یہ ایک خالص اسلامی بلاگ ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر مختلف اسلامی موضوعات پر وقتاً فوقتاً مواد شائع کیا جاتا ہے۔ اس بلاگ ویب سائٹ کا واحد مقصد اس پُر فتن دور میں دین کی صحیح معلومات کو پھیلانا اور اسلامی شعار کو محفوظ رکھنا ہے نوٹ: ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے مضامین میں حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے ویب سائٹ اس بارے میں ذمہ دار نہیں۔ شُکریہ

تلاشِ موضوع

دشمنوں پر رحم کرنا اور ان کی خیر خواہی کرنا بزرگانِ دین کا طریقہ ہے



        

دشمنوں  پر رحم کرنا اور ان کی خیر خواہی کرنا بزرگانِ دین کا طریقہ ہے    
     اللہ تعالیٰ کے اولیاء کا طریقہ یہ ہے کہ وہ غصہ پی جاتے ہیں  اور اپنے دشمنوں  پر بھی رحم فرماتے ہیں یہی ایک کامل مومن اور  مُبَلِّغ اسلام کی شان کے لائق  ہے کہ وہ لوگوں  کی دشمنی اور مخالفت کی طرف توجہ نہ کرے بلکہ ہر حال میں  ان کا خیر خواہ رہے اور ان کی اصلاح کی دعا کرتا رہے۔ اسی مناسبت سے یہاں  دشمنوں  پر رحم اور ان کی خیر خواہی کرنے سے متعلق تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سیرت سے 3واقعات اور خود کو تکلیف پہنچانے والوں  کی خیرخواہی کرنے سے متعلق دیگر بزرگانِ دین کے دوواقعات ملاحظہ ہوں ،    

(1)…     ایک مرتبہ امُّ المومنین حضرت عائشہ   رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا نے حضورِاقدس  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ     سے دریافت کیا :     یا  رسولَ اللہ  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ، کیا جنگ ِاُحد کے دن سے بھی زیادہ سخت کوئی دن آپ پر گزرا ہے؟ ارشاد فرمایا’’ ہاں ، اے عائشہ!     رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا ، وہ دن میرے لئے جنگ ِاُحد کے دن سے بھی زیادہ سخت تھا جب میں  نے طائف میں  وہاں  کے ایک سردار ’’ابنِ عبد یالیل بن عبد کلال‘‘ کو اسلام کی دعوت دی۔ اس نے دعوتِ اسلام کو حقارت کے ساتھ ٹھکرا دیا     (اور اہلِ طائف نے مجھ پر پتھراؤ کیا)  میں  اس رنج و غم میں  سرجھکائے چلتا رہایہاں  تک کہ مقام ’’  قَرنُ الثّعالب ‘‘ میں  پہنچ کر میرے ہوش و حواس بجا ہوئے ۔وہاں  پہنچ کر جب میں  نے سر اٹھایا تو کیا دیکھتا ہوں  کہ ایک بدلی مجھ پر سایہ کئے ہوئے ہے، اس بادل میں  سے حضرت جبریل عَلَیْہِ السَّلَام نے مجھے آواز دی اور کہا:     اللہ تعالیٰ نے آپ کی قوم کا قول اور ان کا جواب سن لیا اور اب آپ کی خدمت میں  پہاڑوں  کا فرشتہ حاضر ہے ۔ تاکہ وہ آپ کے حکم کی تعمیل کرے۔ حضورِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ     کا بیان ہے کہ پہاڑوں  کا مجھے سلام کرکے عرض کرنے لگا :  یا رسولَ   اللہ  !  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   اللہ  تعالیٰ نے آپ کی قوم کا قول اور انہوں  نے آپ کو جو جواب دیا ہے وہ سب کچھ سن لیا ہے اور مجھ کو آپ کی خدمت میں  بھیجا ہے تا کہ آپ مجھے جو چاہیں  حکم دیں  اور میں  آپ کا حکم بجا لاؤں ۔ اگر آپ چاہتے ہیں  کہ میں’’    اَخْشَبَیْن    ‘‘     (ابو قُبَیس اورقُعَیْقِعان نام کے)     دونوں  پہاڑوں  کو ان کفار پر اُلٹ دوں  تو میں  اُلٹ دیتاہوں ۔ یہ سن کر حضور رحمت ِعالَم     صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے جواب دیا: (نہیں ) بلکہ میں  امید کرتا ہوں  کہ  اللہ تعالیٰ ان کی نسلوں  سے اپنے ایسے بندوں  کو پیدا فرمائے گا جو صرف  اللہ تعالیٰ کی ہی عبادت کریں  گے اور شرک نہیں  کریں  گے۔    (     بخاری، کتاب بدء الخلق، باب اذا قال احدکم: آمین والملائکۃ فی السمائ۔۔۔ الخ،     ۲     /     ۳۸۶    ، الحدیث:     ۳۲۳۱    )    
(2)…    حضرت سہل بن سعد   رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ     فرماتے ہیں  :جس وقت نبی کریم     صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کے مُقَدّس دانت شہید ہوئے ،آپ کا چہرہ مبارک زخمی ہوا اور خود آپ کے سر مبارک پر ٹوٹ گیا اس وقت میں  وہاں  حاضر تھااور میں  انہیں  بھی جانتا ہوں  جنہوں  نے آپ کے چہرے سے خون دھویا اور جنہوں  نے چہرے پر پانی ڈالا اور میں  یہ بھی جانتا ہوں  کہ آپ کے زخم پر کیا چیز ڈالی گئی جس سے خون رک گیا۔     اللہ     تعالیٰ کے رسول محمد مصطفٰی  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کی شہزادی حضرت فاطمہ زہرا     رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا  چہرے سے خون دھو رہی تھیں  اور حضرت علی المرتضیٰ     کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم ان کے پاس اپنی ڈھال میں  پانی بھر بھر کر لا رہے تھے،جب حضرت فاطمہ     رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا     نے اپنے والد گرامی کے چہرے سے خون دھو لیا تو کھجور کی چٹائی کا ایک ٹکڑا جلایا اور اس کی راکھ زخم پر رکھ دی یہاں  تک کہ خون بہنا رک گیا، پھر اس وقت سیّد المرسَلین  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ     نے ارشاد فرمایا’’اس قوم پر اللہ  تعالیٰ کا غضب شدید ہوا جس نے  رسولُ اللہ  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ     کے چہرے کو زخمی کیا ،پھر کچھ دیر ٹھہرنے کے بعد دعا فرمائی : اے اللہ  عَزَّوَجَلَّ  ، میری قوم کو بخش دے کیونکہ وہ مجھے نہیں  جانتے ۔    (     معجم الکبیر، زہرۃ بن عمرو بن معبد التیمی عن ابی حزام،     ۶     /     ۱۶۲    ، الحدیث:     ۵۸۶۲    )    
(3)…     حضرت جابر  رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ  فرماتے ہیں :     (غزوہِ طائف کے دوران کچھ)   لوگوں  نے عرض کی:     یا         رسولَ  اللہ  !  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ    ، ثقی
 کے تیروں  نے ہمیں  جلا ڈالا ہے ،آپ ان کے خلاف دعا فرما دیں  تو رسولِ کریم   صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ     نے     (ان کے خلاف دعا کرنے کی بجائے ان کے حق میں  یہ)     دعا فرمائی: اے  اللہ !  عَزَّوَجَلَّ    ، ثقیف کو ہدایت دیدے۔    (    ترمذی، کتاب المناقب، باب مناقب فی ثقیف وبنی حنیفۃ،     ۵     /     ۴۹۲    ، الحدیث:     ۳۹۶۸    )    
(4)…     حضرت ابراہیم بن ادھم  رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ     ایک دن کسی صحرا کی طرف تشریف لے گئے تو وہاں  آپ کو ایک سپاہی ملا، اس نے کہا :تم غلام ہو؟ آپ نے فرمایا :ہاں ۔ اس نے کہا: بستی کدھر ہے؟ آپ نے قبرستان کی طرف اشارہ فرما دیا۔ سپاہی نے کہا میں  آبادی کے بارے میں  پوچھ رہا ہوں ۔ آپ نے فرمایا: وہ تو قبرستان ہے ، یہ سن کر اسے غصہ آیا اور اس نے ایک ڈنڈا آپ کے سر میں  دے مارا اور آپ کو زخمی کرکے شہر کی طرف لے آیا ،آپ کے ساتھی راستے میں  ملے تو پوچھا :یہ کیا ہوا؟ سپاہی نے سب کچھ بیان کر دیا کہ انہوں  نے یہ بات کہی ہے۔ لوگوں  نے کہا: یہ تو حضرت ابراہیم بن ادھم رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ  ہیں ۔ یہ سن کر سپاہی فوراًگھوڑے سے اترا اور آپ کے ہاتھوں  اور پاؤں  کو چومنے لگا، پھر آپ سے پوچھا گیا : آپ نے یہ کیوں  کہا کہ میں  غلام ہوں ؟ فرمایا: اس نے مجھ سے یہ نہیں  پوچھا کہ تو کس کا بندہ ہے بلکہ صرف یہ کہا کہ تو بندہ ہے؟ تو میں  نے کہا: ہاں ، کیو نکہ میں  اللہ  تعالیٰ کا بندہ ہوں  اور جب اس نے میرے سر میں  مارا تو میں  نے     اللہ     تعالیٰ سے اس کے لئے جنت کا سوال کیا۔ عرض کی گئی: جب اس نے آپ پر ظلم کیا تو آپ نے اس کے لئے دعا کیوں  مانگی؟ فر مایا: مجھے معلوم تھا کہ اس مصیبت پر مجھے (صبر کرنے کا) ثواب ملے گا تو میں  نے مناسب نہ سمجھا کہ مجھے تو اچھا اجر ملے اور اُسے عذاب ہو (جو میرے لئے ثواب پانے کا ذریعہ بنا ہے)۔    (     احیاء علوم الدین، کتاب ریاضۃ النفس۔۔۔ الخ، بیان علامات حسن الخلق،     ۳     /     ۸۷    )    
(5)…    ایک شخص نے حضرت احنف بن قیس     رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ کو گالی دی تو آپ نے اسے کوئی جواب نہ دیا،وہ گالیاں  دیتے ہوئے آپ کے پیچھے چلتا رہا،جب آپ اپنے محلے کے قریب پہنچے تو رک گئے اور فرمایا:اگر تمہارے دل میں  کوئی اور بات ہے تو وہ بھی یہیں  کہہ دو تاکہ محلے کے ناسمجھ لوگ تمہاری بات سن کر تمہیں  اَذِیَّت نہ پہنچائیں ۔    (     احیاء علوم الدین، کتاب ریاضۃ النفس۔۔۔ الخ، بیان علامات حسن الخلق،     ۳     /     ۸۸    )    
اللہ تعالیٰ ان بزرگانِ دین کی پاکیزہ سیرت کا صدقہ ہمیں  بھی اپنی مخالفت کرنے اور تکلیف پہنچانے والوں  کی خیر خواہی کرنے اور ان کے حق میں  دعائے خیر کرنے کی توفیق عطا فرمائے،اٰمین۔    
دشمنی ،ظلم اور مخالفت کرنے والوں  سے متعلق اسلام کی حسین تعلیمات:    
جن لوگوں  کے ساتھ دشمنی اور مخالفت کی جاتی ہے اور جن پر ظلم و ستم کیا جاتا ہے انہیں  دشمنوں  ،مخالفوں  اور ظالموں  کے بارے میں  دین ِاسلام نے کیسی عظیم اور حسین تعلیمات دی ہیں  اس کی جھلک ملاحظہ ہو،چنانچہ     اللہ     تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:     
’’    یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا كُوْنُوْا قَوّٰمِیْنَ لِلّٰهِ شُهَدَآءَ بِالْقِسْطِ٘-وَ لَا یَجْرِمَنَّكُمْ شَنَاٰنُ قَوْمٍ عَلٰۤى اَلَّا تَعْدِلُوْاؕ-اِعْدِلُوْا-   هُوَ اَقْرَبُ لِلتَّقْوٰى٘-وَ اتَّقُوا اللّٰهَؕ-اِنَّ اللّٰهَ خَبِیْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ    ‘‘    (    مائدہ:    ۸    )    
ترجمہ  کنزُالعِرفان    : اے ایمان والو! انصاف کے ساتھ گواہی دیتے ہوئے   اللہ  کے حکم پر خوب قائم ہوجاؤ اور تمہیں  کسی قوم کی عداوت اس پر نہ اُبھارے کہ تم انصاف نہ کرو (بلکہ) انصاف کرو، یہ پرہیزگاری کے زیادہ قریب ہے اور  اللہ  سے ڈرو، بیشک اللہ  تمہارے تمام اعمال سے خبردار ہے۔    
اور ارشاد فرماتا ہے:    
’’    وَ لَا تَسْتَوِی الْحَسَنَةُ وَ لَا السَّیِّئَةُؕ-اِدْفَعْ بِالَّتِیْ هِیَ اَحْسَنُ فَاِذَا الَّذِیْ بَیْنَكَ وَ بَیْنَهٗ عَدَاوَةٌ كَاَنَّهٗ وَلِیٌّ حَمِیْمٌ(    ۳۴)    وَ مَا یُلَقّٰىهَاۤ اِلَّا الَّذِیْنَ صَبَرُوْاۚ-وَ مَا یُلَقّٰىهَاۤ اِلَّا ذُوْ حَظٍّ عَظِیْمٍ    ‘‘    (    حم السجدہ:    ۳۴    ،    ۳۵    )    
ترجمہ کنزُالعِرفان    : اور اچھائی اور برائی برابر نہیں  ہوسکتی۔ برائی کو بھلائی کے ساتھ دور کردو تو تمہارے اور جس شخص کے درمیان دشمنی ہوگی تو اس وقت وہ ایسا ہوجائے گا کہ جیسے وہ گہرا دوست ہے۔ اور یہ دولت صبر کرنے والوں  کو ہی ملتی ہے اور یہ دولت بڑے نصیب والے کو ہی ملتی ہے۔    
اور حضرت ابو ہریرہ  رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ  سے روایت ہے،نبی کریم     صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جس میں  تین چیزیں  ہوں گی     اللہ     تعالیٰ اس کا آسان حساب لے گا اور اسے جنت میں  داخل فرمائے گا ۔میں  نے عرض کی:  یا  رسولَ اللہ  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ    ، وہ تین چیزیں  کون سی ہیں  ؟ارشاد فرمایا’’جو تم سے رشتہ توڑے تم اس سے رشتہ جوڑو،جو تمہیں  محروم کرے تم اسے عطا کرو اور جو تم پر ظلم کرے تم اسے معاف کر دو۔    (     معجم الاوسط، باب الالف، من اسمہ: احمد،     ۱     /     ۲۶۳    ، الحدیث:     ۹۰۹    )    
اورحضرت علی المرتضیٰ  کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے روایت ہے،حضورِ اَقدس  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ     نے ارشاد فرمایا’’جو شخص تم سے تعلق توڑے تم اس کے ساتھ تعلق جوڑو اور جو تم سے برا سلوک کرے تم اس سے اچھا سلوک کرو اور حق بات کہو اگرچہ وہ تمہارے خلاف ہو۔    (    کنزالعمال،کتاب الاخلاق،قسم الاقوال،صلۃ الرحم والترغیب فیہا۔۔۔الخ،    ۲     /     ۱۴۵    ،الحدیث:     ۶۹۲۶    ، الجزء الثالث    )    
دین ِاسلام کی ان عظیم الشّان تعلیمات کو دیکھ کر ہر انصاف پسند آسانی کے ساتھ سمجھ سکتا ہے کہ جو دین دشمنی، مخالفت اور ظلم کرنے والوں  کے بارے ایسی بہترین تعلیم دے رہا ہے اس سے بڑاامن و سلامتی کا داعی دین اور کون ہو سکتا ہے۔    
زیادہ بہتر اَحکام پر عمل کرنے والے بشارت کے مستحق ہیں : 
              قرآن و حدیث میں   مسلمانوں   کو جو احکام دئیے گئے ہیں  ان میں ثواب کے اعتبار سے فرق ہے ، یوں   بعض اعمال بعض سے بہتر ہیں   ،جیسے تنگدست مقروض کو آسانی آنے تک مہلت دینا اور قرض معاف کر دینا دونوں   بہتر ہیں   لیکن قرض معاف کردینا مہلت دینے سے زیادہ بہتر ہے جیسا کہ  اللہ  تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : 
’’  وَ اِنْ كَانَ ذُوْ عُسْرَةٍ فَنَظِرَةٌ اِلٰى مَیْسَرَةٍؕ-وَ اَنْ تَصَدَّقُوْا خَیْرٌ لَّكُمْ اِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ ‘‘ ( بقرہ: ۲۸۰ ) 
ترجمہ ٔ کنزُالعِرفان : اور اگر مقروض تنگدست ہو تو اسے آسانی تک مہلت دو اور تمہارا قرض کوصدقہ کردینا تمہارےلئے سب سے بہتر ہے اگر تم جان لو۔ 
              اسی طرح جیسی کسی نے تکلیف پہنچائی ویسی اسے سزا دینا اور صبر کرنا دونو ں جائز ہیں   لیکن صبر کرنا سزا دینے سے زیادہ بہتر ہے جیسا کہ  اللہ  تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : 
’’ وَ اِنْ عَاقَبْتُمْ فَعَاقِبُوْا بِمِثْلِ مَا عُوْقِبْتُمْ بِهٖؕ-وَ لَىٕنْ صَبَرْتُمْ لَهُوَ خَیْرٌ لِّلصّٰبِرِیْنَ ‘‘ ( نحل: ۱۲۶ ) 
ترجمہ ٔ کنزُالعِرفان : اور اگر تم  (کسی کو) سزا دینے لگو تو ایسی ہی  سزا دو جیسی تمہیں   تکلیف پہنچائی گئی ہو اور اگر تم صبر کرو تو بیشک صبر والوں   کیلئے صبر سب سے بہتر ہے۔ 
              یونہی سب سے بہتر نیک عمل وہ ہے جو اِستقامت کے ساتھ ہو اگرچہ تھوڑا ہی کیوں   نہ ہو جیسا کہ حضرت ابو ہریرہ   رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ   سے روایت ہے، نبی کریم   صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   نے ارشاد فرمایا’’ تم اتنے عمل کی عادت بناؤ جتنے کی تم طاقت رکھتے ہو،پس بہترین عمل وہ ہے جو ہمیشہ ہو اگرچہ کم ہی ہو۔ (  ابن ماجہ، کتاب الزہد، باب المداومۃ علی العمل،  ۴  /  ۴۸۷ ، الحدیث:  ۴۲۴۰ ) 
              جولوگ جائز احکام پر عمل کرتے ہیں   وہ ملامت کے مستحق نہیں   اورجو ثواب کے کام کرتے ہیں  وہ قابلِ تعریف ہیں   لیکن جو زیادہ بہتر اعمال بجالاتے ہیں   وہ زیادہ ثواب کے مستحق اور زیادہ قابلِ تعریف ہیں ۔
ظالم کو معاف کردینے کے فضائل:     
  برائی کے برابر بدلہ لینا اگرچہ جائز ہے لیکن بدلہ نہ لینا اور معاف کر دینا افضل ہے۔ ترغیب کے لئے یہاں  ظالم کو معاف کر دینے کے دو فضائل ملاحظہ ہوں ،     
(1)…نبی اکرم  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ           نے ارشاد فرمایا’’ قیامت کے دن عرش کے درمیانی حصے سے ایک مُنادی اعلان کرے گا’’اے لوگو! سنو،جس کا اجراللہ تعالیٰ کے ذمہ ٔکرم پر ہے اسے چاہئے کہ وہ کھڑ اہو جائے،تو اس شخص کے علاوہ اور کوئی کھڑا نہ ہو گا جس نے     (دنیا میں )      اپنے بھائی کا جرم معاف کیا تھا۔     (     ابن عساکر، ذکر من اسمہ ربیعۃ،      ۲۱۵۹-     الربیع بن یونس بن محمد بن کیسان۔۔۔ الخ،      ۱۸ / ۸۷     )     
(2)… حضرت اُبی بن کعب           رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ           سے روایت ہے،رسولِ اکرم           صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ           نے ارشاد فرمایا: ’’جسے یہ پسند ہو کہ اس کے لئے      (جنت میں )      محل بنایا جائے اور اس کے درجات بلند کئے جائیں  تو اسے چاہئے کہ جو اس پر ظلم کرے اسے معاف کر دیا کرے ،جو اسے محروم کرے اسے عطا کیا کرے اور جو اس سے تعلق توڑے تو اس کے ساتھ صلہ رحمی کیا کرے۔     (     مستدرک، کتاب التفسیر، تفسیر سورۃ آل عمران، شرح آیۃ: کنتم خیر امّۃ۔۔۔ الخ،      ۳ / ۱۲     ، الحدیث:      ۳۲۱۵     )     
یاد رہے کہ ظالم سے بدلہ لینا ایک فطرتی تقاضا ہے اور شریعت نے ا س کی اجازت بھی دی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں  کہ کسی نے تھپڑ مارا تو اسے دو تھپڑ مارے جائیں  ،کسی نے سر پھاڑا تو اس کے سر کے ساتھ ساتھ اس کے جسم کو بھی ادھیڑ کر رکھ دیاجائے ،کسی نے بازو توڑا تو اس کے بازو کو جسم سے ہی اتار دیا جائے ،کسی نے ٹانگ توڑی تو اس کی ٹانگ ہی کاٹ دی جائے ،کسی نے قتل کر دیا تو ا س کے پورے خاندان کو ہی موت کی نیند سلا دیا جائے بلکہ جتنا اس پر ظلم ہوا اتنا ہی بدلہ لینے کی اجازت ہے اس سے زیادہ بدلہ ہر گز نہیں  لے سکتا۔   اللہ  تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :     
’’     وَ كَتَبْنَا عَلَیْهِمْ فِیْهَاۤ اَنَّ النَّفْسَ بِالنَّفْسِۙ-وَ الْعَیْنَ بِالْعَیْنِ وَ الْاَنْفَ بِالْاَنْفِ وَ الْاُذُنَ بِالْاُذُنِ وَ السِّنَّ بِالسِّنِّۙ-وَ الْجُرُوْحَ قِصَاصٌؕ-فَمَنْ تَصَدَّقَ بِهٖ فَهُوَ كَفَّارَةٌ لَّهٗؕ-وَ مَنْ لَّمْ یَحْكُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ     ‘‘     (     مائدہ:     ۴۵     )     
ترجمہ     ٔ     کنزُالعِرفان     : اور ہم نے تورات میں  ان پرلازم کردیاتھا کہ جان کے بدلے جان اور آنکھ کے بدلے آنکھ اور ناک کے بدلے ناک اور کان کے بدلے کان اور دانت کے بدلے دانت  (کا قصاص لیا جائے گا)   اور تمام زخموں  کا قصاص ہوگاپھر جو دل کی خوشی سے   (خود کو)      قصاص کے لئے پیش کردے تویہ اس کا کفارہ بن جائے گا اور جواس کے مطابق فیصلہ نہ کرے جو  اللہ نے نازل کیا تو وہی لوگ ظالم ہیں ۔     
اس آیت میں  اگرچہ یہود یوں پر قصاص کے اَحکام بیان ہوئے لیکن چونکہ ہمیں  اُن کے ترک کرنے کا حکم نہیں  دیا گیا اس لئے ہم پر بھی یہی اَحکام لازم ہیں ،لہٰذا بدلہ لینے میں  اس کی حد سے ہر گز تجاوُز نہ کیا جائے بلکہ کوشش یہی کی جائے کہ جس نے ظلم کیا اسے معاف کر دیا جائے تاکہ آخرت میں  کثیر اجر و ثواب حاصل ہونیز جہاں  بدلہ لینا بھی ہے وہاں  بھی حاکمِ وقت کے ذریعے لیا جائے گا ، نہ یہ کہ خود ہی قاضی بن گئے اور خود ہی  جَلّاد     ۔