، کفارہ نہیں اور اگر کامل احتیاط کی کہ دنداسے کا کوئی جز حلق سے نیچے نہ اترا تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا مگر ذائقہ دار ہونے کی وجہ سے بلاضرورتِ صحیحہ روزے کی حالت میں دنداسہ استعمال کرنا مکروہِ تنزیہی اور شرعاً ناپسندیدہ ہے اس لئے حتی الامکان روزے کی حالت میں دنداسہ استعمال کرنے سے بچنا چاہیے. 
*(ماخوذ از فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 551، رضا فاؤنڈیشن لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 358، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 73:*
کیا رمضان المبارک کی راتوں میں ہمبستری کرنا جائز ہے ؟ 
*جواب :*
رمضان المبارک کی راتوں میں ہمبستری کرنا جائز ہے. 
*(پارہ 2، سورۃ البقرہ : 187)*
*سوال 74 :*
کیا بھول کر کھانے، پینے اور ہمبستری کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
بھول کر کھانے، پینے اور ہمبستری کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا. 
*(صحیح مسلم، کتاب الصیام، باب اکل الناسی و شربہ و جماعہ لایفطر، صفحہ 582، رقم الحدیث : 1155، دار المغنی عرب شریف)*
*سوال 75:*
دوا کے ذریعے حیض و نفاس کو بند کرکے روزہ رکھنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر حیض و نفاس کو بند کرنے کے لیے دوا کھائی اور طلوعِ صبحِ صادق (یعنی سحری کا وقت ختم ہونے) سے پہلے حیض و نفاس کا خون رک گیا اور روزہ رکھنے کی طاقت بھی ہوئی تو روزہ رکھنا لازم ہو جائے گا اور اس صورت میں روزہ نہ رکھنے پر گناہگار ہوگی مگر چونکہ حیض و نفاس کو دوا کے ذریعے روکنا طِبی (یعنی میڈیکل کے) حوالے سے نقصان دہ ہے، لہٰذا اِس سے بچنا چاہیے. 
*(روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 52، ناشر طوبیٰ ویلفیئر انٹرنیشنل)*
*سوال 76:*
سائرن کی آواز پر روزہ بند کرنا اور افطار کرنا (کھولنا) کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر اہل سنت و جماعت کی جانب سے جاری کردہ معتبر نقشہ اوقات (جیسا کہ دعوتِ اسلامی کی مجلسِ توقیت کے ترتیب شدہ نقشہ اوقات ہیں، ان) کے مطابق سائرن بجایا جائے تو اس کی آواز پر روزہ بند کرنا اور افطار کرنا جائز ہے.
*(ماخوذ از بہار شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 999، مکتبۃ المدینہ کراچی، روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 55، ناشر طوبیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل)*
*سوال 77:*
اگر ایئر فریشر کے ذریعے مسجد یا کمرے میں چھڑکاؤ کیا گیا ہو تو کیا اس کو سونگھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر ایئر فریشر کے ذریعے مسجد یا کمرے میں چھڑکاؤ کیا گیا ہو تو اس کو سونگھنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ اگر ایئر فریشر کو ناک پر چھڑک کر سونگھا تو روزہ ٹوٹ جائے گا. 
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لا یفسدہ، مطلب یکرہ السھر اذا خاف فوت الصبح، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 19، 30، ناشر طوبیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل)*
*سوال 78:*
اگر کوئی سعودی عرب میں رمضان المبارک کے روزے پورے کر کے عید کا چاند دیکھ کر پاکستان آئے اور پاکستان میں ایک روزہ باقی ہو تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
اگر کوئی سعودی عرب میں رمضان المبارک کے روزے پورے کرکے عید کا چاند دیکھ کر پاکستان آئے اور پاکستان میں ایک روزہ باقی ہو تو وہ پاکستانیوں کے ساتھ ایک روزہ مزید رکھے گا.
*(ماخوذ از پارہ 2، سورۃ البقرۃ : 185، جامع ترمذی، ابواب الصوم، باب ماجاء ان الصوم یوم یصومون، صفحہ 178، رقم الحدیث : 697، سنن ابی داؤد، جلد 1، صفحہ 318، فتح القدیر، جلد 2، صفحہ 249، فتاوی یورپ، صفحہ 314، 315، 316، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 79:*
روزے کی حالت میں مہندی لگانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں مہندی لگانا جائز ہے، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا. 
*(فتاوی بریلی، صفحہ 358، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 80:*
روزے کی حالت میں شیو (shave) کروانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں شیو کروانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا مگر شیو کروانا روزے کے علاوہ بھی ناجائز و گناہ اور منع ہے اور روزے کی حالت میں تو اور زیادہ گناہ اور منع ہے اور اس سے روزے کی روحانیت و نورانیت پر بھی اثر پڑے گا. 
*(ماخوذ از بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 996، مکتبۃ المدینہ کراچی، دارالافتاء اہلسنت، ریفرینس نمبر 2541)*
*سوال 81:*
اگر روزے کی حالت میں اپنی بیوی سے فون پر بات کرنے کی وجہ سے مذی خارج ہو جائے 
تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں اپنی بیوی سے فون پر بات کرنے کی وجہ سے صرف مذی خارج ہو اور منی نہ خارج نہ ہو تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا البتہ اس سے وضو ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 982، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 82:*
روزے کی حالت میں ناخن تراشنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں ناخن تراشنا بالکل جائز ہے، اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا. 
*(فتاوی بریلی، صفحہ 358، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 83:*
اگر کسی روزے دار کو بھول کر کھاتے پیتے دیکھیں تو کیا حکم ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کسی روزہ دار کو بھول کر کھاتے پیتے دیکھیں تو اس کو روزہ یاد دلانا واجب ہے، اگر یاد نہیں دلائیں گے تو گناہگار ہوں گے، البتہ اگر روزہ دار بہت ہی کمزور ہو کہ یاد دلانے پر وہ کھانا پینا چھوڑ دے گا، جس کی وجہ سے اتنی کمزوری بڑھ جائے گی کہ اس کے لیے روزہ رکھنا ہی مشکل ہو جائے گا اور اگر کھا پی لے گا تو روزہ اچھی طرح پورا کر لے گا تو یاد نہ دلانا بہتر ہے. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 981، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 84:*
اگر رمضان المبارک کے چند روزے قضا ہو جائیں تو ان کو رکھتے وقت ان کی نیت کیسے کی جائے گی ؟ 
*جواب:*
اگر ایک رمضان المبارک کے چند روزے قضا ہو جائیں تو یوں نیت کریں گے :
"اس رَمَضان کے پہلے روزے کی قضا، اس رمضان کے دوسرے روزے کی قضا۔"
اور اگر دو (2) رمضان المبارک کے کچھ روزے باقی ہوں تو یوں نیت کریں گے :
"اِس رمضان کے پہلے روزے کی قضا، اِس رمضان کے دوسرے روزے کی قضا، اُس رمضان کے پہلے روزے کی قضا، اُس رمضان کے دوسرے روزے کی قضا۔"
اور اگر دن اور سال کو خاص (یعنی Fix) نہ بھی کیا، تب بھی روزے ہو جائیں گے. 
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الاول، جلد 1، صفحہ 196، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 85:*
کون کون سے دنوں میں روزہ رکھنا مکروہِ تحریمی اور ناجائز و گناہ ہے ؟
*جواب :*
پورے سال میں پانچ دن ایسے ہیں، جن میں روزے رکھنا مکروہِ تحریمی اور ناجائز و گناہ ہے جبکہ باقی تمام دنوں میں روزے رکھنا جائز ہیں۔
وہ پانچ دن یہ ہیں :
1- عیدالفطر (یعنی یکم شوال المکرم) کا روزہ۔ 
2- 10ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
3- 11ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
4- 12ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
5- 13ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الاول، جلد 1، صفحہ 194، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 86:*
اگر روزے کی حالت میں استنجا کرتے وقت پاخانے کا مقام باہر نکل پڑے تو کیا حکم ہے؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں استنجا کرتے وقت پاخانے کا مقام باہر نکل پڑے تو حکم یہ ہے کہ اٹھنے سے پہلے کپڑے وغیرہ سے خوب پونچھ لے تاکہ پانی کی تری باقی نہ رہے، اور اگر پاخانے کے مقام پر کچھ پانی باقی تھا، وہ بغیر پونچھے کھڑا ہو گیا اور پانی اندر چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و ما لایفسدہ، جلد 1، صفحہ 203، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 988، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 87:*
اگر روزے کی حالت میں کسی عورت کی بچہ دانی (رحم) باہر آ جائے تو کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں استنجا کرتے وقت عورت کی بچہ دانی باہر آجائے تو حکم یہ ہے کہ اٹھنے سے پہلے کپڑے وغیرہ سے خوب پونچھ لے تاکہ پانی کی تری باقی نہ رہے، اور اگر بچہ دانی پر کچھ پانی باقی تھا اور وہ بغیر پونچھے کھڑی ہو گئی اور پانی اندر چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا. 
*(ماخوذ از فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فیما یفسد و ما لایفسدہ، جلد 1، صفحہ 203، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 988، مکتبۃ المدینہ کراچی، روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 49، طوبیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل)*
*سوال 88:*
اگر روزے کی حالت میں گندے اور فحش مناظر دیکھنے کی وجہ سے انزال ہوگیا (یعنی منی خارج ہو گئی) تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں گندے اور فحش مناظر دیکھنے کی وجہ سے شہوت کے ساتھ انزال ہوگیا اور اس کا کوئی فعل نہ پایا گیا یعنی ہاتھ وغیرہ کے استعمال کے بغیر شہوت کے ساتھ منی خارج ہو گئی تو روزہ نہیں ٹوٹے گا مگر اس سے روزے کی نورانیت چلی جائے گی اور وہ سخت گناہگار بھی ہوگا اور اس پر غسل بھی فرض ہو جائے گا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، الجوھرۃ النیرۃ شرح مختصر قدوری، جلد 1، صفحہ 335، مکتبہ رحمانیہ)*
*سوال 89:*
سحری کے وقت کھانے کے جو ذرات دانتوں میں پھنسے ہوئے ہوں، اگر کوئی روزے کی حالت میں ان کو نگل لے تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
سحری کے وقت دانتوں میں کھانے کے جو ذرات پھنسے ہوئے ہوں، اگر کوئی ان کو روزے کی حالت میں روزہ یاد ہونے کے باوجود نگل لے تو اگر وہ چنے کے برابر ہوں یا چنے کی مقدار سے زیادہ ہوں تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں قضا لازم ہو جائے گی اور اگر وہ چنے کی مقدار سے کم ہوں تو ان کو نگلنے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 422، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ:*
چَنوں کا سائز چونکہ مختلف ہوتا ہے تو اس مسئلہ میں نہ چھوٹے چنے کا اعتبار ہوگا اور نہ بہت بڑے چنے کا بلکہ درمیانے چنے کا اعتبار ہوگا.
*سوال 90:*
اگر کھارے پانی سے وضو کرنا ہو تو روزے کی حالت میں اس پانی سے کلی کرنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کھارے پانی سے وضو کرنا ہو (جیسے سمندر کا پانی یا جیسے بعض علاقوں میں بہت کھاری پانی ہوتا ہے) تو روزے کی حالت میں اس پانی سے کلی کی جا سکتی ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں ہے کیونکہ وضو میں کلی کرنا سنتِ مؤکدہ ہے۔
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الطھارۃ، جلد 1، صفحہ 251، 252، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
جبکہ کھارے پانی سے کلی کرنا روزے کی حالت میں بلا ضرورتِ صحیحہ چکھنے کے ضمن میں زیادہ سے زیادہ مکروہِ تنزیہی (شرعاً ناپسندیدہ) ہو سکتا ہے اور جب ضروتِ صحیحہ ہو (جیسے منہ میں بدبو ہونا) تو مکروہِ تنزیہی بھی نہیں رہے گا تو وہ کام (یعنی کھارے پانی سے کلی کرنا) جس میں مکروہِ تنزیہی ہونے اور نہ ہونے دونوں کا احتمال موجود ہے، اس کی وجہ سے کلی کرنے کو (جو سنتِ مؤکدہ ہے) نہیں چھوڑا جاسکتا کیونکہ سنتِ مؤکدہ کو عادتاً چھوڑنا گناہ ہے جبکہ مکروہِ تنزیہی کو عادتاً کرنا گناہ نہیں، یہی وجہ ہے کہ زمانہ نبوت سے ہی چند کنوؤں کے سوا پانی کھارا ہوتا تھا خصوصاََ مدینہ منورہ کا، لیکن کبھی بھی حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یا کسی صحابی، تابعی یا فقیہ مجتہد (رضی اللہ عنھم) نے روزے کی حالت میں کھارے پانی کے ساتھ کلی کرنے سے منع نہیں فرمایا، لہذا کھارے پانی کے ساتھ کلی کرنا بلاکراہت جائز بلکہ سنتِ مؤکدہ ہے۔
*سوال 91:*
چونکہ جدید طبی ریسرچ (تحقیق) کے مطابق آنکھ اور حلق کے درمیان منفذ (یعنی واضح سوارخ) ہوتا ہے تو اگر وضو اور غسل کے دوران آنکھ میں پانی چلا جائے تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب:*
وضو یا غسل کے دوران آنکھ میں پانی چلے جانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ اس سے بچنا ممکن نہیں ہے.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 92:*
کیا حمل والی عورت کے اِنْٹَرْنَلْ (اندرونی) الٹراساؤنڈ کروانے سے اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
بچے کی پیدائشی معلومات حاصل کرنے کیلئے حاملہ عورت جو شرمگاہ کے ذریعے اِنْٹَرْنَل (اندرونی) الٹراساؤنڈ کرواتی ہے تو جن آلات کے ذریعے انٹرنل الٹراساؤنڈ کیا جاتا ہے، اگر ان پر کوئی میڈیسن یا لیکوڈ (تری) لگائے بغیر اندرونی چیک اپ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ ان آلات کا ایک سرا باہر ہوتا ہے اور دوسرا سرا اندر ہوتا ہے، البتہ اگر غلطی سے دونوں سرے اندر چلے گئے یا آلات پر کوئی میڈیسن یا لیکوڈ (مائع) وغیرہ لگا کر چیک اپ کروایا تو جیسے دوا یا تری اندر جائے گی تو اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 1، صفحہ 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 423، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 93:*
اگر روزے کی حالت میں ایسا زخم ہو جائے کہ جس میں ٹانکے لگوانے پڑیں تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں ایسا زخم ہو جائے کہ جس میں ٹانکے لگوانے پڑیں اور چاہے اس زخم پر دوا لگانی پڑے تو اس کی وجہ سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ دوا وغیرہ جسم کے اندر مَنْفَذْ (یعنی واضح سوارخ جیسے منہ، ناک، آنکھ اور پاخانے کا مقام) کے ذریعے داخل نہیں ہو رہی بلکہ مساموں (یعنی جسم کے انتہائی باریک سوراخوں) کے ذریعے داخل ہو رہی ہے اور جو چیز مساموں کے ذریعے اندر داخل ہو، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 94:*
روزے کی حالت میں ناف میں تیل ٹپکانا کیسا ہے ؟
*جواب:* 
روزے کی حالت میں ناف میں تیل ٹپکانا بلاکراہت جائز ہے، اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا کیونکہ اس طرح کرنے سے بدن میں تیل مساموں کے ذریعے جاتا ہے، منفذ (یعنی سوراخ) کے ذریعے نہیں جاتا اور اس پر فقہاء کرام رحمۃ اللہ علیھم کا اتفاق ہے کہ جو چیز مساموں کے ذریعے بدن میں داخل ہو، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 95:*
کیا روزے کی حالت میں مصنوعی دانت منہ میں لگا سکتے ہیں ؟
*جواب:*
وہ مصنوعی دانت جو بآسانی اتر سکتے ہیں، ان کو روزے کی حالت میں منہ میں لگا سکتے ہیں بشرطیکہ ان کا ذائقہ حلق میں محسوس نہ ہو. 
*(فقہی معلومات، صفحہ 38، ناشر شاہد اینڈ سنز لاہور، بحوالہ مسائل روزہ)*
*سوال 96:*
کیا روزے کی حالت میں نکسیر پھوٹنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں نکسیر پھوٹے اور خون حلق سے نیچے نہ اترے تو  روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، البتہ اگر خون حلق سے نیچے اتر جائے اور روزہ دار ہونا یاد ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا. 
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، 422، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 97:*
کیا روزے کی حالت میں داڑھ میں انجکشن لگایا جا سکتا ہے؟
*جواب:*
بوقتِ ضرورت داڑھ میں انجیکشن لگوا سکتے ہیں، اس سے روزے پر اثر نہیں پڑے گا البتہ پوری احتیاط کی جائے کہ دوا، خون وغیرہ حلق سے نیچے نہ اترے ورنہ روزہ ٹوٹ جائے گا، اور بہتر یہی ہے کہ روزہ افطار کرنے کے بعد ہی داڑھ میں انجیکشن لگوایا جائے۔
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی نوریہ، جلد 2، صفحہ 217 تا 235، دارالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیرپور اوکاڑہ، فتاویٰ شارح بخاری، جلد 1، صفحہ 41، 42، مکتبہ برکات المدینہ کراچی، فتاوی فیض رسول، جلد 1، صفحہ 516 ،517، 518، شبیر برادرز لاہور، فتاوی یورپ، صفحہ 305، 306، 307، 308، شبیر برادرز لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 362، 363، شبیر برادرز لاہور، فتاویٰ فقیہ ملت، جلد 1، صفحہ 344، 345، شبیر برادرز لاہور، فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 10، 11، 12، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 341، 342، 343، 344، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان، ماہنامہ اشرفیہ جنوری 2016 وغیرہ)*
*سوال 98:*
بچوں کو کس عمر سے روزہ رکھوانا چاہیے ؟
*جواب:*
بچے جب سات سال کے ہو جائیں اور روزہ رکھنے کی طاقت ہو تو روزہ رکھنے کا کہا جائے اور جب دس سال کے ہو جائیں اور روزہ رکھنے کی طاقت ہونے کے باوجود نہ رکھیں تو  مار کر روزے رکھوائیں (بشرطیکہ روزہ انہیں نقصان نہ کرے).
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 442، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 345، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 99:*
روزے کی حالت میں مردوں کا ہونٹوں پر چپسٹک لگانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں مردوں کے لئے ہونٹوں پر چپسٹک لگانا جائز ہے اور اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا البتہ اگر کسی کی ہونٹوں پر زبان پھیرنے کی عادت ہو تو وہ روزے کی حالت میں اس سے پرہیز کرے کہ اگر اس کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اگر چپسٹک کا ذائقہ منہ میں محسوس ہوتا ہو تو پھر روزے کی حالت میں بلاضرورت صحیحہ اسے ہونٹوں پر لگانا مکروہِ تنزیہی اور شرعاً ناپسندیدہ ہے.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 453، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 551، رضا فاؤنڈیشن لاہور، تفہیم المسائل، جلد 2، صفحہ 191، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 100:*
اگر بازار سے ایسی چیز خریدنا ہو کہ اس کو نہ چکھا تو نقصان ہوسکتا ہے تو کیا روزے کی حالت میں اسے چکھ سکتے ہیں ؟
*جواب:* 
اگر واقعی کوئی ایسی چیز خریدنی ہو کہ اسے نہ چکھنے سے نقصان ہو سکتا ہے تو روزے کی حالت میں اسے چکھنا بغیر کسی کراہت و ناپسندیدگی کے جائز ہے اور اگر ایسی صورتحال نہ ہو تو بلاعذر چکھنا مکروہِ تنزیہی اور شرعاً ناپسندیدہ ہے. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 453، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ:*
چکھنے سے مراد کھانا نگلنا نہیں بلکہ صرف زبان پر رکھ کر مزہ معلوم کرکے اسے تھوک دینا اور اس کے کسی جز کو حلق سے نیچے نہ جانے دینا ہے.
*(بہارِ شریعت جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 996، 997، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 101:*
کیا خونی بواسیر سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
خونی بواسیر سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ اس سے کوئی چیز منفذ (سوراخ) کے ذریعے جسم کے اندر داخل نہیں ہوتی.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 102:*
اگر طلوعِ صبحِ صادِق (یعنی سحری وقت ختم ہونے) کے بعد حیض و نفاس والی عورت پاک ہو تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
اگر طلوعِ صبحِ صادِق (یعنی سحری وقت ختم ہونے) کے بعد حیض و نفاس والی عورت پاک ہو تو اس دن کا روزہ تو نہیں رکھ سکتی، مگر دن کا بقیہ حصہ اس پر روزہ داروں کی طرح (بھوکا پیاسا) رہنا واجب ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 440، 441، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 103:*
کیا اے سی (A.C) کے سامنے سانس لینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
اے سی (A.C) کے سامنے سانس لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ اے سی کے ذریعے کوئی گیس یا لیکوڈ (مائع) وغیرہ اندر نہیں جاتا بلکہ صرف ہوا ٹھنڈی ہو کر اندر جاتی ہے، جس سے کمرے میں رہتے ہوئے بچنا ممکن نہیں.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، مدنی مذاکرہ)*
*سوال 104 :*
اگر سحری کرنے کے بعد روزے کی نیت کر لی اور ابھی سحری کرنے کا وقت باقی ہو تو کیا روزے کی نیت کے بعد کھانا پینا جائز ہے ؟
*جواب:*
اگر سحری کرنے کے بعد روزے کی نیت کرلی اور ابھی سحری کا وقت باقی ہو تو روزے کی نیت کے بعد بھی سحری کا وقت ختم ہونے سے پہلے تک کھانا پینا جائز ہے کیونکہ فقط روزے کی نیت کر لے یا سحری کر لینے سے کھانا پینا ممنوع نہیں ہو جاتا بلکہ طلوعِ صبحِ صادق سے لے کر غروبِ آفتاب تک، بہ نیتِ عبادت، کھانے پینے اور جماع سے رکے رہنے کا نام روزہ ہے.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الاول، جلد 1، صفحہ 194، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، جلد 3، صفحہ 383، 384، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 105:*
کیا عورت دردِ زہ کی وجہ سے روزہ توڑ سکتی ہے ؟
*جواب:*
عورت کو دردِ زِہْ میں اپنی یا بچے کی جان جانے کا اندیشہ ہو تو روزہ توڑ سکتی ہے.
*نوٹ:*
بچے کی پیدائش کے وقت جو درد ہوتا ہے، اسے دردِ زِہْ کہا جاتا ہے.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض المبیحۃ لعدم الصوم، جلد 3، صفحہ 464، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 106:*
اگر کسی کی آنکھ لیٹ کھلی اور اس نے یہ سمجھ کر کہ ابھی سحری کا وقت باقی ہے، کھا پی لیا، بعد میں پتہ چلا کہ سحری کا وقت تو ختم ہو چکا تھا تو اس کے روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر کسی کی آنکھ لیٹ کھلی اور اس نے یہ سمجھ کر کہ ابھی سحری کا وقت باقی ہے، کھا پی لیا بعد میں پتہ چلا کہ سحری کا وقت تو ختم ہوچکا تھا تو اِس صورت میں اُس کا روزہ نہیں ہوگا بلکہ بعد میں اس روزے کی قضا رکھنی ہوگی لیکن کفارہ واجب نہیں ہوگا اور نہ ہی گناہگار ہوگا البتہ بقیہ دن روزہ دار کی طرح بھوکا پیاسا رہنا اس پر واجب ہوگا، اگر کھانا پینا جاری رکھا تو گناہگار ہوگا.
*(مختصر فتاویٰ اہلِ سنت، قسط اول، صفحہ 91، 92، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 107:*
کیا عورت روزے کی حالت میں کھانا وغیرہ چکھ سکتی ہے ؟
*جواب:*
اگر کسی عورت کا شوہر ظالم یا غصے والا ہو اور کھانے میں نمک اور مرچ مصالحے کی کمی بیشی کی وجہ سے مارتا ہو یا ڈانٹ ڈپٹ کرتا ہو تو روزے کی حالت میں وہ کھانا وغیرہ چکھ سکتی ہے مگر بغیر عذر کے چکھنا مکروہِ تنزیہی (یعنی شرعاً ناپسندیدہ عمل) ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 453، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ :*
چکھنے کی صورت میں پوری احتیاط کی جائے کہ غذا کا کوئی ذرہ حلق سے نیچے نہ اترے کیونکہ اگر روزہ یاد ہوتے ہوئے چکھتے وقت غذا کا کوئی ذرہ حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
*(ملخصاً فیضانِ رمضان مُرَمَّمْ، صفحہ 138، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 108:*
کیا روزے کی حالت میں درد کم کرنے والی پٹی باندھ سکتے ہیں ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں درد کم کرنے والی پٹی باندھ سکتے ہیں، اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا.
*(فتاوی اہلسنت، احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 16، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 109:*
اگر روزے کی حالت میں زہریلے حشرات الارض جیسے سانپ بچھو وغیرہ ڈس لیں تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں زہریلے حشرات الارض جیسے سانپ بچھو وغیرہ ڈس لیں تو ان کے ڈسنے کی وجہ سے روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ اگر جان جانے کا اندیشہ ہو تو روزہ توڑ کر بعد میں اس کی قضا رکھ لی جائے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض المبیحۃ لعدم الصوم، جلد 3، صفحہ 462، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 110:*
روزے کی حالت میں طاقت حاصل کرنے کے لیے اور بھوک پیاس ختم کرنے کیلئے ڈرپ لگوانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کسی نے روزے کی حالت میں طاقت حاصل کرنے اور بھوک پیاس ختم کرنے کے لیے ڈرپ لگوائی تو اگرچہ اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا مگر ان مقاصد کیلئے روزے کی حالت میں ڈرپ لگوانا مکروہ ہے کیونکہ یہ روزے کے مقاصد (مثلاً بھوک، پیاس کا احساس وغیرہ) کے خلاف ہے.
*(فتاویٰ بریلی شریف، صفحہ 362، 363، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 111:*
بواسیر کا ایک مریض ہے، جب وہ قضائے حاجت کے لئے جاتا ہے تو قضائے حاجت مکمل نہیں ہو پاتی اور قبض کا شکار ہو جاتا ہے اور اگر قضائے حاجت سے پہلے ڈابر لال منجن استعمال کر لے تو مکمل قضائے حاجت ہو جاتی ہے تو کیا مکمل قضائے حاجت کے لئے روزے کی حالت میں بواسیر کا ایسا مریض ڈابر لال منجن استعمال کر سکتا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں بواسیر کا ایسا مریض (جس کا سوال میں ذکر کیا گیا) ڈابر لال منجن اس طرح مکمل احتیاط کے ساتھ استعمال کر سکتا ہے کہ اس کا کوئی جز حلق سے نیچے نہ اترے، یعنی دانتوں پر لگا کر انگلی یا برش کی مدد سے مَل کر کلی کر دے اور اچھی طرح منہ صاف کر لے، البتہ اس منجن کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا اور روزہ بھی یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 551، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 112:*
روزے کی حالت میں آنکھوں میں آبِ زَمْ زَمْ ڈالنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کوئی روزے کی حالت میں روزہ یاد ہونے کے باوجود آنکھوں میں آبِ زَم زَم (یا کوئی اور پانی ڈالے) گا تو روزہ ٹوٹ جائے گا، کیونکہ جدید طبی تحقیق کے مطابق آنکھ اور حلق کے درمیان مَنْفَذْ (واضح سوراخ) موجود ہے، لہٰذا جب کوئی روزہ دار روزہ یاد ہونے کے باوجود اپنے فعل سے قصداً آنکھ میں پانی ڈالے گا تو پانی منفذ کے ذریعے جوف (یعنی معدہ یا معدہ تک جانے والے اندرونی راستے) تک پہنچ جائے گا، اور کسی چیز کا منفذ کے ذریعے جوف تک پہنچنا روزے کو توڑ دیتا ہے۔
*(ماخوذ از فتاوی قاضی خان، کتاب الصوم، الفصل الخامس فیما لایفسد الصوم، جلد 1، صفحہ 100، 101، جدالممتار علی ردالمحتار، جلد 4، صفحہ 247، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاوی بزازیہ وغیرہ)*
*سوال 113:*
اگر کسی نے احتلام کے بعد یہ سمجھ کر کھا پی لیا کہ روزہ ٹوٹ گیا ہے تو کیا اس پر کفارہ واجب ہوگا ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں احتلام ہونے سے روزہ نہیں ٹوٹتا لیکن اگر کسی کو احتلام ہوا اور اس نے یہ گمان کر کے کھا پی لیا کہ احتلام سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے تو اس پر صرف اس روزے کی قضا لازم ہوگی، کفارہ لازم نہیں ہوگا. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 419، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ:* 
سوتے ہوئے غسل فرض ہو جائے (یعنی منی خارج ہو جائے) تو اسے احتلام کہتے ہیں.
*سوال 114:*
اگر روزے کی حالت میں عورت کو استحاضہ یعنی بیماری کا خون آنا شروع ہو جائے تو روزے کا کیا حکم ہو گا ؟ 
*جواب:*
استحاضہ یعنی بیماری کا خون روزے کے منافی (خلاف) نہیں ہے اور نہ اس حالت میں روزہ معاف ہوتا ہے، لہٰذا روزے کی حالت میں استحاضہ یعنی بیماری کے خون سے روزہ نہیں ٹوٹتا، عورت روزے کو مکمل کرے گی. 
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الطھارۃ، الباب السادس في الدماء المختصۃ بالنساء، الفصل الرابع، جلد 1، صفحہ 49، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 115:*
کیا امتحانات کی وجہ سے رمضان المبارک کا روزہ چھوڑنا جائز ہے ؟
*جواب:*
امتحانات کی وجہ سے رمضان المبارک کا روزہ چھوڑنا جائز نہیں ہے. 
*(مختصر فتاوٰی اہل سنت، صفحہ 96، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 116:*
اگر روزے کی حالت میں ویلڈنگ (Welding) کا کام کرنے والے کے ناک اور منہ میں دھواں چلا جائے تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں ویلڈنگ (Welding) کا کام کرنے والے کے ناک اور منہ میں خودبخود دھواں چلا جائے تو اس سے ویلڈر کا روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ ویلڈر اس دھویں کو اپنے قصد و ارادے سے اندر نہیں لے کر جا رہا اور نہ ہی اس دھویں سے اس کا بچنا ممکن ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، جدالممتار علی ردالمحتار، جلد 4، صفحہ 246، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 117:*
اگر کوئی کافر مسلمان کو افطاری کا سامان دے تو کیا مسلمان کافر کے دیئے ہوئے سامان سے افطاری کر سکتا ہے ؟
*جواب:*
اگر کوئی کافر مثلاً ہندو وغیرہ مسلمان کو افطاری کا سامان دے اور وہ گوشت کے علاوہ ہو تو مسلمان کافر کے دیئے ہوئے اس سامان سے افطاری کر سکتا ہے.
*(فتاوی عالمگیری، جلد 5، صفحہ 347)*
*سوال 118:*
روزے کی حالت میں زخم پر مرہم و دوا لگانا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں زخموں پر مرہم و دوا لگانا بالکل جائز ہے اور اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا کیونکہ دوا کا اثر مساموں (جسم کے انتہائی باریک سوراخوں) کے ذریعہ اندر جاتا ہے، منفذ (واضح سوراخ) کے ذریعے نہیں جاتا. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 119:*
کیا روزے کی حالت میں لیکوریا آنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
لیکوریا روزے کے منافی (خلاف) نہیں، لہٰذا روزے کی حالت میں لیکوریا آنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ماخوذ از مسندِ ابو یعلیٰ، مسندِ عائشہ رضی اللہ عنہا، جلد 8 صفحہ 75 دارالمامون للتراث دمشق، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 120:*
اگر کوئی گل منجن کا عادی ہو تو اسے گل منجن کے بغیر قضائے حاجت مکمل نہیں ہو پاتی اور قبض کا شکار ہو جاتا ہے اور اگر قضائے حاجت سے پہلے گل منجن استعمال کر لے تو مکمل قضائے حاجت ہو جاتی ہے تو کیا مکمل قضائے حاجت کے لئے روزے کی حالت میں ایسا شخص گل منجن استعمال کرسکتا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں ایسا مریض جس کا سوال میں ذکر کیا گیا وہ اگر گُلْ منجن اس طرح مکمل احتیاط کے ساتھ استعمال کرے کہ پہلے ہتھیلی پر گل نکال کر پانی سے بھگو دے، پھر اسے اس احتیاط کے ساتھ دانتوں پر مل کر منہ اچھی طرح دھو لے کہ گل منجن کا کوئی جز حلق سے نیچے نہ اترے، البتہ اگر اس منجن کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا اور روزہ بھی یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(مرکز تربیت افتاء، جلد 1، صفحہ 470، فقیہ ملت اکیڈمی، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 551، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 121:*
اگر کسی روزے دار کے ہونٹ پر زخم ہو اور وہ ہونٹ کے چمڑے کو کھینچے، جس کی وجہ سے خون نکل کر حلق سے نیچے چلا جائے اور حلق میں ذائقہ بھی محسوس ہو تو روزے کا کیا حکم ہو گا ؟ 
*جواب:*
اگر ہونٹ سے نکلنے والا خون حلق میں چلا گیا اور حلق میں ذائقہ بھی محسوس ہوا تو اس کی دو صورتیں بنتی ہیں :
1- اگر اسے روزہ دار ہونا یاد نہیں تھا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
2- اگر اسے روزہ دار ہونا یاد تھا تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس روزے کی قضا کرنی ہوگی اور روزہ ٹوٹنے کے باوجود دن بھر روزہ دار کی طرح بھوکا پیاسا رہنا واجب رہے گا.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 422، 440، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 122:*
اگر کسی کی سحری کے وقت آنکھ نہ کھلی تو کیا اس کے لئے روزہ چھوڑنا جائز ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کسی کی سحری کے وقت آنکھ نہ کھلی اور سحری کے بغیر اس کے اندر روزہ رکھنے کی طاقت ہے تو اس کے لئے روزہ چھوڑنا جائز نہیں ہوگا اور اس میں وہ سحری کے وقت کے ختم ہونے سے روزے کی نیت کرے گا بشرطیکہ سحری کا وقت ختم ہونے کے بعد کچھ کھایا پیا نہ ہو، اور اگر سحری کے بغیر روزے کی طاقت نہ ہو، اس طرح کہ اسے ظنِ غالب ہو کہ وہ بغیر سحری کے روزہ مکمل کرنے سے مرجائے گا یا عقل چلی جائے گی یا بیمار ہوجائے گا یا بیہوش ہو جائے گا تو اس کے لئے روزہ چھوڑنا جائز ہوگا، لیکن ایک مرتبہ کھا پی لینے کے بعد دن بھر روزہ دار کی طرح بھوکا پیاسا رہنا واجب ہو گا.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، جلد 3، صفحہ 440، 462، 463، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 123:*
روزے کی حالت میں کسی نے دھاکہ منہ میں اس طرح ڈالا کہ اس کا ایک سرا حلق سے نیچے اتر گیا اور دوسرا سرا ہاتھ میں رہا پھر اس نے کھینچ کر دھاگے کو باہر نکال لیا تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں کسی نے دھاکہ منہ میں اس طرح ڈالا کہ اس کا ایک سرا حلق سے نیچے اتر گیا اور دوسرا سرا ہاتھ میں رہا پھر اس نے کھینچ کر دھاکہ منہ سے نکال لیا تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا، البتہ اگر ایسا رنگین دھاگہ منہ میں رکھا جس کی رنگت سے تھوک رنگین ہوگیا پھر وہ اس تھوک کو نگل گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و ما لایفسد، جلد 1، صفحہ 203، 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 423، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 124:* 
اگر کوئی حکیم روزے کی حالت میں کوئی دوا کوٹ رہا ہو اور اسے دوا کا ذائقہ حلق میں محسوس ہو تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب:* 
اگر کوئی حکیم روزے کی حالت میں کوئی دوا کوٹ رہا ہو اور اسے دوا کا ذائقہ حلق میں محسوس ہو تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا.
*(فتح القدیر، کتاب الصوم، باب ما یوجب القضاء والکفارۃ، جلد 2، صفحہ 257، 258، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 419، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 125:*
اگر کسی نے نیند کی حالت میں پانی پی لیا یا کچھ کھا لیا تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا؟
*جواب:* 
اگر کسی نے نیند کی حالت میں پانی پی لیا یا کچھ کھا لیا تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و ما لایفسد، جلد 1، صفحہ 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 987، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 126:*
اگر کسی نے روزے کی حالت منہ میں تھوک کو جمع کرکے نگل لیا تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب:*
اگر کسی نے روزے کی حالت منہ میں تھوک کو جمع کرکے نگل لیا تو اس کا روزہ تو نہیں ٹوٹے گا لیکن اس کا یہ فعل مکروہ و ناپسندیدہ ضرور ہے.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الثالث فيما یکرہ للصائم و ما لا یکرہ، جلد 1، صفحہ 199، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 127:*
رمضان المبارک میں ایسا سخت کام کرنا کہ جس سے کمزوری آجائے اور روزہ توڑنے کا ظنِ غالب ہو جائے تو کیا حکم ہے ؟ 
*جواب:*
رمضان المبارک کے دنوں میں ایسا سخت کام کرنا کہ جس سے اتنی کمزوری آجائے کہ روزہ توڑنے کا ظنِ غالب ہوجائے تو روزے کی حالت میں ایسا سخت کام کرنا جائز نہیں ہے جیسے نانبائی، معمار، مزدور اور دیگر مشقت کے کام کرنے والے ہوتے ہیں تو اگر ان کو روزے کی حالت میں دن بھر کام کرنے کی وجہ سے اتنی کمزوری آ جائے گی کہ روزہ توڑنے کا ظنِ غالب ہو جائے گا تو پھر ان کے لئے دن بھر ایسے کام کرنا جائز نہیں ہوں گے، لہٰذا ان سب کو چاہیے کہ دوپہر تک کام کرکے بقیہ دن آرام کریں.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 460، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 998، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 128:* 
ایک روزے کا فدیہ کتنا ہوتا ہے؟ 
*جواب:* 
ایک روزے کا فدیہ، ایک مسکین کو دو وقت کا پیٹ بھر کر کھانا کھلانا ہے یا ایک صدقہ فطر کی مقدار ہے اور صدقہ فطر کی مقدار دو کلو میں سے 80 گرام کم گندم یا اس کا آٹا یا اس کی رقم ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 471، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فیضانِ رمضان مُرَمَّمْ، صفحہ 147، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*نوٹ:*
جس کو اللہ پاک نے مالی وسعت سے نوازا ہے، اسے چاہیے کہ وہ فدیہ جَو یا کھجور یا کشمش کے حساب سے دے اور ان سب میں سے ہر ایک کی مقدار ایک صاع یعنی 4 کلوگرام میں سے 160 گرام کم ہے یا اس کی قیمت ہے.
*(تحقیقات امام علم و فن،  صفحہ 378، 379، 380، ناشر مکتبۃ الرضا کراچی، تفسیر صراط الجنان، جلد 1، صفحہ 292، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 129:*
کیا بوڑھا شخص روزے رکھنے کے بجائے روزوں کا فدیہ دے سکتا ہے ؟ 
*جواب:*
اگر کوئی شخص اتنا بوڑھا اور کمزور ہو گیا ہے کہ اب نہ وہ روزہ رکھ سکتا ہے اور نہ ہی آیِنْدہ روزہ رکھنے کی طاقت آنے کی امید ہے تو اُسے روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے، لہٰذا وہ ہر روزے کے بدلے میں ایک فدیہ دیدے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 471، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 130:* 
اگر روزے کا فدیہ دینے کے بعد روزہ رکھنے کی طاقت آ گئی تو کیا روزے کی قضا رکھنا لازم ہو گی ؟ 
*جواب:* 
اگر روزے کا فدیہ دینے کے بعد روزہ رکھنے کی طاقت آ گئی تو جو فدیہ دیا تھا، وہ نفلی صدقہ ہو جائے گا اور روزے کی قضا رکھنا لازم ہوجائے گی.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 207، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 131:*
مساجد میں سحری اور افطاری کے وقت سائرن بجانا شرعاً کیسا ہے ؟
*جواب:*
اگر سحری اور افطاری کے وقت سائرن کسی ماہرِ علمِ توقیت سنی عالِم کے ترتیب شدہ نقشہ کے مطابق بجایا جائے (جیسے مجلسِ توقیت دعوتِ اسلامی کے ترتیب شدہ نقشے ہیں) تو اس (سائرن بجانے) کے جائز ہونے میں کلام نہیں ہے.
*(ماخوذ از بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 987، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 132:*
کیا دعوت کی وجہ سے نفلی روزہ توڑنا جائز ہے ؟
*جواب:*
اگر دعوت نہ کھانے کی وجہ سے مہمان یا میزبان کو اذیت و تکلیف ہو تو ضحوی کبری (یعنی زوال) سے پہلے پہلے نفلی روزہ توڑنا جائز ہے بشرطیکہ اس روزے کی قضا رکھنے کا بھروسہ ہو.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد  1، صفحہ 208، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 475، 476، 477، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 133:*
کیا روزہ دار روزے کی حالت میں دانتوں کا خلال کر سکتا ہے ؟ 
*جواب:*
رات کا کھانا دانتوں میں چھوڑنا ہی نہیں چاہیے کہ دن میں اسے خلال کے ساتھ نکالنا پڑے، البتہ اگر سحری سے فارغ ہوتے ہی سحری کا وقت ختم ہو گیا تو روزے کی حالت میں دانتوں کا خلال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے.
(خلاصہ کلام یہ نکلا کہ بہتر ہے کہ سحری کے وقت میں خلال کر لے لیکن اگر روزے کی حالت میں بھی خلال کر لیا تو کوئی حرج نہیں ہے.)
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 518، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 134:*
روزے کی حالت میں مباشرتِ فاحشہ کرنا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں مباشرتِ فاحشہ کرنا (یعنی ننگے بدن اس طرح لپٹنا کہ شرم گاہیں ایک دوسرے سے مَسْ یعنی ٹَچْ ہوں) مکروہ ہے، ہمبستری میں واقع ہونے اور انزال ہونے (یعنی منی نکلنے ) کا اندیشہ ہو یا نہ ہو. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، مطلب فیما یکرہ للصائم، جلد 3، صفحہ 454، 455، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 559، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 135:*
روزے کی حالت میں بوسہ فَاحِشَہ (ہونٹوں کو ہونٹوں میں لیکر چبانے) کا کیا شرعی حکم ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں بوسہ فَاحِشَہ (یعنی ہونٹوں کو ہونٹوں میں لیکر چبانا) مکروہ ہے، چاہے ہمبستری میں واقع ہونے اور انزال ہونے (یعنی منی نکلنے) کا اندیشہ ہو یا نہ ہو. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، مطلب فیما یکرہ للصائم، جلد 3، صفحہ 454، 455، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 559، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 136:* 
روزے کی حالت میں میاں بیوی کا ایک دوسرے کی زبان کو چوسنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں میاں بیوی کا ایک دوسرے کی زبان اس طرح چوسنا کہ جو لعاب (یعنی تھوک) ایک دوسرے کا منہ میں آئے، اُسے تھوک دیا جائے تو یہ مطلقاً مکروہ ہے، خواہ ہمبستری میں مبتلا ہونے اور منی نکلنے کا اندیشہ ہو یا نہ ہو.
اور اگر ایک دوسرے کا لُعاب حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ہی ٹوٹ جائے گا بشرطیکہ روزہ یاد ہو، بلکہ اگر روزہ یاد ہونے کے باوجود لذت کے ساتھ جان بوجھ کر لعاب نگل لیا تو کفارہ بھی لازم ہو جائے گا بشرطیکہ کفارہ لازم ہونے کی دیگر شرائط بھی پائی جائیں. 
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 559، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 137:*
کیا روزے کی حالت میں بیوی کی شرمگاہ دیکھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں بیوی کی شرمگاہ دیکھنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، اگرچہ بار بار دیکھے، اور اگر بار بار نظر کرنے کی وجہ سے چھوئے بغیر انزال ہوجائے (یعنی منی خارج ہو جائے) تب بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا لیکن یہ صورت مکروہ ضرور ہے. 
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 560، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 138:*
روزے کی حالت میں پودینے کی بھاپ لینا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں پودینے کی بھاپ نہیں لے سکتے، اگر روزہ یاد ہونے کے باوجود پودینے کی بھاپ لی تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اس روزے کی قضا لازم ہوجائے گی . 
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 139:*
روزے کی حالت میں نسوار سونکھنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں نسوار سونگھنے کی درج ذیل تین صورتیں بنتی ہیں :
1- اگر روزہ یاد ہونے کے باوجود ناک میں نسوار رکھ کر سونگھی تو روزہ ٹوٹ جائے گا کیونکہ اس صورت میں نسوار کے ذرات دماغ تک پہنچ جائیں گے.
2- اگر روزہ یاد ہونے کے باوجود نسوار ناک میں ڈالے بغیر باہَر سے اس طرح سونگھی کہ نسوار کے ذرات دماغ تک پہنچ گئے تو اس سے بھی روزہ ٹوٹ جائے گا. 
3- اگر روزہ یاد ہونے کے باوجود نسوار ناک میں ڈالے بغیر باہَر سے اس طرح سونگھی کہ نسوار کے ذرات دماغ تک نہ پہنچے تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
چونکہ روزے کی حالت میں نسوار سونگھنے کی دوصورتیں روزہ توڑ دیتی ہیں، اس لئے روزے کی حالت میں نسوار سونگھنے سے بچنا چاہیے.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 140:*
روزے کی حالت میں پلاسٹک پیکنگ میں بند کی گئی مسواک کرنا کیسا ہے ؟ 
*جواب:*
مسواک کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے کیمیکل لگا کر پلاسٹک کی پیکنگ میں بند کر دیا جاتا ہے تو اگر پلاسٹک پیکنگ میں بند کی گئی مسواک کرنے سے ذائقہ محسوس نہ ہو تو روزے کی حالت میں ایسی مسواک کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے اور اگر اس کا ذائقہ محسوس ہو تو پھر روزے کی حالت میں ایسی مسواک کرنے سے بچنا چاہیے.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 419، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 20، صفحہ 511، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 141:*
جدید طبی تحقیق کے مطابق آنکھ اور حلق کے درمیان مَنْفَذْ (یعنی واضح سوراخ) ثابت ہے تو اگر نہاتے ہوئے آنکھ میں شیمپو یا صابن چلا جائے تو کیا اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
اگر نہاتے ہوئے آنکھ میں شیمپو یا صابن چلا جائے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ ایک تو اُس نے قَصداً و اِرادَۃً آنکھ میں صابن یا شیمپو نہیں ڈالا، دوسرا اس سے بچنا بھی ممکن نہیں.
*(ماخوذ از فتاوی قاضی خان، کتاب الصوم، الفصل الخامس فیما لایفسد الصوم، جلد 1، صفحہ 100، 101، جدالممتار علی ردالمحتار، جلد 4، صفحہ 247، مکتبۃ المدینہ کراچی، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، 422، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاویٰ بزازیہ، فتاوٰی رضویہ وغیرہ)*
*سوال 142:*
ہومیو پیتھک کے طریقہ علاج میں روزے کی حالت میں ہومیو پیتھک دوا کا قطرہ زبان پر ڈالا جاتا ہے جو زبان کے مساموں میں جذب ہوکر ڈائریکٹ خون میں شامل ہو جاتا ہے اور حلق میں اس دوا کا کوئی اثر نہیں جاتا تو روزے کا کیا حکم ہو گا ؟ 
*جواب:*
ہومیو پیتھک کے مذکورہ طریقہ علاج میں اگر واقعی دوا زبان کے مساموں میں جذب ہوکر ڈائریکٹ خون میں شامل ہو جاتی ہے اور حلق میں دوا کا کوئی ذرہ نہیں جاتا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا اور اگر اس طریقہ علاج میں دوا کا کوئی ذرہ حلق میں گیا اور اس دوا کا ذائقہ حلق میں محسوس ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا. 
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 143:*
اگر کوئی روزے کی حالت میں اپنی انگلی، مَقْعَد (یعنی پاخانے کے مقام) میں داخل کرے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
اگر کوئی روزے کی حالت میں، روزہ یاد ہونے کے باوجود اپنی انگلی تر کر کے مقعد (یعنی پاخانے کے مقام) میں داخل کرے گا تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا، اور خشک انگلی داخل کرے گا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و ما لایفسد، جلد 1، صفحہ 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 424، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 144:*
اگر کوئی عورت روزے کی حالت میں اپنی انگلی، فَرج (یعنی اپنی اگلی شرم گاہ) میں داخل کرے گی تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
اگر کوئی عورت روزے کی حالت میں، روزہ یاد ہونے کے باوجود اپنی انگلی تر کرکے فَرج (یعنی اگلی شرم گاہ) میں داخل کرے گی تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا اور اگر خشک انگلی داخل کرے گی تو روزہ نہیں ٹوٹے گا.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و ما لایفسد، جلد 1، صفحہ 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 424، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 145:*
کیا روزے کی حالت میں کمرے میں مچھر مار جلیبی جلا سکتے ہیں ؟ 
*جواب:*
جی ہاں! روزے کی حالت میں کمرے میں مچھر مار جلیبی جلا سکتے ہیں، اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، البتہ اگر روزہ یاد ہونے کے باوجود مچھر جلیبی پر ناک رکھ کر دھواں کھینچا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 146:*
کیا عیدالفطر کے دوسرے دن کو روزہ رکھنا جائز ہے ؟ 
*جواب:*
جی ہاں! عیدالفطر کے دوسرے دن کو روزہ رکھنا جائز ہے کیونکہ صرف عیدالفطر کے پہلے دن یعنی یکم شوال المکرم کو روزہ رکھنا مکروہِ تحریمی اور ناجائز و گناہ ہے، اس کے بعد بقیہ پورے مہینے میں روزہ رکھنے کی ممانعت نہیں ہے. 
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الاول، جلد 1، صفحہ 194، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 147:*
کیا بچے کی ولادت سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ 
*جواب:*
روزے کی حالت میں بچے کی ولادت (پیدا ہونے) سے روزہ نہیں ٹوٹتا، لیکن جب ولادت ہوتے ہی نفاس کا خون جاری ہوتا ہے تو اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، بعد میں روزے کی قضا رکھے گی، اگر وہ روزہ فرض تھا تو اس روزے کی قضا بھی فرض ہے، اگر نفلی روزہ تھا تو اس روزے کی قضا واجب ہے.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 207، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الطھارۃ، باب الحیض، مطلب : لو افتی مفت بشئی من ھذہ الاقوال ۔۔۔الخ، جلد 1، صفحہ 533، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 382، 1004، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 148:*
اگر روزے کی حالت میں جھاڑو دینے کے دوران مٹی و غبار اڑ کر عورت کے حلق میں چلا گیا تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں جھاڑو دینے کے دوران مٹی و غبار اڑ کر عورت کے حلق میں چلا گیا تو  اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا، اگرچہ اس کو روزہ دار ہونا یاد ہو.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 982، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 149:*
اگر آٹا پیسنے کے دوران، چکی والے کے حلق میں آٹے کا غُبار چلا گیا تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب:*
اگر آٹا پیسنے کے دوران، چکی والے کے حلق میں آٹے کا غُبار چلا گیا تو اس کا نہیں روزہ ٹوٹے گا، اگرچہ اس کو روزہ دار ہونا یاد ہو.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 982، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 150:*
کیا والدین کی ناراضی کی وجہ سے نفلی روزہ توڑنا جائز ہے ؟ 
*جواب:*
جی ہاں! والدین کی ناراضی کی وجہ سے عصر سے پہلے پہلے نفلی روزہ توڑنا جائز ہے لیکن عصر کے بعد توڑنا جائز نہیں ہے. 
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 208، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض ، جلد 3، صفحہ 477، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال نمبر151:* 
کیا آنکھ میں عرقِ گلاب ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
*جواب :*
چونکہ جدید طبی تحقیق کے مطابق آنکھ اور حلق کے درمیان منفذ (واضح سوراخ) موجود ہے، لہٰذا روزہ یاد ہوتے ہوئے اگر کسی نے آنکھوں میں عرقِ گلاب ڈالا تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدرالمختار کتاب الصوم، باب مایفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 152:*
کیا عورت مخصوص ایام میں یعنی حیض و نفاس کے دنوں میں روزہ ركھ سکتی ہے ؟
*جواب :*
مخصوص ایام میں عورت کے لئے روزہ رکھنا ناجائز و حرام ہے، اسے اختیار ہے کہ ان دنوں میں چھپ کر کھائے یا علانیہ کھلے عام کھائے لیکن چھپ کر کھانا اس کے لیے افضل ہے.
*(مختصر فتاویٰ اہل سنت، صفحہ 10، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 153:*
اگر گرمی کی وجہ سے والدین بالغ بچوں کو روزہ رکھنے سے منع کریں تو کیا حکم ہے ؟
*جواب :*
رمضان المبارک کے روزے ہر عاقل بالغ مسلمان مرد و عورت پر فرض ہیں، بغیر شرعی عذر کے انہیں چھوڑنا جائز نہیں ہے اور گرمی چونکہ فرض روزے چھوڑنا کا عذر نہیں ہے، لہٰذا اگر گرامی کی وجہ سے والدین روزہ رکھنے سے منع کریں تو گناہگار ہوں گے اور بالغ بچے بھی روزہ نہ رکھنے کی وجہ سے گناہگار ہوں گے.
*(مختصر فتاوی اہل سنت، صفحہ 96، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 154:*
اگر گرمی کی وجہ سے والدین نابالغ بچوں کو روزہ رکھنے سے منع کریں تو کیا حکم ہے ؟
*جواب :*
وہ نابالغ بچے جو سات سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہوں اور ان کو روزہ رکھنے کی وجہ سے نقصان کا اندیشہ ہو تو والدین ان کو روزہ رکھنے سے منع کر سکتے ہیں اور اگر روزہ رکھنے کی وجہ سے انہیں نقصان کا اندیشہ نہ ہو تو پھر والدین منع نہیں کرسکتے، اگر منع کریں گے تو گناہگار ہوں گے.
*(مختصر فتاوی اہل سنت، صفحہ 96، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 155:*
اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے روزے کی فرضیت کا انکار کرے تو اس کے لیے کیا حکم ہے ؟
*جواب :*
اگر کوئی شخص معاذاللہ رمضان المبارک کے روزے کی فرضیت کا انکار کرے تو وہ کافر ہے.
*(فتاویٰ رضویہ، جلد 14، صفحہ 356، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 156:*
رمضان المبارک کی آمد پر اس طرح کہنا کیسا ہے کہ : "بہت بھاری مہینہ آگیا ہے" ؟
*جواب :*
اگر رمضان المبارک کی توہین کی نیت سے  اس طرح کہا کہ :
"بہت بھاری مہینہ آگیا ہے" تو یہ کافر ہوجائے گا.
*(البحر الرائق شرح کنز الدقائق، جلد 5، صفحہ 206، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)* 
اور اگر توہین کی نیت سے نہیں کہا بلکہ اس لیے کہا ہے کہ روزے رکھنا اس کے لئے مشکل ہوتے ہیں تو پھر اگرچہ کفر نہیں ہے لیکن اس طرح نہیں کہنا چاہیے کہ اللہ پاک کی عبادت سے دل تنگ ہونا اچھا نہیں ہے.
*(کفریہ کلمات کے بارے سوال جواب، صفحہ 379، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 157:*
جو شخص کسی مسلمان کو  رمضان المبارک کا روزہ رکھنے کی وجہ سے برا بھلا کہے تو اس کے لئے کیا حکم ہے ؟
*جواب :*
جو شخص کسی مسلمان کو  رمضان المبارک کا روزہ رکھنے کی وجہ سے برا بھلا کہے تو وہ کافر ہے.
*(فتاویٰ رضویہ، جلد 1،  صفحہ 356، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 158:*
اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے متعلق یوں کہے کہ :
"روزہ تو وہ رکھے جس کے پاس کھانے پینے کو کچھ نہ ہو".
تو ایسے شخص کیلیے کیا حکم ہے؟
*جواب :*
ایسا جملہ بول کر اس شخص نے کفر بکا ہے اور اس جملہ میں رمضان المبارک کی توہین کے ساتھ ساتھ  رمضان المبارک کے روزے کی فرضیت کا انکار بھی پایا جارہا ہے.
*(کفریہ کلمات کے بارے سوال جواب، صفحہ 378، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 159:*
اگر کسی نے رمضان المبارک کی آمد پر یوں کہا کہ:
"کافر ہوتے تو بہتر تھا کہ یہ 30 روزے تو نہ رکھنے پڑتے."
تو ایسے شخص کیلیے کیا حکم ہے ؟
*جواب :*
معاذاللہ ایسا شخص اسلام سے نکل کر کافر مرتد ہوگیا ہے اور اگر شادی شدہ ہے تو اس کی بیوی اس کے نکاح سے نکل گئی ہے وہ عدت گزار کر جہاں چاہے نکاح کرسکتی ہے، اس شخص پر لازم ہے کہ اس خبیث کلمے سے توبہ کرکے نئے سرے سے اسلام قبول کرے اور پھر دوبارہ نکاح کرے.
*(فتاویٰ رضویہ، جلد 14، صفحہ 235، 236، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 160:*
آجکل اذان کے دوران سحری کرنے کے متعلق سننِ ابو داؤد کی حدیث مبارکہ سینڈ کی جارہی ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ :
"اذان ہوجائے اور کھانا تمہارے سامنے ہو تو اپنے ہاتھوں کو نہ روکو بلکہ سحری کرتے رہو۔" 
کیا واقعی اذانِ فجر کے دوران کھا پی سکتے ہیں؟
*جواب :*
قرآنِ پاک اور صحیح احادیثِ مبارکہ کے حکم کے مطابق سحری کا وقت طلوعِ صبحِ صادق (فجر) تک ہے، جب صبح صادق طلوع ہوجائے تو سحری کا وقت ختم ہوجاتا ہے اور روزہ شروع ہوجاتا ہے، لہذا طلوعِ صبحِ صادق کے بعد کھانا پینا حرام ہے جو کھائیں گے ان روزہ ہرگز نہیں ہوگا۔
*(پارہ 2، سورۃ البقرۃ : 187، تفسیر طبری، جلد 2، صفحہ 150، المکتبۃ الطارق کابل افغانستان، صحیح مسلم، باب بیان ان الدخول فی الصوم یحصل بطلوع الفجر ،جلد 1، صفحہ 350، مطبوعہ کراچی)*
رہی بات سننِ ابو داؤد والی حدیثِ مبارکہ کی تو علامہ ابن ابی حاتم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب "کتاب العلل" میں اپنے والد ابوحاتم رحمۃ اللہ علیہ کا قول اس حدیث پاک کے حوالے سے ذکر کیا کہ :
"یہ حدیثِ مبارکہ صحیح نہیں ہے۔"
پھر بھی محدثین کرام نے اس حدیث مبارکہ کی چند توجیہات بیان کی ہیں، ہم پہلے وہ حدیثِ مبارکہ نقل کریں گے، پھر اس کے چند توجیہات کو بیان کریں گے۔
چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
*"اذاسمع احدکم النداء و الاناء علی یدہ فلایضعہ حتی یقضی حاجتہ منہ"*
یعنی جب تم میں سے کوئی نداء سنے اس حال میں کہ برتن اس کے ہاتھ میں ہو تو اسے نہ رکھے یہاں تک کہ اس سے اپنی حاجت پوری کر لے۔
*(سنن ابی داؤد، باب فی الرجل یسمع النداء و الاناء علی یدہ، جلد 2، صفحہ 304، مطبوعہ بیروت)*
اس حدیث مبارکہ میں نداء کا لفظ مذکور ہے، جس کے معنی کے اندر کئی احتمالات ہیں :
1- نداء سے مراد مغرب کی اقامت ہے، فجر کی اذان مراد نہیں ہے۔
*(التنویر شرح جامع الصغیر، جلد 2، صفحہ 97، مطبوعہ ریاض)*
2- نداء سے مراد اذان ہے اور مغرب کی اذان مراد ہے، فجر کی اذان مراد نہیں ہے۔
*(مرقاۃ المفاتیح، کتاب الصوم، الفصل الثانی، جلد 4، صفحہ 422، مطبوعہ کوئٹہ، فیض القدیر شرح جامع الصغیر جلد اول صفحہ 377 دارالکتب العلمیہ بیروت)*
3- نداء سے مراد وہ اذان ہے جو فجر سے پہلے سحری کا وقت ختم ہونے سے پہلے حضرت بلال رضی اللہ عنہ دیتے تھے، فجر کی اذان مراد نہیں ہے۔
*(فیض القدیر شرح جامع الصغیر، جلد 1، صفحہ377، دارالکتب العلمیہ بیروت، معالم السنن ،کتاب الصوم ، جلد 2، صفحہ 106، المکتبۃ العلمیہ، مرقاۃ المفاتیح، جلد 4، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
4- اور اگر اس سے فجر کی اذان ہی مراد ہو تو یہ حکم ابتدائے اسلام میں لوگوں کی آسانی کے لیے تھا جسے بعد میں منسوخ کر دیا گیا۔
*(مرقاۃ المفاتیح، کتاب الصوم، باب فی مسائل متفرقۃ، الفصل الثانی، جلد 4، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 161:*
صحت مند آدمی کا نوکری کی وجہ سے یا مزدوری کی وجہ سے رمضان المبارک کا فرض روزہ چھوڑنا کیسا ہے؟ 
(ایسا شخص کہتا ہے کہ میں روزہ رکھ کر نوکری یا مزدوری نہیں کر سکتا).
*جواب :*
روزہ اسلام کے ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے، بلاوجہِ شرعی اس کو چھوڑنا ناجائز وگناہ ہے، اور نوکری کرنا یا مزدوری کرنا کوئی ایسا عذر نہیں کہ رمضان المبارک کا روزہ ہی چھوڑ دیا جائے بلکہ حکم یہ ہے کہ روزہ رکھ کر کام کیا جائے اور اگر کام کی وجہ سے روزہ رکھنے میں دشواری آتی ہے تو کام کی مقدار کم کر لینی چاہئے۔
*(فتاویٰ اہلسنت، احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 4، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 162:*
کیا روزے کی حالت میں جھاگ والی مسواک کر سکتے ہیں ؟
*جواب :*
روزہ کی حالت میں ہر قسم کی مسواک کرسکتے ہیں، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا بلکہ جس طرح عام دنوں میں مسواک کرنا سنت ہے، اسی طرح روزہ کی حالت میں بھی سنت ہے، البتہ اگر روزہ دار ہونا یاد ہو اور مسواک چبانے سے ریشے ٹوٹیں یا ذائقہ محسوس ہو تو مسواک کرنے سے بچنا چاہئے۔
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 511، رضا فاؤنڈیشن لاہور، فتاویٰ اہلسنت، احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 14، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال نمبر 163:*
ایک شخص شوگر، بلڈ پریشر اور گرد ے کا مریض ہے، روزہ نہیں رکھ سکتا، اس کے لئے کیا حکم ہے ؟ اس کے ایک روزے کا فدیہ کیا ہو گا اور پورے رمضان کے روزوں کے فدیہ کی کتنی رقم بنتی ہے ؟
*جواب :*
روزہ کی بجائے اس کا فدیہ ادا کرنے کا حکم شیخِ فانی کیلئے ہے، مریض کیلئے نہیں۔ 
شیخِ فانی وہ شخص ہے کہ جو بڑھاپے کے سبب اتنا کمزور ہو چکا ہو کہ حقیقتاً روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو، نہ سردی میں نہ گرمی میں، نہ لگاتار نہ متفرق طور پر اور نہ ہی آئندہ زمانے میں روزہ رکھنے کی طاقت ہو۔
کسی بیماری میں مبتلا ہونا بھی روزے چھوڑنے کا عذر نہیں، بہت سے شوگر و گردے کے مرض والے بھی روزہ رکھتے ہیں، ہاں البتہ مَرض اتنا شدید ہے کہ روزہ رکھنا اس کے لئے نقصان کا باعث ہے تو حصولِ صحت تک اسے روزہ قضا کرنے کی اجازت ہے اور اس کے بدلے اگر مسکین کو کھانا دے تو مستحب ہے، تاہم یہ کھانا اس کے روزے کا بدلہ نہیں ہوگا بلکہ صحت مند ہونے پر ان روزوں کی قضا لازم ہے۔ 
ہاں البتہ اگر اسی مرض ہی کی حالت میں بڑھاپے کی عمر میں پہنچ گیا اور اس بڑھاپے کی وجہ سے فی الحال یا آئندہ روزہ رکھنے کی استطاعت نہ رہے تو ایسا شخص شیخِ فانی ہے، اب اس صورت میں قضا شدہ روزوں کا فدیہ ادا کرے اور ہر ایک روزہ کا فدیہ صدقۂ فطر کی مقدار کے برابر ہے اور ایک صدقۂ فطر کی مقدار تقریباً 1920 گرام (یعنی دو کلو میں اَسّی گرام کم) گندم، آٹا، ستو یا اس کی رقم ہے۔ 
اور اگر شیخِ فانی کی تعریف میں داخل نہ ہوا تو ورثاء کو قضاء شدہ روزوں کے بدلے میں فدیہ ادا کرنے کی وصیت کرے۔
اگر مذکورہ شخص کے لئے روزہ رکھنا باعثِ نقصان نہیں، اگرچہ صحت مند کے مقابلے میں تھوڑی مشقت زیادہ ہوتی ہو تو ایسی صورت میں رمضان کے روزے رکھنا فرض اور چھوڑ دینے کی صورت میں شدید گناہ اور ان کی قضاء کرنا لازم ہو گا۔اور اگر روزہ باعثِ نقصان ہے تو فی الحال روزے چھوڑ کر بیماری چلے جانے کی صورت میں ان روزوں کو قضاء کرنا لازم ہوگا، ان کے بدلے میں فدیہ دینے سے فدیہ ادا نہ ہوگا۔
*(فتاویٰ اہلسنت، احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 21، 22، 23، 24، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 164:*
اگر سحری کے وقت کسی عورت کا حیض ختم ہوگیا اور اس نے سحری کر کے روزہ رکھ لیا لیکن سحری کے وقت غسل نہ کیا تو کیا روزہ ہو جائے گا ؟
*جواب :*
اگر سحری کے وقت کسی عورت کا حیض ختم ہو گیا اور اس نے سحری کر کے روزہ رکھ لیا لیکن سحری کے وقت غسل نہ کیا تو اس کا روزہ ہوجائے گا۔
*(ماخوذ از فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، جلد 1، صفحہ 207، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارشریعت، جلد 1، حصہ دوم، صفحہ 381، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاوی یورپ، صفحہ 309، شبیر برادرز لاہور)*
*نوٹ :*
ایسی عورت کے لئے سحری کے وقت نہانا بہتر ہے، اور اگر نہ نہائے اور فجر کے وقت نہا کر نماز ادا کرلے تب بھی جائز ہے۔
*(بہارشریعت، جلد 1، حصہ دوم، صفحہ 381، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 165:*
اگر کوئی عورت سحری کے وقت حیض سے پاک ہو جائے تو کیا اس دن کا روزہ رکھنا اس پر فرض ہوگا ؟ 
*جواب :*
اس مسئلے کی تین صورتیں بنتی ہیں :
1- اگر حائضہ عورت پورے دس دن پر پاک ہوئی تو اگرچہ سحری کے وقت میں ایک بار بھی ﷲ اکبر کہنے کا وقت نہ ملے تو اس دن کا روزہ رکھنا اس پر فرض ہوگا۔
2- اور اگر حائضہ عورت دس دن سے کم میں پاک ہوئی اور اتنا وقت ہے کہ صبحِ صادق طلوع ہونے سے پہلے نہا کر، کپڑے پہن کر، ﷲ اکبر کہہ سکتی ہے تب بھی اس دن کا روزہ رکھنا اس پر فرض ہے، 
(اگر سحری کے وقت نہا لے تو بہتر ہے ورنہ نہائے بغیر روزے کی نیت کر لے اور صبح کو نہالے)۔ 
3- اور اگر حائضہ عورت دس دن سے کم میں پاک ہوئی اور اتنا وقت بھی نہیں بچا کہ طلوعِ صبحِ صادق سے پہلے پہلے نہا کر، کپڑے پہن کر، اللہ اکبر کہہ سکے تو اس دن کا روزہ رکھنا اس پر فرض نہ ہوا، لیکن روزہ داروں کی طرح رہنا بھوکا پیاسا رہنا اس پر واجب ہے، اگر کھائے پیئے گی تو گناہگار ہوگی۔
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، جلد 1، صفحہ 207، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارشریعت، جلد 1، حصہ دوم، صفحہ 381، 382، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 166:*
اگر کسی عورت کو استحاضہ کی شکایت ہو تو کیا وہ رمضان المبارک کا روزہ رکھ سکتی ہے ؟ 
*جواب :*
اگر کسی عورت کو استحاضہ کی شکایت ہو (یعنی اسے بیماری کا خون آرہا ہو) تو اس پر رمضان المبارک کا روزہ رکھنا فرض ہے، بیماری کے خون کی وجہ سے روزہ نہیں چھوڑ سکتی۔
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الطھارۃ، الباب السادس فی الدماء المختصۃ بالنساء، الفصل الرابع، جلد 1، صفحہ 39، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارشریعت، جلد 1، حصہ دوم، صفحہ 385، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 167:*
رمضان المبارک میں شادی کرنا کیسا ہے ؟
*جواب :*
چونکہ شادی کرنا شرعاً کسی بھی مہینے میں منع نہیں ہے، لہذا رمضان المبارک میں شادی کرنا بالکل جائز ہے۔
*(جامع ترمذی، ابواب اللباس، باب ماجاء فی لبس الفرآء، جلد 1، صفحہ 435، مکتبہ رحمانیہ لاہور)*
*سوال 168:*
اگر کوئی بندہ روزے کے دوران رو پڑے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب :*
روزے کے دوران رونے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ اگر رونے کی وجہ سے آنسو نکلے اور وہ منہ میں چلے گئے اور رونے والے روزہ دار نے انہیں روزہ یاد ہونے کے باوجود نگل لیا تو اگر آنسو ایک قطرہ یا دو قطرہ ہوں تو روزہ نہیں ٹوٹے گیا اور اگر آنسو ایک دو قطرے سے زیادہ ہوں اور ان کی نمکینی پورے منہ میں محسوس ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و ما لایفسد، جلد 1، صفحہ 203، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 988، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 169:*
اگر کسی پر غسل فرض تھا اور غسل کیے بغیر اسی حالت میں صبح کی تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب :*
اگر کسی نے غسل فرض ہونے کی حالت میں صبح کی بلکہ اگر سارا دن بھی بے غسلا رہا تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا مگر اتنی دیر تک جان بوجھ کر غسل نہ کرنا کہ نماز قضا ہو جائے گناہ و حرام ہے۔ 
حدیثِ پاک میں فرمایا : 
"کہ بےغسلا جس گھر میں ہوتا ہے، اس میں رحمت کے فرشتے نہیں آتے۔"
*(سنن أبي داود، کتاب الطہارۃ، باب في الجنب یؤخر الغسل، رقم الحدیث : 227، جلد 1، صفحہ 109، دار احیاء التراث العربی بیروت، ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم وما لا یفسدہ، جلد 3، صفحہ 428، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 170:*
اگر کسی روزہ دار کو خودبخود قے (الٹی) آئی اور اس نے یہ سمجھ کر کھا پی لیا کہ اس الٹی سے میرا روزہ ٹوٹ گیا ہے تو کیا ایسے شخص پر اس روزے کی صرف قضا لازم ہوگی یا قضاء کے ساتھ ساتھ کفارہ بھی لازم ہو جائے گا ؟
*جواب :*
ایسے شخص پر صرف قضا لازم ہوگی، کفارہ لازم نہ ہوگا البتہ جب الٹی کے بعد جان بوجھ کر کھانا کھا لیا تو اس نے روزہ توڑ دیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر احترامِ رمضان کی وجہ سے روزہ داروں کی طرح کھانے پینے سے رُکے رہنا اس پر واجب ہے، لہٰذا اگر دن بھر کھاتا پیتا رہا تو اس کھانے پینے کی وجہ سے گنہگار ہوگا، جس سے اسے توبہ کرنی ہوگی۔
*(مختصر فتاویٰ اہل سنت، صفحہ 95، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 171:*
روزے کی حالت میں گھی سونگھنے سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں ؟ 
*جواب :*
روزے کی حالت میں گھی سونگھنے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم ،باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 455، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 139، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 172:*
آج کل کرونا وائرس سے حفاظت کے لیے مختلف مقامات پر سینی ٹائزر گیٹ نصب کیے گئے ہیں، گزرنے والے روزے کی حالت میں اس میں سے گزرتے ہیں اور اس کے اجزاء حلق میں چلے جاتے ہیں، ان کا ذائقہ بھی حلق میں محسوس ہوتاہے، تو روزے کی حالت میں یہ جانتے ہوئے کہ میرا روزہ ہے، ایسے گیٹ میں سے کوئی گزرا اور اس کے ذرات اس کے حلق میں پہنچ گئے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب :*
اس مسئلے کی درج ذیل تین صورتیں ہیں :
1- اگر روزہ دار نے سینی ٹائزر گیٹ میں سے گزرتے ہوئے قصداً اس کے ذرات کو کھینچ کر حلق تک نہ پہنچایا بلکہ خود بخود اس کے ذرات حلق تک پہنچے تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا اگرچہ اسے روزہ دار ہونا یاد ہو۔
2- اگر روزہ دار نے قصداً کھینچ کر حلق تک اس کے ذرات پہنچائے لیکن  کھینچتے وقت اسے اپنا روزہ دار ہونا یاد نہ تھا تو اس صورت میں بھی اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ 
3- اگر کسی روزہ دار نے قصداً اس کے ذرات کو کھینچ کر حلق تک پہنچایا اور اس وقت اسے اپنا روزہ دار ہونا بھی یاد تھا تو اس کا روزہ ٹوٹ گیا۔
*(مجمع الانھر شرح ملتقی الابحر، کتاب الصوم، جلد 1، صفحہ 361، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 489 تا494، 496، 497، 503، رضا فاونڈیشن لاہور، فتوی نمبر : Lar-9674، تاریخ اجراء : 07 رمضان المبارک 1441ھ/01 مئی2020ء، دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت، دعوت اسلامی)*
*سوال 173 :*
روزے کی حالت میں گانا سننا کیسا ہے ؟
*جواب :*
روزے کی حالت میں گانا سننا م
ناجائز و حرام ہے اور اس سے روزے کی روحانیت ختم ہوجائے گی، البتہ فقہی اعتبار سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
*(سورہ لقمان : 6، تفسير ابن كثير، جلد 6، صفحہ 330، مطبوعہ دار طيبة، سنن ابن ماجہ، عربی اردو جلد 1، باب الغناء و الدف، رقم الحدیث : 1970، صفحہ 533، فرید بک سٹال لاہور، مشكوة المصابيح، بہار شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 984، 996، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 174:*
رمضان المبارک میں شادی کا جو وظیفہ امیرِ اہلسنّت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہ العالیہ نے عطاء فرمایا ہے، وہ کون سا ہے، اس کا مکمل طریقہ کار بیان کر دیں ؟ 
*جواب :*
رمضان المبارک میں شادی کا جو وظیفہ امیرِ اہلسنّت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہ العالیہ نے عطاء فرمایا ہے، اس کی تفصیل درج ذیل ہے :
"رمضان المبارک کی بارہویں شب یعنی گیارہویں اور بارہویں روزے کی درمیانی رات نمازِ عشاء کے بعد بارہ (12) رکعات نوافل، دو (2) دو (2) رکعتیں کر کے اس طرح پڑھیں کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ سورہ اخلاص (یعنی قل ھواللہ شریف) پڑھیں، بارہ رکعات نوافل پڑھنے کے بعد سو (100) مرتبہ کوئی سا بھی درودِ پاک پڑھیں، پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نوافل اور درودِ پاک کے ثواب کا نذرانہ پیش کریں، پھر اللہ پاک کی بارگاہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلہ سے انتہائی عاجزی کے ساتھ اور ہوسکے تو روتے ہوئے کم از کم بارہ (12) منٹ اپنے لئے یا اپنے بہن بھائیوں یا اولاد کے لئے اچھے رشتے کی دعا کیجیے، ان شاءالله اگلے رمضان المبارک سے پہلے پہلے مراد پوری ہوجائے گی۔"
*(مدنی مذاکرہ، 9 رمضان المبارک 1436 بمطابق 26 جون 2015)*
*سوال 175:*
شدید گرمی کے سبب بہت زیادہ پسینہ نکلنے کی وجہ سے انسانی جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہو جائے تو کیا روزہ چھوڑ سکتے ہیں اور اگر روزہ رکھا ہوا ہو تو کیا روزہ توڑ سکتے ہیں ؟ 
*جواب :*
گزشتہ چند سالوں سے ماہِ رمضان میں شدید گرمی ہوتی ہے، جسے ''Heat Stroke‘‘ یا ''Heat Wave‘‘ کا نام دیا گیا ہے، بہت زیادہ پسینہ نکلنے کی وجہ سے انسانی جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہو جاتی ہے، جسے طبی زبان میں Dehideration کہتے ہیں، تو ایسے حالات میں جب کسی شخص کے لیے بیماری کے خطرناک بن جانے یا روزے دار کی جان ضائع ہونے کا ظَنِّ غالب ہو جائے تو روزہ چھوڑنا یا توڑنا نہ صرف جائز بلکہ واجب ہوگا، کیونکہ اس کی تائید میں احادیثِ مبارَکہ، آئمۂ مجتہدین اور فقہائے امت کے اقوال موجود ہیں، ایسی صورت میں روزہ توڑنے پر صرف قضا لازم ہو گی، کفارہ لازم نہیں ہو گا۔
*(صحیح مسلم، رقم الحدیث : 1115، مسند احمد بن حنبل، رقم الحدیث : 5392، 5866، ردالمحتار علی الدرالمختار، جلد 6، صفحہ 356، بدائع الصنائع، جلد 2، صفحہ 142)*
*سوال 176:*
کیا کرونا ویکسین لگانے سے روزہ ٹوٹ جائے گا؟
*جواب :*
سوال
چونکہ کرونا ویکسین انجیکشن کے ذریعے لگائی جاتی ہے، لہٰذا کرونا ویکسین لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
*(فتاویٰ عالمگیری، كتاب الصوم، الباب الرابع فيما يفسد و ما لايفسد، جلد 1، صفحہ 203، مكتبہ رشيديہ کوئٹہ، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی نوریہ، جلد 2، صفحہ 217 تا 235، دارالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیرپور اوکاڑہ، فتاویٰ شارح بخاری، جلد 1، صفحہ 41، 42، مکتبہ برکات المدینہ کراچی، فتاوی فیض رسول، جلد 1، صفحہ 516 ،517، 518، شبیر برادرز لاہور، فتاوی یورپ، صفحہ 305، 306، 307، 308، شبیر برادرز لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 362، 363، شبیر برادرز لاہور، فتاویٰ فقیہ ملت، جلد 1، صفحہ 344، 345، شبیر برادرز لاہور، فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 10، 11، 12، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 341، 342، 343، 344، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان، ماہنامہ اشرفیہ جنوری 2016)*
*سوال 177:*
اگر شوگر کے مریض کا شوگر لیول کم ہو جائے اور چینی کے شربت سے کلیاں کرے تو چینی زبان سے خون میں شامل ہو جاتی ہے اور اس کا شوگر لیول نارمل ہو جاتا ہے تو کیا روزہ دار روزے کی حالت میں شوگر کا لیول نارمل کرنے کے لئے چینی کی شربت سے کلیاں کر سکتا ہے ؟ 
*جواب :*
اگر روزہ دار روزے کی حالت میں شوگر کا لیول بڑھانے کے لئے چینی کا شربت بنا کر کلیاں کرے اور شربت حلق سے نیچے نہ اترے تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا، لیکن اگر روزہ یاد ہونے کی حالت ميں کلیاں کیں اور شربت حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
*(فتاویٰ عالمگیری، كتاب الصوم، الباب الرابع فيما يفسد و ما لايفسد، جلد 1، صفحہ 203، مكتبہ رشيديہ کوئٹہ)*
*سوال 178:*
کیا روزے کی حالت میں نیکوٹن پیچ (Nicotine Patch) لگانے سے روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ 
*جواب :*
روزے کی حالت میں نیکوٹن پیچ (Nicotine Patch) لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ یہ سَنی پَلَس اور بینڈِج وغیرہ کی طرح ہوتی ہے جسے جسم میں نیکوٹین ریلیز کرنے کے لئے جسم کے اوپر سگریٹ کے متبادل کے طور پر لگایا جاتا ہے تو چونکہ یہ دوا مساموں (یعنی انتہائی باریک سوراخوں) کے ذریعے جسم کے اندر جاتی ہے، لہٰذا اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
*(فتاویٰ عالمگیری، كتاب الصوم، الباب الرابع فيما يفسد و ما لايفسد، جلد 1، صفحہ 203، مكتبہ رشيديہ کوئٹہ)*
*سوال 179:*
روزے کی حالت میں زخم پر ٹانکے لگوانا کیسا ہے ؟ 
*جواب :*
روزے کی حالت میں ٹانکے لگوانا بالکل جائز ہے، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
*(فتاویٰ عالمگیری، كتاب الصوم، الباب الرابع فيما يفسد و ما لايفسد، جلد 1، صفحہ 203، مكتبہ رشيديہ کوئٹہ)*
*سوال 180 :*
کیا نفلی روزے کی نیت سحری ختم ہونے کے بعد دن میں کر سکتے ہیں ؟
*جواب :*
جی ہاں! دن میں نفلی روزے کی نیت کی جا سکتی ہے، کیونکہ نفلی روزے میں رات کے وقت ہی  نیت کرنا ضروری نہیں بلکہ نفلی روزہ میں دن کے وقت ضحوۂ کبریٰ یعنی نصف النہار شرعی سے پہلے پہلے تک بھی نیت کی جا سکتی ہے لیکن اس میں یہ ضروری ہے کہ صبح صادق یعنی روزہ بند ہونے کے بعد سے ضحوۂ کبریٰ (زوال) تک روزہ توڑنے والی کوئی چیز نہ پائی گئی ہو اور نیت بھی یہ کی جائے کہ میں صبح صادق سے روزہ دار ہوں اور اگر یہ نیت کی کہ اب سے روزہ دار ہوں، صبح سے نہیں،تو روزہ نہ ہوا۔
*(ردالمحتار علی الدرالمختار، جلد 3، صفحہ 393، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 967 تا 969، مکتبۃ المدینہ کراچی، دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت، فتوی نمبر : Sar-6112، تاریخ اجراء : 06 شعبان المعظم 1439ھ 23 اپریل 2018ء، )*